شمالی بھارت میں ٹریفک حادثے کے دوران سڑک پر ہی پیدا ہونے والی بچی معجزانہ طور پر بچ گئی ہے۔ بچی کی ماں کو ٹرک نے کچل دیا اور وہ بیٹی کو جنم دینے کے محض چند منٹ بعد دم توڑ گئیں
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ بدھ کو ریاست اترپردیش کے فیروز آباد شہر کے قریب اس وقت پیش آیا، جب آگرہ شہر کی رہائشی آٹھ ماہ کی حاملہ کامنی اپنے شوہر کے ساتھ موٹر سائیکل پر اپنے والدین کے گھر جا رہی تھیں
بھارتی ذرائع ابلاغ نے عینی شاہدین کے بیانات کے حوالے سے کہا ہے کہ خاتون کے شوہر رامو مخالف سمت سے آنے والی کار سے دور جانے کی کوشش میں موٹر سائیکل پر اپنا کنٹرول کھو بیٹھے
اس دوران چھبیس سالہ خاتون سڑک پر گر گئیں اور پیچھے سے آنے والے ایک تیز رفتار ٹرک نے انہیں کچل دیا۔ کہا جا رہا ہے کہ کامنی کو کچلنے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقعے سے فرار ہو گیا
اس دوران بری طرح زخمی خاتون کو درد زہ محسوس ہونے لگا اور وہ سڑک پر ہی بچی کو جنم دینے پر مجبور ہو گئیں
بعد ازاں زندگی کو جنم دینے والی مذکورہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چند منٹ میں چل بسیں جب کہ بچی درست اور صحتمند حالت میں پیدا ہوئی
اس واقعے سے مقامی پولیس اور انتظامیہ کو دھچکا لگا ہے۔ جمعرات کو حکام نے بتایا کہ بچی کا طبی معائنہ ہو چکا ہے اور وہ خطرے سے باہر ہے
ضلع فیروز آباد ہسپتال کے ڈاکٹروں کے ایک گروپ نے شیر خوار بچی کے ٹیسٹ کیے جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک ہے اور اسے نوزائیدہ بچوں کے لیے کی جانے والی صرف بنیادی دیکھ بھال کی ضرورت ہے
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے ایک پولیس افسر کے حوالے سے بتایا کہ بچی محفوظ ہے اور اس کا ضروری علاج ہو رہا ہے جبکہ موٹر سائیکل چلانے والے بچی کے والد بھی محفوظ ہیں
پولیس افسر نے مزید کہا کہ خاتون کے شوہر کی شکایت درج کی جائے گی اور ٹرک ڈرائیور کا جلد ہی پتہ لگا لیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے قریبی سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے
عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں سڑک حادثات کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی تعداد زیادہ ہے
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہر سال ٹریفک حادثات میں ڈیڑھ لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