ماہرین نے جگر ناکارہ ہونے کی وجوہات کا پتہ لگا لیا

ویب ڈیسک

ماہرین نے خلیاتی (سیلیولر) سطح پر مکمل طور پر جگر کے ناکارہ (فیل) ہو جانے کا راز دریافت کیا ہے، جس کے بعد اب اس عمل کو روک کر مریضوں کو موت کے منہ میں جانے سے بچانا بہت حد تک ممکن ہو گیا ہے

جگر فیل ہونا ایک ایسی بیماری ہے، جو تیزی سے بدترین ہو جاتی ہے اور  80 فیصد کیفیات کا نتیجہ موت کی صورت میں نکلتا ہے۔  خود مغرب کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی یہ ایک اہم مسئلہ ہے. بسا اوقات پیراسیٹامول کے بے تحاشہ استعمال سے جگر اس حالت تک پہنچتا ہے۔

اس ضمن میں ہونے والی تحقیقات کے دوران وائزمان انسٹی ٹیوٹ آف سائنس کے پروفیسر ایرون ایلی نیف اور آئیڈوامیت نے مشاہدہ کیا کہ چوہوں میں تین ذیلی اقسام کے خلیات ایک ساتھ مل کر جگر کو فیل یا ناکارہ بناتے ہیں۔ اس عمل میں آنتوں کے بیکٹیریا خود بیمار خلیات بھی سگنل بھیجتے ہیں۔ اب ہم اس عمل کو سمجھتے ہوئے اگر سگنل کو روک سکیں یا آنتوں کے مخصوص خردنامیوں کو ختم کرسکیں تو اس سے موت کو ٹالا جاسکتا ہے اور مریضوں کو کچھ وقت مل سکتا ہے

ماہرین نے اس عمل میں مرض سے پہلے اور بعد میں چوہے کے جگر کے خلیات دیکھے اور خود انسانی مریضوں کے خلیات بھی نوٹ کئے۔ اس دوران ان دونوں کے درمیان حیرت انگیز یکسانیت پائی گئی۔ پھر ماہرین نے جگر کی ناکارگی میں مبتلا چوہوں میں مخصوص سگنل روکے تو ان کی طبیعیت بہتر ہوئی اور رفتہ رفتہ جگر کی حالت بھی بہتر ہونا شروع ہو گئی

ماہرین کے مطابق جگر کے بہت سے خلیات میں سے جگر فیل کرنے والے خلیات کی نشاندہی بہت مشکل کام تھا۔ پہلے چوہوں کے جگر کے تمام خلیات کا پورا نقشہ بنایا گیا اور بالخصوص جگر کے عارضےاور ناکارگی کو نوٹ کیا گیا۔ اس طرح خلیات کی 49 ذیلی اقسام سامنے آئیں اور آخرکار تین اقسام کے خلیات پر آ کر نظر ٹھہر گئی۔ یہ خلیات بہت سی رطوبتیں بھی خارج کرتے ہیں۔

دوسری جانب سائنسدانوں نے آنتوں سے آنے والے سگنل کا راستہ (پاتھ وے) بھی معلوم کیا اور پھر چن چن کر ان خردنامیوں کو ختم کیا جو ایسے سگنل خارج کر رہے تھے۔ اس کے فوراً بعد ہی جگر کی ناکارگی میں مبتلا بیمار چوہوں کی حالت بہتر ہو گئی اور وہ باقی ماندہ چوہوں کے مقابلے میں زیادہ عرصے زندہ رہے

ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ دن دور نہیں جب  یہ طریقہ انسانوں پر آزما کر جگر کے فوراً ناکارہ ہونے کے عمل کو روکا جاسکے گا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close