اسلام آباد : الیکٹرونک ووٹنگ مشین کا ماڈل تیار کرلیا گیا ہے، جس کے بعد حکومت نے انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دی ہے
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور پارلیمانی امور کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان کا گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے بارے میں دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر کہنا تھا کہ انتخابی نظام کو دھاندلی کا کینسر لاحق ہے، اب ٹیکنالوجی کے ذریعے اس کا علاج کیا جائے گا، انتخابی عمل کو شبہات اور نقائص سے پاک کرنے اور شفافیت کے لیے ٹیکنا لوجی کا استعمال ضروری ہے
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا کہ انتخابی عمل کی شفافیت کے لئے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے. الیکشن اصلاحات پر تمام جماعتیں مل بیٹھیں اور متفقہ فیصلہ کریں
فواد چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے ساتھ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ ہونے کے بعد نتیجہ صبح تک نہیں آتا، نون لیگ اور پیپلز پارٹی پرچی سے باہر آنے کو ہی تیار نہیں، مشینوں کی تیاری کے لئے الیکشن کمیشن پر بجٹ کا اضافی بوجھ نہیں پڑے گا، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے الیکٹرانک رکارڈ کے ساتھ ساتھ پیپر رکارڈ بھی ہوگا
ان کا کہنا تھا کہ ہر پولنگ اسٹیشن میں یہ مشینیں موجود ہوں گی جو انٹرنیٹ کے بغیر کام کریں گی، یہ مشینیں استعمال کرنے میں آسان ہیں.