ہانگ کانگ ’میسی مینیا‘ کے سحر کی لپیٹ میں۔۔

ویب ڈیسک

ہانگ کانگ ان دنوں ’میسی مینیا‘ کے سحر کی لپیٹ میں ہے، جہاں ہفتہ کو فٹبال کلب انٹر میامی میں شامل ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرتے ہوئے لیونل میسی کو دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں فٹبال شائقین امڈ آئے۔

اس موقع پر پولیس کو ہانگ کانگ اسٹیڈیم کے اردگرد کی سڑکوں کو بند کرنا پڑا، کیوں کہ اتوار کو ہونے والے میچ سے قبل سپر اسٹار ارجنٹینی اور اس دور کے عظیم ترین کھلاڑی کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہفتے کو شائقین کا بہت بڑا ہجوم اکٹھا ہو گیا تھا

انٹر میامی کے کھلاڑیوں کے اوپن ٹریننگ سیشن کے لیے میدان میں آنے سے چند گھنٹے قبل چالیس ہزار کی گنجائش والے اسٹیڈیم کے باہر شائقین کی طویل قطاریں لگ گئی تھیں، جو ورلڈ کپ جیتنے والے کپتان کے نام کے نعرے لگا رہے تھے۔ زیادہ تر شائقین نے نیلے اور سفید پٹی والی ارجنٹائن یا انٹر میامی میامی کی گلابی رنگ کی شرٹس پہن رکھی تھیں۔

ڈیوڈ بیکہم میجر لیگ سوکر کلب کے شریک مالک ہیں۔ ان کی آمد پر اسٹیڈیم میں موجود تقریباً تمام شائقین نے بھرپور انداز میں ان کا استقبال کیا

لیکن چند منٹ بعد جب چھتیس سالہ میسی اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ مل کر ہلکی پھلکی ورزش کے لیے پہنچے تو شائقین نے انتہائی بلند آواز میں انہیں خوش آمدید کہا

آٹھ مرتبہ بیلن ڈی اور جیتنے والے کھلاڑی نے ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ایک گھنٹے کے تربیتی سیشن کا زیادہ تر حصہ ورزش کرتے ہوئے گزارا، تاہم بعد ازاں وہ کوچنگ سیشن کے دوران ہانگ کانگ کے اسکولوں کے اَسی خوش قسمت بچوں کے ساتھ فٹ بال کھیلتے دکھائی دیے

اس کے فوری بعد بیکہم آگے آئے اور بچوں کو کھیل کے کچھ گُر بتائے، لیکن اتوار کو ہانگ کانگ سلیکٹ الیون کے خلاف دوستانہ میچ سے قبل یہ میسی ہی تھے جنہیں زیادہ تر شائقین دیکھنے کے لیے پہنچے۔

انتہائی خوش دکھائی دینے والے سترہ سالہ چینی طالب علم لی ویئی کا کہنا تھا ”میں نے زندگی میں پہلی بار میسی کو دیکھا۔ میں بہت پرجوش ہوں۔ وہ میرے لیے بڑے اہم ہیں۔ وہ مجھے فٹبال کی دنیا میں لائے۔ انہوں نے مجھے فٹبال سے پیار کرنا سکھایا۔“ ویئی چین کے شہرشن زین سے ہانگ کانگ پہنچے تھے۔

ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والی اٹھائیس سالہ طالبہ سیلی لیو، جنہوں نے میسی اور ارجنٹائن کی 2022 میں قطر میں ورلڈ کپ جیتنے کی یاد میں ٹی شرٹ پہنی ہوئی تھی، نے کہا ”وہ بہت ماہر کھلاڑی ہیں۔ انہیں کھیلتے ہوئے دیکھ کر بہت مزہ آتا ہے۔ اب وہ میامی میں کھیلتے ہیں اس لیے میرے پاس مستقبل میں انہیں دیکھنے کے زیادہ مواقع نہیں ہوں گے۔ وہ ہمیشہ سے بہترین کھلاڑی ہیں۔ جب ان کی ٹیم عالمی چیمپیئن بنی تو میں نے بھرپور انداز میں جذبات کا اظہار کیا۔“

جمعے کو سینکڑوں لوگ اپنے ہیرو کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے شہر کے جنوب میں واقع اس ہوٹل کے باہر جمع ہو گئے تھے، جہاں میسی اپنی ٹیم کے ساتھ قیام پذیر ہیں۔

اس دوران روائتی کشتی بندرگاہ کے گرد چکر لگاتی رہی۔ اس کے بادبانوں پر گلابی رنگ میں میسی کی بڑی تصویر بنی ہوئی تھی۔ یہ رنگ انٹرمیامی کی نمائندگی کرتا ہے۔

اتوار کو ہونے والے میچ کے ٹکٹ دسمبر میں فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے جو ایک گھنٹے کے اندر فروخت ہو گئے۔ کھیلوں کا سامان فروخت کرنے والوں کے مطابق میسی کی تصویر والی شرٹس تیزی سے فروخت ہوئیں۔

میسی کی ٹیم کے مصروف ٹوور کے دوران میسی کو ہیمسٹرنگ کا تھوڑا سا مسئلہ ہے، اس لیے وہ ہیمسٹرنگ کے معاملےمیں احتیاط سے کام لے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ ان کی ٹیم 21 فروری سے شروع ہونے والے ایم ایل ایس (میجر لیگ سوکر) سیزن کے آغاز سے قبل 19 دن میں چھ میچ کھیل رہی ہے۔

انٹرمیامی کے ہیڈ کوچ جیرارڈو مارٹینو نے صحافیوں کو بتایا ”ہم ٹریننگ کے بعد ہر کھلاڑی کا جائزہ لیں گے کیوں کہ ہم پری سیزن کے بہت سے میچ کھیل رہے ہیں۔ میری خواہش یہ ہے کہ لیو (میسی) زیادہ سے زیادہ دیر تک کھیل سکیں۔“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close