بھارتی پولیس کے افسر نے ہفتے کو بتایا کہ ریاست گجرات کی ایک بندرگاہ سے 90 کلوگرام ہیروئن قبضے میں لے لی گئی ہے جس کی مالیت پانچ کروڑ 80 لاکھ ڈالر ہے۔ یہ دو ہفتے میں ہیروئن پکڑے جانے کا تیسرا واقعہ ہے
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے کو پکڑے جانے والی ہیروئن ایک کنٹینر سے قبضے میں لی گئی. یہ کنٹینر ایسے وقت پیپاواو کی بندرگارہ پر پہنچا، جب بھارت ایران اور افغانستان سے منشیات کی اسملنگ روکنے کے لیے مغربی سرحد پر نگرانی میں اضافہ کر چکا ہے
گجرات کے ایک پولیس افسر نے روئٹرز کو بتایا ”کنٹینر سوتی دھاگے سے بھرا ہوا تھا لیکن معائنے پر معلوم ہوا دھاگہ خشک کر کے اسے گانٹھوں میں تبدیل کرنے سے پہلے ایک قسم کی ہیروئن میں بھگویا گیا تھا“
وفاقی حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دھاگے سے لگی ہیروئن کو الگ کرنے کی ضرورت تھی
یاد رہے کہ اس سے پہلے بھارتی پولیس نے اس ہفتے میں ایک سمندری آپریشن میں تین کروڑ 70 لاکھ ڈالر مالیت کی 56 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لی اور نو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا
اس کے علاوہ حکام نے اس ماہ گجرات کی کاندلہ پورٹ سے 205.6 کلو گرام ہیروئن پکڑ لی تھی، جس کی مالیت 18.8 کروڑ ڈالر ہے.