اس سال قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ سے قبل ورلڈ کپ کی چمچماتی ٹرافی ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئی ہے
فرانسیسی فٹبالر کرسٹن کریمبیو فٹبال ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ علامہ اقبال ائرپورٹ پر پہنچے تو پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان حاجرہ نے ان کا استقبال کیا
اس موقع پر اسپانسر اور ٹرافی ٹوور کے منتظمین بھی موجود تھے
پروگرام کےمطابق لاہور کے نجی ہوٹل میں ٹرافی کی رونمائی کے لئے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا
کپتان قومی ٹیم صدام حسین، سابق کپتان کلیم اللہ، ویمن ٹیم کی کپتان حاجرہ ، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ آصف زمان، سیکرٹری پی او اے خالد مقبول نے بھی تقریب میں شرکت کی
ٹرافی ایک دن پاکستان میں رہے گی
تقریب میں ایک ایونٹ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہوا، جب کہ ایک پبلک ایونٹ تھا جس میں کانسرٹ کے دوران ٹرافی نمائش کے لئے رکھی گئی۔ جس میں فینز کو ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوانےکا موقع فراہم کیا گیا
تقریب کے دوران مقامی ہوٹل کے ہال کو فٹبال کے میدان کی طرح ڈھال دیا گیا، ہال کے ایک سائیڈ پر پلئیرز چینج روم بنایا گیا جبکہ دوسری طرف فٹبالز رکھے گئے ہیں، ہال کے درمیان چھوٹی فٹبال پچ بھی بنائی گئی ہے
تقریب میں قومی و غیر ملکی فٹبالرز نے بھی شرکت کی، تقریب کے دوران مختلف گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا
فٹبال ورلڈکپ کی ٹرافی کو 50 سے زیادہ ملکوں میں لے جایا جارہاہے، ٹرافی آذر بائیجان سے لاہور پہنچی ہے اور اس کی اگلی منزل سعودی عرب ہے
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں فرانس کے سابق ورلڈکپ ونر کرسٹین کریمبیو نے کہا کہ وہ 2018 کے ٹرافی ٹوور کے موقع پر بھی پاکستان آئے تھے اور اس کے بعد ان کی خواہش تھی کہ وہ ایک بار پھر پاکستان آئیں
کرسٹین کریمبیو نے کہا کہ جب پچھلی بار 15 ہزار لوگ صرف ٹرافی کو دیکھنے جمع ہوئے تھے تو ان کو اندازہ ہوگیا تھا کہ یہاں فٹبال کا کتنا جنون ہے اور لوگ کس قدر بے تاب ہیں کہ اپنے ملک کی فٹبال ٹیم کو بھی ایکشن میں دیکھیں
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان فٹبال کے مسائل جلد حل ہوجائیں گے، فٹبال کی بہتری کے لئے ایک راستہ ہے اور وہ یہ ہے کہ ٹیم زیادہ سے زیادہ کھیلے اس سے پلیئرز کو بھی زیادہ سے زیادہ مواقع ملیں گے، بہتری کی امید ہمیشہ رہتی ہے، امید ہے فٹبال میں یہاں بھی بہتری آئے گی
اس موقع پر پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ہاجرہ خان نے کہا کہ ایک بار پھر ٹرافی ٹوور کا حصہ بن کر وہ کافی خوش ہیں، جب ٹرافی کے استقبال کے موقع پر اپنا عکس اس ٹرافی پر دیکھا تو جذبات یہی تھے کہ جلد پاکستان کے معاملات بھی بہتر ہوں اور ہم انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا سلسلہ دوبارہ شروع کردیں
قطر میں فٹبال کا عالمی میلہ 21 نومبر سے شروع ہورہا ہے جو 18 دسمبر تک جاری رہے گا۔