میڈیکل میں داخلہ پالیسی پر سندھ حکومت اور پاکستان میڈیکل کمیشن مدِمقابل

نیوز ڈیسک

کراچی – پاکستان میں طبی تعلیم کا نظام چلانے والے وفاقی ادارے پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) اور سندھ حکومت کے درمیان میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے مقررہ نمبروں کے تنازعے میں صوبے کے ہزاروں طلبہ غیر یقینی صورت حال کا سامنا کر رہے ہیں

واضح رہے کہ سندھ حکومت نے انٹری ٹیسٹ میں 50 فیصد مارکس حاصل کرنے والے طلبہ کو میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلہ دینے کی ہدایت جاری کر رکھی ہے، جو کہ پی ایم سی کے مقرر کردہ میرٹ یعنی 65 فیصد سے کم ہے اور جس پر پی ایم سی نے اعتراض اٹھایا ہے

سندھ کی صوبائی کابینہ نے 2 دسمبر کو فیصلہ کیا تھا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں 50 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا، جس کے بعد 7 دسمبر کو صوبائی حکومت نے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعے شہید بےنظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کو ہدایت جاری کی کہ وہ صوبے کے تمام سرکاری اور نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے عمل کا آغاز کرے

تاہم اس کے جواب میں شہید بےنظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو لکھے گئے ایک خط میں پی ایم سی نے واضح کیا ہے کہ خلافِ ضابطہ داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ کی رجسٹریشن نہیں کی جائے گی

جبکہ پی ایم سی نے سندھ حکومت کے اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن بھی جمع کروا دی ہے

پی ایم سی نے 50 فیصد نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو داخلہ دینے کے سندھ کابینہ کے فیصلے کو پاکستان میڈیکل کمیشن ایکٹ سے متصادم اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے داخلہ دینے والے تمام نجی و سرکاری میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مراسلہ جاری کیا ہے

دوسری جانب سندھ حکومت نے پی ایم سی کی طرف سے کسی بھی اقدام کو سندھ میں قانونی سطح پر روکنے کا عزم ظاہر کیا ہے

منگل کے روز نجی میڈیکل یونیورسٹیوں اور کالجوں کے سربراہان کے ساتھ ایک ملاقات میں سندھ کی وزیرِ صحت عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ نجی کالج کی کوئی سیٹ خالی نہ رہے اور سندھ کے ڈومیسائل پر داخلے کو ترجیح دی جائے

انہوں نے صوبے میں ہی پی ایم سی کی طرز پر سندھ میڈیکل کونسل بنانے کا عزم ظاہر کیا

جبکہ اس سے قبل نومبر میں وزیر صحت سندھ عذرا پیچوہو نے پی ایم سی کو ایک خط بھی لکھا تھا، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ گذشتہ برس 2020ع میں انٹری ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس 60 فیصد مقرر کیے گئے تھے، جس کے بعد سندھ کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں 492 نشستوں پر داخلے نہیں ہوسکے تھے

خط میں کہا گیا تھا کہ رواں برس انٹری ٹیسٹ میں پاسنگ مارکس کو 60 فیصد سے بڑھا کر 65 فیصد کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے صوبے میں مزید سیٹیں خالی رہنے کا خدشہ ہے

اس خط کے جواب میں پی ایم نے یکم دسمبر کو وزیر صحت کو تحریری جواب میں کہا کہ انٹری ٹیسٹ نیشل اکیڈمک بورڈ کے مطابق لیے گئے،  جن میں 68 ہزار سے زائد طلبہ نے 65 فیصد مارکس لے کر ٹیسٹ پاس کیے، جن میں سے 7811 طلبہ سندھ سے ہیں

پی ایم سی نے لکھا کہ سندھ میں سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں سے ملحقہ کالجوں میں ایم بی بی ایس کی صرف 2400 جبکہ بی ڈی ایس کی صرف 500 سیٹیں ہیں جو کہ مجموعی طور پر 2900 نشستیں بنتی ہیں۔ اسی طرح نجی کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 1850 اور بی ڈی ایس کی 740 نشستیں ہیں جو کہ مجموعی طور پر 2590 بنتی ہیں

خط میں کہا گیا کہ اگر سندھ سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی تمام 2900 سیٹیں بھر لیتا ہے، تو بھی صوبے سے پاس ہونے والے 4911 طلبہ رہ جائیں گے، جو بچے ہوئے نجی کالجوں میں 2590 سیٹوں پر مدمقابل ہوں گے

