ایک زمانہ تھا جب بھارت میں کرکٹ کے ساتھ ساتھ ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (ڈبلیو ڈبلیو ای) اور ورلڈ ریسلنگ فیڈریشن (ڈبلیو ڈبلیو ایف) کے شوز کی بڑی دھوم ہوا کرتی تھی اور لوگ ان کے جنون میں مبتلا تھے
انڈر ٹیکر، کین، جان سینا اور دی راک جیسے بڑے سپر اسٹار اس وقت ڈبلیو ڈبلیو ای میں سرِفہرست تھے۔ بھارت کے ‘دی گریٹ کھلی’ نے بھی ڈبلیو ڈبلیو ای میں کھلبلی مچا رکھی تھی
کھلی لوگوں میں کافی مقبول ہو گئے تھے۔ اب اس فہرست میں ’ویر مہان‘ کا نام بھی شامل ہو گیا ہے، جن کا تعلق بھی بھارت سے بتایا جاتا ہے
سوشل میڈیا پر ویر مہان کے بارے میں بھی خوب چرچا ہو رہا ہے۔ ڈبلیو ڈبلیو ای میں شمولیت کے بعد ویر مہان کا خالص بھارتی انداز لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر رہا ہے. ایسے میں اکثر لوگ جاننا چاہتے ہیں کہ ویر مہان کون ہیں اور ڈبلیو ڈبلیو ای میں اُن کی انٹری پر اتنی چرچا کی وجہ کیا ہے
ویر مہان کا اتر پردیش کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ڈبلیو ڈبلیو ای تک کا سفر کافی مشکل اور دلچسپ رہا ہے
ویر مہان کا اصل نام رنکو سنگھ راجپوت ہے اور وہ 8 اگست 1988ع کو اترپردیش کے روی داس نگر ضلع کے گوپی گنج علاقے میں پیدا ہوئے
رنکو سنگھ کے والد ٹرک ڈرائیور کے طور پر کام کرتے تھے اور ان کے نو بچے ہیں۔ ان میں سے ایک رنکو سنگھ راجپوت ہیں۔ سنگھ خاندان گوپی گنج کے ایک چھوٹے سے گاؤں میں رہتا ہے
انھیں بچپن سے کھیلنے کا شوق رہا ہے اور وہ ریسلنگ بھی کرتے رہے ہیں
کھیلوں کے رسیا رنکو سنگھ اپنے اسکول کے دنوں میں جیولن پھینکا کرتے تھے۔ انہیں جونیئر نیشنل مقابلوں میں تمغہ بھی ملا۔ اس کے بعد انھوں نے گرو گوبند سنگھ اسپورٹس کالج لکھنؤ میں داخلہ لیا
سال 2008 میں رنکو نے بھارت کے ریئلٹی ٹی وی شو ’دی ملین ڈالر آرم‘ میں بھی حصہ لیا۔ اس شو میں تیزی سے بیس بال پھینکنے والے کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ یہ بیس بال میں ٹیلنٹ ہنٹ شو تھا
اس ٹیلنٹ شو میں رنکو سنگھ کو اپنے جیولن پھینکنے کے تجربے سے کافی فائدہ ہوا۔ حالانکہ رنکو سنگھ نے اس سے پہلے کبھی بیس بال نہیں کھیلا تھا، لیکن اپنے مضبوط جسم اور رفتار کی وجہ سے انہوں نے یہ ٹیلنٹ شو جیت لیا
رنکو سنگھ نے اس شو میں 87 میل فی گھنٹہ یا 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بیس بال پھینکی اور وہ پہلے نمبر پر رہے۔ اس کہانی پر ایک فلم بھی بنی ہے
اس کے بعد رنکو سنگھ کی بیس بال میں دلچسپی بڑھ گئی۔ وہ بیس بال میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے امریکہ چلے گئے۔ وہاں انہوں نے بیس بال کی مختلف ٹیموں میں حصہ لیا۔ بالآخر انھوں نے پیٹرزبرگ پائریٹس کے ساتھ ایک معاہدہ کیا اور وہ کامیاب رہا
