اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان اگلے سال جنوری 2022ع سے موبائل فون برآمد کرنا شروع کردے گا
تفصیلات کے مطابق سینیٹر ذیشان خانزادہ کی سربراہی میں ہونے والے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس میں مشیر تجارت نے بتایا کہ ایک چینی کمپنی کراچی میں موبائل فون مینوفیکچرنگ فیکٹری قائم کر رہی ہے
اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موبائل فونز کی پروڈکشن پہلے ہی شروع ہو چکی ہے اب ہم چینیوں کو پاکستان سے موبائل فونز برآمد کرنے کے لیے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں
انہوں نے بتایا کہ چینیوں نے گزشتہ برس موبائل فونز کی پروڈکشن شروع کی تھی اور ہم نے انہیں دسمبر 2021ع کو ہدف دیا تھا جس پر انہوں نے ہمیں جنوری 2022ع سے موبائل فون کی برآمد شروع کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی
پاکستان میں تیار ہونے والے موبائل فون کی برآمد کے لیے کسی ہدف سے متعلق سوال کے جواب میں مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ یہ برآمدات کے لیے نئی پروڈکٹ ہے اس لیے اس کا کوئی ہدف مقرر نہیں کیا گیا، دو سال پہلے تک کوئی یہ سوچ بھی نہیں رہا تھا کہ پاکستان موبائل فونز برآمد کرنا شروع کر دے گا
ملک میں سام سنگ کے آپریشن کے بارے میں عبدالرزاق داؤد نے کہا کہ ابتدا میں سام سنگ نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا لیکن بعد میں اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے رضامندی ظاہر کی.