ٹیکساس : ایک سابق وکیل اور ریپبلیکن جماعت کے موجودہ رکن کانگریس لوئی گومرٹ نے حال ہی میں امریکی محکمہ جنگلات سے کہا ہے کہ سورج سے پھوٹنے والی آتشیں لپٹیں زمین پر آب و ہوائی تبدیلیوں کی وجہ بن رہی ہیں، اس لیےاگر زمین یا چاند کا مدار معمولی بدلا جائے تو زمین محفوظ رہے گی.
ان کی مضحکہ خیز باتوں پر انہیں سب سے احمق سیاستدان کا خطاب دیا گیا ہے۔
امریکی سیاستدان لوئی گومرٹ نے کہا کہ میں جانتا ہوں اور اس کی تصدیق بھی ہوچکی ہے کہ محکمہ جنگلات نے کلائمٹ چینج کے لیے بہت کام کیا ہے۔ ناسا کے سابق سربراہ نے مجھے بتایا کہ چاند اور زمین کا مدار سورج کے لحاظ سے معمولی تبدیل ہوا ہے۔ پھر شمسی شعلے (فلیئرز) بڑھ گئے ہیں۔ تو کیا محکمہ جنگلات اور اراضی کا حساب رکھنے والے ادارے چاند یا زمینی مدار کو کچھ تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس سے زمین پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے
ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے لوئی نے ان خیالات کا اظہار منگل کے روز کانگریس میں قدرتی وسائل پر بریفنگ کے دوران کیا۔ جیسے ہی انہوں نے اپنی بات ختم کی ، اجلاس میں کافی دیر تک خاموشی چھائی رہی
دوسری جانب ان کے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل وہ کہہ چکے ہیں کہ ہمیں جلد ہی زمین کو چھوڑنا ہوگا۔ وہ یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ کئی ممالک کی خواتین امریکہ آکر بچوں کو جنم دیتی ہیں تاکہ انہیں امریکی سرزمین پر ہی دہشتگرد بنایا جا سکے.