اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو وزیر اعلیٰ بننے کے لئے متحرک

نیوز ڈیسک

کوئٹہ : اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو صوبے کی وزارت اعلیٰ کا منصب حاصل کرنے کے لئے متحرک ہو گئے ہیں

ذرائع کے مطابق اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے رہنما عبدالقدوس بزنجو اب وزیر اعلیٰ بلوچستان بننے کے خواہشمند ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالقدوس بزنجو کے قریبی ساتھی اور صوبائی وزیر نے جے یو آئی بلوچستان کے امیر مولانا عبدالواسع کی کراچی میں واقع رہائش گاہ میں اہم ملاقات کی ہے، اور جے یو آئی سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کو ہٹانے کے لئے مدد بھی طلب کی ہے

ذرائع نے  بتایا کہ صوبائی وزیر نے مولانا عبدالواسع سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جام کمال کو وزارت اعلیٰ سے ہٹاکر عبدالقدوس بزنجو کو وزیر اعلیٰ بنوانے میں تعاون چاہیئے۔ تاہم مولانا عبدالواسع نے جواب دیا کہ ہماری جماعت کسی کے مفاد میں استعمال نہیں ہوگی، اگر عبدالقدوس بزنجو اور ناراض لوگ جام کمال کو ہٹانے کے لئے سنجیدہ ہیں، تو پہلے وزارتوں سے استعفیٰ دیں، استعفے دے کر ناراض لوگ خود جام کمال کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائیں ، ناراض گروپ عدم اعتماد کی تحریک لے کر آئے، اپوزیشن ساتھ دے گی

اس حوالے سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ترجمان حافظ حمدﷲ کا کہنا ہے کہ جام کمال وزارت اعلیٰ بچانے کے لئے ادھر اُدھر بھاگ رہے ہیں، وزیر اعلیٰ کبھی قدوس بزنجو تو کبھی صالح بھوتانی سے مل رہے ہیں

حافظ حمدﷲ نے سوراب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی حکومت وہی بچا سکتے ہیں، جنہوں نے پہلے نواب زہری کی حکومت گرائی تھی، جام صاحب اِدھر اُدھر مت جائیں، ان کے پاس جائیں، جنہوں نے وزیر اعلیٰ بنایا

پی ڈی ایم کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ نئی پارٹی بنی، مسلم لیگ (ن) کے ووٹر پر بی اے پی کا لیبل لگادیا گیا، جام صاحب یہ وہی لوگ ہیں، جب آپ ان کے ساتھ تھے تو ثناء ﷲ کو گرایا، یہ مکافات عمل ہے آج وہی لوگ آپ کو گرا رہے ہیں

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جام کمال ان کی منت کرو کہ ایک سال باقی ہے آج کے بعد فرماں بردار بن کر کام کروں گا، میری تو شہریت ختم کر کے سبق سکھایا گیا تھا

واضح رہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پارٹی کی صدارت سے استعفی دے دیا ہے

اس بات کا اعلان وزیراعلیٰ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر کیا، ان کا کہنا تھا کہ میں نے الحمداللہ تین سال تک پارٹی کی بہترین طریقے سے صدارت کی، پارٹی کے چیف آرگنائزر جان جمالی اور جنرل سیکریٹری سینیٹر منظور کاکڑ جلد آرگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس بلا کر پارٹی کے انتخابات کے انعقاد کا اعلان کریں

ان کے استعفے کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی کا اعلیٰ مشاورتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ اجلاس بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی کی سربراہی میں طلب کیا گیا ہے جس میں میر جان محمد جمالی، سردار صالح بھوتانی، نوابزادہ طارق مگسی اور نصیب اللہ بازئی پر مشتمل اعلیٰ مشاورتی کمیٹی شرکت کرے گی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close