آئی فون 14 میں دی گئی ایمرجنسی سیٹلائیٹ رابطہ اور کار کریش ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی کیا ہے؟

ویب ڈیسک

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون کے نئے ماڈل لانچ کر دیے ہیں۔ کمپنی نے اس بار دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے فون کی قیمت کو ’کم‘ رکھنے کی بھی کوشش کی ہے

خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق بدھ کی رات رواں سال کی سب سے بڑی لانچ میں کمپنی نے اپنی مصنوعات کی توجہ نئی تکنیکی چیزوں کو مزید خوبصورت انداز میں پیش کرنے کے بجائے اس کے حفاظتی نظام کو بہتر بنانے پر مرکوز کی ہے

کمپنی کی جانب سے آئی فون 14 دو سائز میں متعارف کروایا گیا، یعنی معمول کے آئی فون 14 اور بڑی اسکرین یا ڈسپلے کے ساتھ آئی فون 14 پلس

امریکہ میں آئی فون 14 کی رونمائی کے دوران دکھایا گیا کہ نئے فون میں ایمرجنسی سیٹلائیٹ کنکٹیویٹی اور کار کریش ڈیٹیکشن ٹیکنالوجی بھی موجود ہے

کمپنی نے اس بار کیمرا ٹیکنالوجی میں بہت بڑی تبدیلی لاتے ہوئے اسے اپگریڈ کیا ہے، جب کہ پہلی بار فون میں ایسے سیکیورٹی فیچرز دیے گئے ہیں، جو تاحال کسی اور کمپنی نے نہیں دیے

آئی فون میں ایمرجنسی میسیجز اور فون کالز کے سیکیورٹی فیچرز دیے گئے ہیں، یعنی جیسے ہی موبائل کے مالک کے ساتھ کوئی حادثہ ہوگا تو موبائل از خود ایمرجنسی فون یا میسیج کے ذریعے امدادی اداروں کو مطلع کرے گا اور ساتھ ہی صارف کے قریبی رشتے داروں اور دوستوں کو بھی حادثے سے متعلق آگاہ کرے گا

علاوہ ازیں فون میں سیٹ لائٹ کی مدد کے ذریعے کال یا پیغامات بھیجنے کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے، یعنی جہاں موبائل نیٹ ورک کام نہیں کرے گا، وہیں آئی فون مختلف سیٹ لائٹس کی مدد سے کال کرنے یا پیغام بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گا

اپیل کمپنی کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب کے دوران نئے فون کے چار ورژن متعارف کروائے گئے ہیں۔
عالمی وبا کے بعد منعقد کی گئی تقریب میں پہلی مرتبہ عام لوگوں کو بھی شریک ہونے کی اجازت تھی

تقریب میں ایپل نے دی واچ الٹرا کی بھی رونمائی کی لیکن لوگوں کی توجہ کا مرکز نیکسٹ جنریشن کے آئی فون اور ایئر پاڈ ہی رہے۔
تقریب میں دکھائی گئی پریزنٹیشن پہلے سے ریکارڈ شدہ تھی تاہم اسٹیج پر ایپل کے سی ای او ٹم کک موجود تھے

نئے آئی فون کی قیمت وہی رکھی گئی ہے جو گزشتہ برس آئی فون 13 کی تھی۔ تاہم رواں سال آئی فون نے اپنے سب سے کم قیمت ’آئی فون منی‘ کو لانچ نہیں کیا، جس کا مطلب ہے کہ اب آئی فون 14 کی کم سے کم قیمت بھی گزشتہ برس کے ’آئی فون منی‘ کی قیمت سے سو ڈالر زیادہ ہوگی۔
آئی فون 14 کی قیمت 799 ڈالر سے شروع ہوگی اور آئی فون 14 پلس کی قیمت 899 ڈالر ہوگی

علاوہ ازیں آئی فون پرو 999 ڈالر جبکہ آئی فون پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالر ہوگی

نئے آئی فونز کی ریلیز کے ساتھ ہی ایپل اسٹورز مشکلات کا شکار

نئے آئی فون 14 اور آئی فون 14 پرو کی ریلیز کے ساتھ ہی ایپل اسٹورز مشکل میں پڑ گئے ہیں

نئے موبائل فونز کی رونمائی بدھ کو کی گئی تھی۔ ایپل نے صارفین کو اپنے آن لائن اسٹور کے ساتھ ساتھ ایپ سے بھی ان ڈیوائسز کو پیشگی آرڈر کے ذریعے خریدنے کی ترغیب دی ہے، لیکن جیسے ہی جمعے کو پری آرڈرز کھلے صارفین تکنیکی مسائل کا شکار ہو گئے

صارفین نے شکایت کی کہ وہ پیج لوڈ کرنے یا نئے فونز کو کارٹ میں شامل کرنے سے قاصر ہیں۔ دیگر کئی نے پیج میں ایرر کی شکایت کی

ان مشکلات سے متاثرہ افراد کو مشورہ دیا گیا کہ وہ پیج کو ری فریش کرتے رہیں یا ایپ کو بند کر کے دوبارہ آرڈر کرنے کی کوشش کریں

نئے فونز کی ڈیلیوری کی تاریخیں اکتوبر اور اس کے بعد تک بڑھا دی گئی ہیں ، جبکہ ایپل کی نئی گھڑیاں فوری طور پر پری آرڈر کے لیے کھول دی گئیں اور آئندہ جمعہ یعنی 16 ستمبر کو آئی فونز کے ساتھ فروخت ہوں گی

آئی فون 14 کے پیش کیے جانے پر لوگوں کی مزاحیہ ٹوئٹس

آئی فونز کو متعارف کرائے جانے پر لوگوں نے ٹوئٹر پر مزاحیہ ٹوئٹس کیں اور اس پر ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا

جہاں بعض لوگوں نے آئی فون 14 کو گزشتہ سال پیش کیے جانے والے آئی فون 13 جیسا ہی قرار دیا، وہیں بعض لوگوں نے اس کی قیمت اور ڈیزائن سمیت دیگر فیچرز پر بھی مزاحیہ ٹوئٹس کیں

کچھ صارفین نے یہ شکوہ بھی کیا کہ آئی فون 14 پر بات کی جا رہی ہے مگر کوئی یو ایس بی ٹائپ سی سے متعلق کوئی سوال نہیں کر رہا

اگرچہ ایپل نے اس بار فون کی قیمت گزشتہ سال پیش کیے گئے آئی فون 13 سے بھی کم رکھی ہے، تاہم اس کے باوجود بعض لوگ فون کی قیمت پر بھی مذاق کرتے دکھائی دیے، اس بار آئی فون 14 کی ابتدائی قیمت 800 ڈالر رکھی گئی ہے

بعض صارفین نے لکھا کہ یہاں ایپل نے آئی فون 14 پیش کردیا ہے، جس پر کچھ لوگ اب ان افراد کی طرف دیکھ رہے ہیں، جو ابھی تک اینڈرائڈ فون استعمال کر رہے ہیں

کچھ افراد نے لکھا کہ گزشتہ چار سال سے ایپل ایک طرح کے ہی فون پیش کر رہا ہے، جس پر لوگ پریشان بھی ہیں

جہاں لوگوں نے آئی فون 14 کو کمپنی کے پرانے فونز جیسا قرار دیا، وہیں بعض افراد نے اس کی قیمت کا بھی رونا رویا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close