بٹ کوائن کو ایک اور دھچکہ، ٹیسلا کا بٹ کوائن لینے سے انکار

ویب ڈیسک

حالیہ دنوں میں غیر مرئی ڈجیٹل کرنسی بٹ کوائن کو ایک اور بڑا دھچکہ لگا ہے، بجلی پر چلنے والی برقی کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کو وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے، جس کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے

کمرشل خلائی پروازیں شروع کرنے والی کمپنی اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے سی ای او ایلون مسک نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پراس بات کا اعلان کیا۔  ٹوئٹ میں ان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تحفظات کے تناظر میں ہم نے ادائیگیوں کے لیے بٹ کوائن کو وصول کرنا بند کردیا ہے اور اب صارفین بٹ کوائن کی مدد سے ٹیسلا نہیں خرید سکتے

ایلون مسک کی اس ٹوئٹ کے بعد بٹ کوائن کی قیمت میں 10 فیصد سے زائد کی کمی ہوگئی ہے اور مسلسل کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے. جب کہ دوسری جانب اس اقدام سے خود ٹیسلا کےحصص کی قیمتیں بھی گر گئی ہیں

واضح رہے کہ ٹیسلا نے رواں سال مارچ میں ہی کچھ ماہرین ماحولیات اور سرمایہ کاروں کی مخالفت کے باوجود ٹیسلا کی گاڑیوں کو بٹ کوائن کی مدد سے خریدنے کی سہولت دینے کا اعلان کیا تھا

اس سے ایک ماہ قبل ہی ٹیسلا نے ڈیڑھ ارب ڈالر کے بٹ کوائن خریدنے کا انکشاف کیا تھا۔ تاہم اب ایلون مسک کی ٹوئٹ کے بعد ٹیسلا پھر اپنی ڈگر پر واپس آگئی ہے

ایلون مسک نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ  بٹ کوائن کی مائننگ اورٹرانزیکشن میں روایتی ایندھن (فاسلز فیول)  خصوصاً کوئلے کے بڑھتے ہوئے استعمال پر ہمیں تحفظات ہیں۔ اور یہ کہ کرپٹو کرنسی ایک اچھا آئیڈیا ہے، لیکن اسے ماحولیاتی نقصان کے ساتھ نہیں برتا جا سکتا

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیسلا اپنے بٹ کوائن فروخت نہیں کرے گی، اور ہمارا ارادہ انہیں اس وقت استعمال کرنے کا ہے، جب تک اس کی مائننگ زیادہ سسٹین ایبل انرجی پر منتقل نہیں ہوجاتی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close