تحریک انصاف نے آزاد کشمیر انتخابات میں میدان مارلیا

نیوز ڈیسک

مظفرآباد : گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے میدان مار لیا ہے اور وہ کسی اتحاد کے بغیر ہی حکومت بنانے کی پوزیشن میں آ گئی ہے

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پینتالیس میں سے بیالیس نشستوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے ہیں

نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پچیس نشستیں حاصل کرکے میدان مار لیا، جبکہ پیپلز پارٹی نے نو اور مسلم لیگ نون نے صرف چھ نشستیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس نے بھی ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے

الیکشن کمیشن نے ایل اے 6 باغ کے چار پولنگ اسٹیشن پر تنازعہ کے باعث نتائج روک لئے گئے، ان چار پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کے متعلق فیصلہ آج ہوگا۔ اس حلقے کے 163 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج میں پی ٹی آئی کے سردار میر اکبر کو پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزمان پر 196 ووٹوں کی برتری حاصل ہے

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے الیکشن میں پولنگ کا ٹرن آؤٹ 58 فیصد رہا جب کہ 2016 کے عام انتخابات میں یہ شرح 65 فیصد تھی

الیکشن کمیشن آزادکشمیر کے ذرائع کے مطابق آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2021 میں پاکستان تحریک انصاف نے مجموعی طور پر سب سے زیادہ چھ لاکھ تیرہ  ہزار پانچ سو نوے ووٹ حاصل کئے، جس کی شرح 32.5 فیصد بنتی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) نے  چار لاکھ اکیانوے ہزار اکیانوے ووٹ لئے جس کی شرح 25.65 بنتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی تین لاکھ انچاس  ہزار آٹھ سو پچانوے ووٹ لئے جس کی شرح 18.28 فیصد بنتی ہے۔ اس کے علاوہ آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس نے ایک لاکھ 53 ہزار 861 ووٹ حاصل کئے جس کی شرح 8.4 فیصد بنتی ہے، آزاد امیدواروں نے ایک لاکھ 33 ہزار 136 ووٹ حاصل کئے اور ان کی شرح 6.95 بنتی ہے. تحریک لبیک آزاد کشمیر نے 94 ہزار 487 ووٹ حاصل کئے جس کی شرح 4.94 بنتی ہے

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے انتخابی نتائج پر اپنی ٹویٹ میں کہا ہے کہ میں نے نتائج تسلیم نہیں کیے ہیں اور نہ کروں گی۔ میں نے تو 2018 کے نتائج بھی تسلیم نہیں. اس  ’بے شرم دھاندلی‘ پر کیا لائحہ عمل ہو گا، جماعت جلد فیصلہ کرے گی‘۔

آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ کشمیر انتخابات میں تحریک انصاف کی شاندارکامیابی عام آدمی کے وزیراعظم عمران خان پر غیر متزلزل اعتماد کا اظہار ہے، اپوزیشن اپنی قیادت اور سیاست دونوں پر نظرثانی کرے، آصف زرداری اور نواز شریف کو لوگ قبول کرنے کو تیار نہیں، متبادل قیادت کا وقت ہے، محب سے ملاقاتیں کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close