رنکو سنگھ راجپوت ایک پیشہ ور امریکی بیس بال ٹیم میں کھیلنے والے پہلے بھارتی کھلاڑی بھی بنے۔ انھوں نے بیس بال پھینکنے کی رفتار 87 میل فی گھنٹہ سے بڑھا کر 90 میل فی گھنٹہ کر دی۔ پھر انھوں نے 2009ع سے 2016ع تک دنیا بھر کی کئی لیگز میں حصہ لیا۔ ان کے کھیل نے دنیا کی توجہ حاصل کی
لیکن جیولن کی طرح سنہ 2018ع میں رنکو سنگھ نے بیس بال کھیل کو بھی الوداع کہا اور پروفیشنل ریسلنگ پر توجہ دینا شروع کر دی۔ اِسی سال انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ معاہدہ بھی کر لیا
رنکو یا ویر مہان نے بھارتی کھلاڑی سورو گوجر کے ساتھ مل کر ’دی انڈس شیر‘ کے نام سے ایک ٹیم بنائی۔ انہوں نے ایک ساتھ مل کر ڈبلیو ڈبلیو ای این ایکس ٹی میں حصہ لیا۔ ابتدائی مرحلے میں رنکو سنگھ ڈبلیو ڈبلیو ای میں اپنے پہلے نام ’رنکو‘ سے مشہور تھے
ان کی ٹیم میں جندر محال نام کا ایک اور رکن شامل کیا گیا۔ اس وقت رنکو نے اپنا نام ’ویر‘ رکھ لیا تھا اور وہ اسی نام سے کئی شوز میں نظر آئے
ویر، شاکی اور جندر پر مشتمل ٹیم نے لگاتار بارہ مقابلے جیتے۔ آخر کار 2021ع میں ویر کئی وجوہات کی بنا پر اپنی ٹیم سے الگ ہو گئے اور ایک آزاد ریسلر کے طور پر ڈبلیو ڈبلیو ای را کے ساتھ معاہدہ کیا۔ اس بار انھوں نے اپنا نام ’ویر مہان‘ رکھا
ویر مہان کا ٹرمپ کارڈ
جب سمارٹ فون نہیں تھے، ڈبلیو ڈبلیو ای کے کھلاڑی اپنے ٹرمپ کارڈز کے لیے جانے جاتے تھے۔ اس ٹرمپ کارڈ میں ڈبلیو ڈبلیو ای ریسلر کے قد، وزن اور دیگر خصوصیات کے بارے میں معلومات ہوتی تھیں
تو پھر ویر مہان کا ٹرمپ کارڈ کیا ہے؟ ویر مہان کے مضبوط جسم کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ ان کا قد چھ فٹ چار انچ اور وزن 125 کلو گرام ہے
ڈبلیو ڈبلیو ای کے شو میں ویر مہان خالص بھارتی انداز میں نظر آئے۔ کندھوں تک آنے والے ان کے بال، کالی آنکھیں، لمبی داڑھی اور ماتھے پر چندن کی لکیروں کی وجہ سے ان کی شخصیت اور بھی مختلف نظر آتی ہے
اس کے ساتھ ہی بظاہر ان کی شخصیت کی خاص بات ان کے ماتھے پر روایتی ہندوستانی انداز میں لگا چندن کا ٹیکہ ہے۔ ان کے پرانے ساتھی سورو گوجر بھی ان کی طرح ماتھے پر چندن لگاتے تھے
ویر مہان کے سینے پر بڑے حروف میں ماں لکھا ہوا ہے، جو ہر کسی کی توجہ اپنی طرف مبذول کرواتا ہے۔ وہ گلے میں رودراکش کی مالا اور کالے کپڑے پہنتے ہیں اس انداز میں وہ بالکل مختلف نظر آتے ہیں
ویر مہان نے چار اپریل کو ڈبلیو ڈبلیو ای میں اپنے ہی انداز سے ڈیبیو کیا۔ گذشتہ سال اکتوبر کے مہینے میں ویر کا ڈبلیو ڈبلیو ای را میں کافی چرچا ہوا تھا
بڑے پیمانے پر ان کی پبلیسِٹی بھی کی گئی۔ آخر کار چار اپریل کو ویر مہان میچ کے لیے رنگ میں داخل ہوئے
اس میچ میں ویر نے باپ بیٹے کی جوڑی رے اور ڈومینک میسٹریو کو شکست دی۔ سوشل میڈیا پر یہ مقابلہ بھی بحث کا موضوع بنا رہا تھا.