ٹیکس اور ڈیوٹی میں کمی کے باوجود کار بنانے والی کمپنیوں کی قیمتیں کم کرنے میں تاخیر

نیوز ڈیسک

کراچی : آٹو اسمبلرز یکم جولائی سے درآمدی اشیا پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی)، جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) اور اضافی کسٹم ڈیوٹی (اے سی ڈی) میں کمی کے فوائد صارفین تک پہنچانے میں تاخیر کر رہے ہیں

تفصیلات کے مطابق مقامی انگریزی روزنامہ ڈان اخبار نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ جولائی کے آغاز کو ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود اسمبلرز اور ان کے ڈیلرز بھی واضح طور پر بتانے کو تیار نہیں کہ فنانس بل 2021ع کے اجرا سے بجٹ کے اقدامات یکم جولائی سے نافذ ہونے کے بعد بھی گاڑیوں کی قیمتیں کیوں کم نہیں ہوئیں

حکومت نے تین ہزار سی سی سے زائد کی گاڑیوں پر ایف ای ڈی میں 2.5 فیصد تک کمی کردی ہے جبکہ 660 سی سی سے ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں سے ایف ای ڈی ختم کردی گئی تھی جبکہ ایک ہزار سی سی سے زائد کی گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس کو 17 فیصد سے کم کر کے 12.5 فیصد کر دیا گیا تھا

اسی طرح ایک ہزار ایک سی سی سے دو ہزار سی سی تک کی گاڑیوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی پانچ فیصد سے کم کر کے ڈھائی فیصد کردی گئی اور دو ہزار ایک سی سی کی گاڑیوں پر اسے ساڑھے سات فیصد سے کم کر کے پانچ فیصد کردیا گیا

علاوہ ازیں حکومت نے تمام گاڑیوں پر اضافی کسٹم ڈیوٹی بھی سات فیصد سے کم کر کے دو فیصد کردی جس کا نوٹیفکیشن 30 جون 2021ع کو جاری کیا گیا

ان ٹیکس اقدامات کا مقصد صارفین کو یکم جولائی سے کچھ ریلیف پہنچانا تھا لیکن اب تک گاڑیوں کی قیمتیں پرانی سطح پر ہی برقرار ہیں

تقریباً تمام اسمبلرز نے صارفین کو قیمتوں میں کمی کے فوائد پہنچانے میں تاخیر کرنے کے لیے گینگ بنا لیا ہے اور اسے فنانس بل 2021 کے اجرا کے بعد ایف ای ڈی اور جی ایس ٹی پر نوٹی فکیشن یا ایس آر او جاری نہ ہونے سے منسلک کر دیا۔ جب کہ ماضی میں یہی اسمبلرز ڈیوٹیز اور ٹیکس میں اضافے کے بعد فوری قیمتیں بڑھا دیتے تھے

ایک جاپانی کار اسمبلر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ قیمتوں میں کمی اس لیے نہیں کی گئی کہ کمپنی، حکومتی تصدیق کا انتظار کر رہی ہے کیونکہ کوئی ایس آر او اب تک جاری نہیں کیا گیا

ان کا کہنا تھا کہ ایس آر او ایک سے دو روز میں جاری ہوجائے گا، کابینہ نے اسے منگل کو منظور کیا اور کل ایک پریس کانفرنس ہے اور ہمیں توقع ہے کہ جمعرات تک ایس آر او جاری کردیا جائے گا

اسمبلرز کا کہنا تھا کہ اضافی کسٹم ڈیوٹی میں کمی کے لیے ایس آر او کی ضرورت ہے جبکہ ایف ای ڈی میں کمی فنانس بل کے ذریعے کی گئی

دوسری جانب مقامی اسمبلرز کے کار ڈیلر بھی یہ کہہ کر خاموش ہیں کہ وہ اسمبلرز کی جانب سے قیمتوں میں کمی کے مراسلے یا نوٹس کا انتظار کر رہے ہیں

ایک جاپانی کار ڈیلر کا کہنا تھا کہ اسمبلرز کی جانب سے قیمتوں کی ہدایات جاری نہ ہونے کے باعث جولائی کے لیے گاڑیوں کی فراہمی کو روک دیا ہے

ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ نئی بکنگز پرانی قیمتوں پر کی جارہی ہیں اور کمپنی گاڑیوں کی فراہمی کے وقت بقیہ رقم صارفین کو واپس کردے گی

ذرائع کا کہنا تھا کہ صرف کورین گاڑیوں کے اسمبلر ‘لکی موٹر کارپوریشن’ نے اپنے ڈیلرز کو کم قیمتوں پر نئی گاڑیاں بُک کرنے کا کہا ہے

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پرانے آٹو اسمبلرز جی ایس ٹی اور ایف ای ڈی میں کمی کے اثرات صارفین تک پہنچانے میں تاخیر کر رہے ہیں، کیوں کہ انہیں لگتا ہے کہ شپنگ کی بلند لاگت اور ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے انہیں قیمتوں میں رد و بدل کی ضرورت پڑ سکتی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close