شمسی توانائی سے ماہانہ ’لاکھوں پاؤنڈز بچانے والے‘ لبنانی کار مکینک

ویب ڈیسک

لبنان کے ایک نوجوان احمد الصفدی نے ملک میں جاری توانائی کے بحران اور فیول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر متبادل ڈھونڈ نکالا

اکتیس سالہ احمد نے اپنی گاڑی شمسی توانائی پر منتقل کر دی ہے، جس سے انہیں لاکھوں پاؤنڈز کا فائدہ ہو رہا ہے

احمد سائیکلوں کی مرمت کا کام کرتے تھے، لیکن ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال کی وجہ سے ان کے گاہکوں میں کافی کمی آ ئی ہے اور ان کی آمدنی پر منفی اثر پڑا ہے

ان حالات میں انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اپنی گاڑی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا سوچا تاکہ بچت کی جا سکے کیوں کہ ان کے لیے اپنے دو بچوں کے اخراجات اٹھانا مشکل ہوتا جا رہا تھا

احمد نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا “پہلی بات تو یہ کہ فیول ٹینک کی قیمت سات لاکھ لبنانی پاؤنڈزہو گئی ہے جو ایک ملازم پیشہ شخص کی مہینے بھر کی تنخواہ کے برابر ہے۔ اس لیے میں اندازاً روزانہ کی بنیاد پر دو لاکھ لبنانی پاؤنڈز (لگ بھگ ساڑھے ستائیس ہزار پاکستانی روپے) کی بچت کر رہا ہوں۔ اسی طرح میں ماہانہ بجلی کی مد میں تیس لاکھ لبنانی پاؤنڈز کی بچت کر رہا ہوں۔ میں یہ سب بچا رہا ہوں اور گاڑی سے کئی فوائد حاصل کر رہا ہوں“

اپنی گاڑی کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے عمل کے حوالے سے احمد بتاتے ہیں ”گاڑی فیول پر چلتی تھی۔ میں نے اسے شمسی توانائی پر منتقل کیا ہے۔ یہ بیٹری کی چارجنگ کے حساب سے چلتی ہے۔ میں نے ابھی جو بیٹریاں استعمال کی ہیں وہ موٹر سائیکل کی ہیں اور انہیں چارج رکھنے کے لیے سولر پینل لگایا ہے“

احمد نے کہا ”میں گاڑی چلاتے ہوئے انہیں چارج کر سکتا ہوں اور وہ مجھے طویل مسافت طے کرواتی ہیں۔ اگر مجھے مزید طویل سفر کرنا ہو تو بڑی بیٹریاں لگا سکتا ہوں۔ لیکن میں یہ تجربہ کر چکا ہوں۔ شہر کے اندر سفر کر سکتا ہوں۔ اس لیے یہ گاڑی میرے لیے ایسے ہی ٹھیک ہے“

ایک مرتبہ گاڑی شمسی توانائی پر منتقل ہوجائے تو اسے کسی خاص تکنیکی دیکھ بھال کی ضرورت نہیں رہتی۔ اس حوالے سے احمد نے بتایا ”اسے کسی طرح کی تکنیکی دیکھ بھال کی ضرورت نہیں پڑتی۔ نہ ہی تیل تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ زیادہ سے زیادہ بریک کی مرمت کرنی پڑتی ہے“

گاڑی میں نصب بیٹریاں ضرورت سے زائد چارج ہونے کی صورت میں احمد ان کا اضافی استعمال بھی کر لیتے ہیں

انہوں نے بتایا ”کل میں نے گاڑی کا کام ختم کیا اور دکان پر چلا گیا۔ دیکھا تو گاڑی میں اضافی توانائی تھی تو میں نے تار لگا کر سارا دن فریج کو اس پر استعمال کیا۔ کوئی رکاوٹ نہیں آئی“

واضح رہے کہ لبنان میں کئی دہائیوں سے توانائی کا بحران جاری ہے، جس پر قابو پانے کے لیے مصر سے گیس اور اردن سے بجلی درآمد کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکہ اور اقوام متحدہ کی اجازت کا انتظار ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close