شہید ناظم جوکھیو قتل، پولیس کا اہم ثبوت حاصل کرنے کا دعویٰ

نیوز ڈیسک

ملیر : شہید ناظم جوکھیو قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور پولیس حکام نے جام ہاؤس میں لگے کیمروں کا غائب کیا گیا ڈی وی آر قیمتی ثبوت کے طور پر برآمد کرلیا ہے، کیس میں جام اویس کے بڑے بھائی ایم این اے جام عبدالکریم کو بھی ملزم نامزد کردیا گیا ہے

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس حکام کے مطابق ناظم جوکھیو قتل کی واردات کے بعد ڈی وی آر موقع سے غائب کردیا گیا تھا، جسے اب پولیس نے گرفتار ملزمان سے پوچھ گچھ کے بعد برآمد کیا ہے

پولیس کا کہنا ہے کہ ڈی وی آر سے واقعے میں ملوث ملزمان کی نشاندہی میں مدد ملے گی، برآمد ہونے والے ڈی وی آر کو فرانزک کے لئے بھیج دیا گیا ہے

کیس میں تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے موبائل ڈیٹا کی مدد سے بھی تفتیش شروع کی گئی ہے، جس کے بعد جام گوٹھ میں افضل جوکھیو، نیاز سالار، جام عبدالکریم کے موبائل فون کی لوکیشن بھی آئی ہے

تفتیشی حکام کے مطابق کیس میں مقتول ناظم جوکھیو کی آڈیو اور وڈیو کو مرکزی شواہد کے طور پر استعمال کیا جائے گا، ٹیم نے مقتول کے بھائی افضل جوکھیو کے ساتھ جائے وقوعہ کا بھی دورہ کیا ہے

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ناظم جوکھیو کے قتل کے سات دن بعد بھی مقتول کا موبائل فون لاپتہ ہے، جبکہ ناظم جوکھیو کی لاش کی اطلاع 3 نومبر دو بجے 15 مددگار پر شہری نے دی تھی

تفتیشی افسر نے مقدمے میں اغواء کی دفعات کا اضافہ کر دیا ہے، کیس میں مزید گیارہ افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ عدالت کی تفتیشی افسر کو معاملے میں دہشتگردی کے پہلووں کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کردی

عدالت نے ہدایت کی کہ ناظم جوکھیو قتل کیس کی ہر زاویے سے تفتیش کی جائے اور تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرائے

دوسری جانب مقدمے میں ایم پی اے جام اویس کے بڑے بھائی ایم این اے جام عبدالکریم کو بھی ملزم نامزد کردیا گیا ہے

واضح رہے کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں اب تک نامزد تین ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے ، گرفتار ملزمان میں پیپلز پارٹی کے ایم پی اے جام اویس کے علاوہ حیدر اور مہر علی شامل ہیں، تینوں ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close