ادارے کے مطابق جب اس صورت حال میں میرٹ کے 65 فیصد مارکس پر پاس ہونے والے تقریباً دو طلبہ ایک سیٹ کے لیے مدمقبل ہوں گے، تو میرٹ کو مزید کم کرنا سمجھ سے بالاتر ہے

ادارے نے کہا  ’پورے ملک کا یکساں میرٹ ہونا چاہیے۔ صحت کے شعبے میں قابلیت کا معیار بڑھانے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور سندھ حکومت ایسے اقدامات نہ اٹھائے جس سے قابلیت کے معیار پر سمجھوتا ہو۔‘

تاہم اس کے بعد سندھ حکومت نے داخلے کے لیے 50 فیصد مارکس مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا اور شہید بےنظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو داخلے شروع کرنے کی ہدایت جاری کردی

اس کے بعد پی ایم سی نے سپریم کورٹ میں پٹیشن جمع کروائی اور سندھ حکومت کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا جبکہ سندھ سے ایڈمیٹنگ یونیورسٹی شہید بےنظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کو بھی فریق بنایا

یونیورسٹی کے رجسٹرار کا ایک خط بھی ارسال کیا گیا جس میں کہا گیا کہ صوبائی کابینہ کا فیصلہ پی ایم سی کے سینیٹ اور وفاقی پارلیمان سے منظور شدہ ایکٹ 2020ع سے متصادم ہے، جبکہ ماضی میں سپریم کورٹ کے واضح احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے

اس میں خبردار کیا گیا کہ اگر قانون سے متصادم انٹری ٹیسٹ میں 65 فیصد تناسب سے کم پر طلبہ کو داخلے دیے گئے، تو پی ایم سی ان کی رجسٹریشن نہیں کرے گی، انہیں ملک میں کہیں بھی پریکٹس کرنے کا لائسنس نہیں دے گی اور نہ ہی ان کو پی ایم سی کی ڈگری دی جائے گی

اس کے ساتھ ساتھ ان طلبہ کو دی گئی کسی ڈگری کو ملکی و غیر ملکی سطح پر نہیں مانا جائے گا اور داخلہ دینے والے تمام نجی و سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے خلاف نہ صرف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی بلکہ ان کی ایکریڈیشن کو منسوخ کردیا جائے گا

دوسری جانب پی ایم سی کے سخت اقدامات پر ڈائریکٹر ایڈمیشنز شہید بےنظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ریاض شیخ کا کہنا ہے کہ داخلہ ٹیسٹ پاسنگ پرسنٹیج کا معاملہ سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان ہے، اس کا دفاع سندھ حکومت کرے گی

تاہم ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ یونیورسٹی کے چانسلر ہیں، سندھ کے جامعات کا ایکٹ سندھ اسمبلی سے منظور ہوتا ہے اور ان کے ادارے میں سندھ حکومت کی ہدایات کے مطابق داخلوں کا عمل جاری ہے اور میرٹ لسٹ وقت پر لگائی جائے گی

ان کا مزید کہنا تھا کہ داخلے کے عمل کو روکنے پر نہ تو کوئی عدالت کے احکامات ہیں اور نہ ہی ایسی کوئی سرکاری ہدایات ملی ہیں۔ عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں اور جو فیصلہ آیا قبول کریں گے

ذرائع کے مطابق سندھ حکومت صوبے کے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کو سبسڈی فراہم کر رہی ہے، جبکہ سندھ حکومت پی ایم سی کو بھی واضح کہہ چکی ہے کہ سندھ کی جامعات میں داخلے سندھ کا ڈومیسائل رکھنے والے طلبہ کو دیے جائیں

سندھ حکومت چاہتی ہے کہ سندھ کے کالجوں میں داخلہ حاصل کرنے والے تمام طلبہ کا تعلق صرف سندھ سے ہو اور یہی وجہ ہے کہ سندھ حکومت ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت انٹری ٹیسٹ میں پاسنگ مارکس کا تناسب 65 فیصد سے کم کرکے 50 فیصد کرنے کا فیصلہ بھی صوبائی کابینہ سے منظور کروا چکی ہے، تاکہ سندھ کے طلبہ سب سے زیادہ مستفید ہوں

لیکن اب یہ معاملہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تنازعے کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے، جس کا سب سے بڑا نقصان صرف سندھ کے طلبہ کو ہے، جن کے داخلوں کے سلسلے میں غیر یقینی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close