کراچی : کراچی کی ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کے لئے شارع فیصل کو نوگو ایریا قرار دے دیا ہے
تفصیلات کے مطابق کراچی ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل پر سفر کرنے والوں کے لئے شارع فیصل نوگو ایریا قرار دیتے ہوئے بغیر ہیلمٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردیں ہیں اور چالان کرکے بھاری جرمانہ عائد کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے
اعلامیے کے مطابق سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شارع فیصل پر ٹریفک پولیس کی مزید نفری لگ ادی گئی ہے. ٹریفک پولیس نے متنبہ کیا ہے کہ موٹرسائیکل چلانے والے شہری ہیلمٹ ضرور استعمال کریں
پولیس کے مطابق شہر میں حادثاتی اموات میں اضافے پر اس کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس نے بغیر ہیلمٹ والوں پر چالان کرکے بھاری جرمانہ عائد کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے
یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ ٹریفک حادثات میں ہلاک افراد کی تعداد، دہشت گردی میں مرنے والوں کی تعداد سے کہیں زیادہ ہے
ڈی آئی جی موٹر وے پولیس علی شیر جاکھرانی کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں سالانہ پانچ ہزار افراد مارے جاتے ہیں، لیکن ٹریفک حادثات میں تیس ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں
علی شیر جاکھرانی کا کہنا تھا کہ ٹریفک حادثات کے دوران مرنے والوں میں زیادہ تعداد موٹر سائیکل سواروں کی ہے
انہوں نے ہدایت کی کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں، کیونکہ ہیلمٹ کا استعمال حادثے میں گہری چوٹ سے محفوظ رکھتا ہے.