عدالتی حکم پر نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج

نیوز ڈیسک

کراچی – سپریم کورٹ کے حکم پر نسلہ ٹاور کی تعمیر کے ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے

نسلہ ٹاور کی تعمیر کے خلاف فیروز آباد تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج ہونے والے مقدمے میں ٹاور کی اجازت دینے والے افسران، سندھ مسلم کو آپریٹو سوسائٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سمیت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے افسران کو نامزد کیا گیا ہے

مقدمے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سندھی مسلم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (ایس ایم سی ایچ ایس) سے نسلہ ٹاور کی تعمیرات میں ملوث تمام تر ذمہ داران کے نام طلب کیے گئے ہیں

مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ نسلہ ٹاور تعمیر کرنے والے بلڈر عبدالقادر نے سندھی مسلم کو آپریٹو سوسائٹی، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ایم پی ڈی کی ملی بھگت سے سروس روڈ کے لیے مختص اراضی پر غیر قانونی فلیٹس اور دکانوں کی تعمیر کی جس پر عدالت نے فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا

مقدمے میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 161، 167، 218، 408، 409، 420، 447 شامل کی گئی ہیں

مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس کی تفتیشی ٹیم سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پہنچ گئی

یاد رہے گزشتہ روز نسلہ ٹاور کو مسمار کرنے کے حوالے سے سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران عدالت نے حکم دیا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن، ذمہ دار افسران کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی کرے جبکہ پولیس ملوث افسران کے خلاف الگ مقدمہ درج کرے

عدالت عظمیٰ نے آئندہ سماعت پر ڈی آئی جی شرقی کو کریمنل کارروائی کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا

عدالت نے محکمہ اینٹی کرپشن کو قانونی کارروائی اور تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے اور کمشنر کراچی کو نسلہ ٹاور کا انہدام ایک ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے اس عمل میں درکار تمام سرکاری وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی تھی

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 16 جون 2021 کو کراچی کے اہم ترین مقام شاہراہ فیصل پر قائم نسلہ ٹاور گرانے کا حکم دیا تھا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close