کراچی : ایک ایسے وقت میں جب مالی بحران کے باعث پاکستان اسٹیل ملز چھ سال سے بند پڑی ہوئی ہے، اس کے افسران کے لیے نئے ائیر کنڈیشنرز کی خریداری کی گئی ہے. اسٹیل ملز چھ سال سے بند ہے لیکن افسروں کے لئے نئے ائیر کنڈیشنرز چلائے جائیں گے
ایک طرف تو اربوں روپے خسارے کا شکار پاکستان اسٹیل کی انتظامیہ نے مالی بحران کی وجہ سے ہزاروں مزدوروں اور ورکرز کو برطرف کر دیا، دوسری جانب نازک مزاج افسروں کی ناز برداریوں اور شاہ خرچیوں کا یہ عالم ہے کہ ٹھنڈے کمروں کو مزید یخ بستہ کر کے کراچی میں سائبیریا کی ہواؤں کا مزہ لوٹنے کے لیے برانڈ نیو ایئر کنڈیشنرز کی کھیپ خرید کی گئی ہے
اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر پینتیس نئے ایئر کنڈیشن کی کھیپ پاکستان اسٹیل کے ایڈمن بلاک میں اتاری گئی اور ان کی تنصیب کا کام بھی فی الفور شروع کردیا گیا
ملازمین کے مطابق ایک طرف مالی بحران کی وجہ سے اسٹیل ملز کے تمام ملازمین کو بغیر گولڈن ھینڈ شیک دئیے نکالا جارہا ہے تو دوسری طرف بند اسٹیل ملز کے افسروں کے لئے ائیر کنڈیشنرز کی ایک بڑی کھیپ منگوالی گئی ہے
واضح رہے کہ پاکستان اسٹیل ملز بدعنوانی اور عدم توجہی کی وجہ سے 2015ع سے بند پڑی ہے۔ موجودہ حکومت مالی بحران کو جواز بناکر اسٹیل ملز کے تمام ملازمین کو بغیر گولڈن ھینڈ شیک دئیے نکال رہی ہے جبکہ مالی بحران کے باوجود اسٹیل مل انتظامیہ کی شاہ خرچیاں اسی طرح جاری ہیں.