ہمارے ملک میں گراں فروشی ایک المیہ ہے، اس کی روک تھام کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی اور مقدمے درج کرنے کی شرح بہت کم ہے، لیکن لاہور پولیس نے سبزی سستے داموں فروخت کرنے والے کو نہ صرف فوراً گرفتار کر لیا، بلکہ اس ’جرم‘ میں اس پر ایف آئی آر کاٹ کر مقدمہ بھی درج کر لیا
سبزی سستے داموں فروخت کرنے پر درج ہونے والی ایف آئی آر کے متن کے مطابق سبزی فروش وقاص ولد چوہدری محمد بشیر رائیونڈ روڈ پر سرکاری ریٹ لسٹ سے کم قیمت پر سبزی فروخت کر رہا تھا ۔ جس پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی مدعیت میں اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے
اس بارے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ دوران چیکنگ سبزی فروش کے پاس ریٹ لسٹ موجود نہیں تھی اور وہ بھنڈی، ٹماٹر اور دیگر سبزیاں سرکاری نرخ نامے سے کم پر فروخت کر رہا تھا
متن کے مطابق مذکورہ دکان دار نے ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہیں کی ہوئی تھی اور بھنڈی 95 روپے کے بجائے 73 روپے، ٹماٹر 50 روپے کے بجائے 25 روپے، بینگن 60 روپے کے بجائے 52 روپے، کریلے 90 روپے کے بجائے 52 روپے اور پیاز 40 روپے کے بجائے 33 روپے فی کلو پر فروخت کر رہا تھا
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے سبزی سستے داموں فروخت کرنے پر سبزی فروش کو گرفتار کرانے والے مجسٹریٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے
شہباز گل نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ریٹ لسٹ سے سستی سبزی فروخت کرنے والے سبزی فروش پر مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرنے کا واقعہ مضحکہ خیز ہے
شہباز گل نے ڈپٹی کمشنر لاہور اور پنجاب پولیس کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ لاہور انتظامیہ اس مجسٹریٹ کے خلاف فوری کارروائی کرے
ادہر کراچی کے علاقے کورنگی میں چھاپے کے دوران دودھ کی دکان کے کیش کاؤنٹر پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے ایک پولیس اہلکار کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی ہے
کورنگی پی این ٹی سوسائٹی میں اسسٹنٹ کمشنر کے دودھ کی دکان پر چھاپے کے دوران پولیس اہلکار نے ہاتھ کی صفائی دکھا دی ، فوٹیج میں دیکھا گیا کہ چھاپے کےدوران دکاندار کے باہر نکلنے کے بعد پولیس اہلکار نے کیش کاؤنٹر میں موجود رقم کا صفایا کیا
سی سی ٹی وی فوٹیج میں اہلکار کو رقم دراز سے نکال کر اپنی جیب میں ڈالتے ہوئے دیکھا گیا، فوٹیج میں اہلکار کا چہرہ واضح دیکھا جاسکتا ہے۔ واردات میں ملوث اہلکار نیچے گرنے والے نوٹوں کو بھی جمع کرکے لے گیا
دودھ کی دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ اتوار کی شب پونے بارہ بجے چھاپہ مار ٹیم نے پہلے کھڑکی سے اندر گھسنے کی کوشش کی دکان کے ملازم نے ڈر کر گیٹ کھول دیا۔ پولیس، کمشنر اور دیگر لوگوں نے اندر گھس کر اندر باہر کی تمام لائٹیں بند کر دیں۔ پولیس والے نے گلّے سے پیسے نکال کر جیب میں ڈالے، کچھ نوٹ نیچے گرے تھے جو اس نے اٹھا کر جیب میں رکھ لیے.