اربوں کی جائیداد کی وارث اسکول ٹیچر کے اغوا اور قتل کی واردات نے امریکی شہر میمفِس کے شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے
جمعے کے روز لاپتہ ہونے والی الزبتھ فلیچر کی لاش پیر کے روز ایک ایسے مقام پر اپارٹمنٹ بلڈنگ کے عقب سے ملی، جہاں وہ جاگنگ کرتی تھیں
پولیس نے اڑتیس سالہ چلیوتھا ایبسٹن نامی شخص کو ملزم نامزد کیا ہے، جو پہلے بھی اغوا کے جرم میں بیس سال قید کی سزا کاٹ چکا ہے
پرائمری اسکول ٹیچر چونتیس سالہ الزبتھ فلیچر دو بچوں کی ماں تھیں۔ وہ ایک مقامی ارب پتی کی پوتی تھیں، لیکن اسکول میں پڑھاتی تھیں۔ ان کو جمعے کے دن اس وقت اغوا کیا گیا، جب وہ میمفِس یونیورسٹی کے قریب جاگنگ کر رہی تھیں
وہ اپنے علاقے کی جانی پہچانی شخصیت تھیں۔ ان کے دادا جوزف اورگل سوئم ایک مقامی کاروباری شخصیت تھے
ان کی کمپنی کی مالیت تین ارب ڈالر سے زیادہ بتائی جاتی ہے، جس میں پانچ ہزار سے زیادہ افراد ملازمت کرتے ہیں
تاہم خاندانی کاروبار کا حصہ بننے کی بجائے الزبتھ نے سینٹ میری ایپسکوپال اسکول میں جونیئر کنڈر گارٹن ٹیچر کے طور پر کام کرنے کو ترجیح دی
ان کی لاش برآمد ہونے کے بعد ان کے خاندان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’الزبتھ اپنے خاندان، دوستوں، ساتھیوں اور طلبا کے لیے خصوصی درجہ رکھتی تھیں اور یہ وقت ان کو یاد کرنے اور ان لوگوں کی مدد کرنے کا ہے، جو ان کے قریبی تھے‘
الزبتھ فلیچر کو صبح سویرے جاگنگ کی عادت تھی، لیکن جمعے کو مقامی وقت کے مطابق چار بجے کے قریب وہ لاپتہ ہو گئی تھیں
جب اس دن وہ گھر واپس نہیں لوٹیں تو ان کو لاپتہ قرار دے دیا گیا
ان کے خاندان کی جانب سے ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر پچاس ہزار ڈالر انعام کی رقم کا بھی اعلان کیا گیا
بعد میں سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ایک شخص ان کے پاس آتا ہے، جس سے ان کی ہاتھا پائی ہوتی ہے۔ پولیس کے مطابق اس کے بعد وہ شخص ان کو ایک کالے رنگ کی گاڑی میں زبردستی لے جاتا ہے
پیر کے دن پولیس حکام نے بتایا کہ ان کو پانچ بجے ایک لاش ملی لیکن انہوں نے اس وقت کسی شناخت سے گریز کیا۔ منگل کے دن پولیس نے تصدیق کی کہ وہ لاش الزبتھ فلیچر کی ہی تھی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کی لاش ایک خالی اپارٹمنٹ کے عقب سے ملی تھی
کلیوتھا ایبسٹن نامی شخص کو ہفتے کے دن گرفتار کیا گیا تھا اور ان پر اغوا اور قتل سمیت شواہد مٹانے کا مقدمہ بھی درج کیا جا چکا ہے
پولیس کی دستاویزات کے مطابق ان کی گرفتاری میں اس مقام سے ملنے والے سینڈلز کے ڈی این اے ٹیسٹ نے مدد کی، جہاں الزبتھ کو آخری بار دیکھا گیا تھا
پولیس نے کلیوتھا ایبسٹن کی رہائش گاہ سے ایک گاڑی بھی برآمد کی، جو بلکل ویسی ہے جیسی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھائی دے رہی ہے
ایک وڈیو میں ان کو الزبتھ فلیچر کے اغوا کے صرف تین گھنٹے کے بعد اپنے بھائی کے اپارٹمنٹ کمپلیکس پہنچنے پر ایک گھنٹے تک اپنی گاڑی کو صاف کرتے ہوئے دیکھا گیا
عدالتی دستاویزات کے مطابق ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ ان کا رویہ عجیب سا تھا اور انہوں نے اپنی گاڑی کو اندر سے صاف کرنے کے لیے قالین کی صفائی کرنے والی مشین بھی استعمال کی
اس نامعلوم عینی شاہد کے مطابق ملزم نے اپنے کپڑے بھی بھائی کے گھر میں دھوئے
دستاویزات کے مطابق جب پولیس اس رہائش گاہ پر پہنچی تو کلیوتھا ایبسٹن نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اس کو دھر لیا گیا
کلیوتھا ایبسٹن اس سے قبل سنہ 2000ع میں میمفس کے ایک مشہور وکیل کو بندوق کے زور پر اغوا کرنے کے جرم میں لگ بھگ بیس سال قید کی سزا کاٹ چکے ہیں اور ان کو دو سال قبل 2020ع مئی میں رہا کیا گیا تھا۔