کراچی : صوبائی محکمۂ تعلیم نے سندھ میں میٹرک (دسویں) کے امتحانات کی تاریخ میں تبدیلی کردی ہے جس کے مطابق اب یہ امتحانات 2 جولائی کے بجائے 5 جولائی کو ہوں گے جب کہ انٹر (بارہویں) کے امتحانات 26 جولائی سے ہوں گے. اس حوالے سے محکمۂ اسکول ایجوکیشن اور محکمۂ کالج ایجوکیشن سندھ نے دو علیحدہ علیحدہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیئے ہیں۔
محکمۂ اسکول ایجوکیشن نے انتہائی مختصر نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں صرف امتحانات کے آغاز کی تاریخ سے آگاہ کیا گیا ہے جبکہ کالج ایجوکیشن کی طرف سے تفصیلی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔
کالج ایجوکیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق انٹر سال اول (گیارہویں جماعت) کے امتحانات بارہویں جماعت کے امتحانات کے بعد لیے جائیں گے، جبکہ اختیاری مضامین کے امتحانات پہلے سے مختصر کیے گئے 60 فیصد سیلبس سے لیے جائیں گے
انٹر کے ان امتحانی پرچوں میں 50 فیصد سوالات ایم سی کیوز، 30 فیصد مختصر اور 20 فیصد تفصیلی ہونگے، ہر پرچے کا دورانیہ 2 گھنٹے ہوگا
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی ویکسینیشن لازمی ہوگی
دوسری جانب وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کے ترجمان زبیر میمن کی جانب سے جو اعلامیہ جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ اسکول کھولنے اور امتحانات لینے اور ان کی تاریخوں کے تعین کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا تاہم اس کے بعد کسی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کے بغیر ہی میٹرک اور انٹر کے امتحانات سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