حالیہ برسوں اور مہینوں کے دوران سعودی عرب میں فٹبال کی متعدد بڑی خبریں آئیں، لیکن اس جیسی کوئی نہ تھی کہ کرسٹیانو رونالڈو مملکت کے کلب ال نصر سے کھیلنے کا معاہدہ کر رہے ہیں
اگرچہ قطر میں فیفا ورلڈکپ میں ارجنٹائن کے خلاف سعودی عرب کی جیت یقینی طور پر قوم کے لیے بہت اہم اور ناقابل فراموش لمحہ تھا، لیکن جب بات مقامی کلب فٹبال کی آئے تو اس کا مقابلہ کسی چیز سے نہیں ہو سکتا کہ پرتگال کا اسٹار فٹبالر سعودی روشن لیگ کھیلنے آ رہے ہیں
دنیائے فٹ بال کے نامور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی عرب کے فٹ بال کلب ’النصر‘ کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کی مالیت کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ 20 کروڑ یورو سے زیادہ ہوگی
37 سالہ پرتگالی فٹ بالر کا سعودی کلب کے ساتھ معاہدہ جون 2025 تک جاری رہے گا۔
مانچسٹر یونائیٹڈ، ریئل میڈرڈ اور جووینٹس جیسے کلبز کے لیے کھیلنے والے رونالڈو نے اس موقع پر کہا: ’میں کسی دوسرے ملک میں ایک نئی فٹ بال لیگ کا حصہ بننے کے لیے بے تاب ہوں۔‘
معاہدے کے بعد النصر کے ٹوئٹر ہینڈل سے پرتگالی سٹار کی تصویر شیئر کی گئی جس میں وہ نیلے اور زرد رنگ کی جرسی تھامے کھڑے ہیں، جس کی پشت پر ان کا پسندیدہ نمبر سات درج ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’النصر کلب جس وژن کے ساتھ کام کر رہا ہے، وہ بہت متاثر کن ہے اور مجھے اپنے ساتھی کھلاڑیوں میں شامل ہونے پر خوشی ہے تاکہ ہم مل کر ٹیم کو زیادہ کامیابی حاصل کرنے میں مدد کر سکیں۔‘
النصر نے سعودی عرب لیگ کے نو ٹائٹل جیتے ہیں، جس میں آخری بار 2019 کا ٹائٹل بھی شامل ہے۔
کلب نے اپنی ٹویٹ میں لکھا: ’یہ تاریخ بنانے سے بڑھ کر ہے۔ یہ ایک ایسا معاہدہ ہے جو نہ صرف ہمارے کلب کو مزید کامیابی حاصل کرنے میں مدد دے گا بلکہ ہماری لیگ، ہماری قوم اور آنے والی نسلوں، لڑکوں اور لڑکیوں کو بہترین کھلاڑی بننے کی ترغیب دے گا۔ کلب رونالڈو کو خوش آمدید کہتا ہے۔‘
دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑیوں کو اگلے چند ہفتوں اور مہینوں کے دوران ریاض، جدہ، دمام اور دیگر شہروں میں دیکھا جائے گا اور اسی طرح دنیا کے ہر کونے میں موجود فٹبال شائقین ان کو سعودی عرب میں کھیلتا ہوا دیکھیں گے
اگر سعودی فٹبال کو ایک طرف رکھ دیا جائے تو تب بھی یہ معاہدہ فٹبال کی بڑی خبروں میں سے ایک ہے۔ کچھ لوگوں کا خیال تھا یہ ناممکن ہوگا، مگر اب یہ ہو چکا ہے۔
عرب نیوز نے اسے ’یقینی طور پر ایک ناقابل فراموش ایڈونچر‘ قرار دیا ہے
کرسٹیانو رونالڈو ریاض جائنٹس سے دو سال کے لیے کھلیں گے۔ رپورٹ کے مطابق اس کے بعد وہ رواں دہائی کے اختتام تک ایمبیسیڈر کا کردار نبھائیں کریں گے
فیفا ورلڈکپ کے دوران جب رونالڈو کے سعودی عرب میں کلب فٹبال کھیلنے کی افواہیں عروج پر تھیں، ال نصر کے کوچ روڈی گارشیا نے کھیل کی تاریخ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک کے ساتھ کام کرنے کے امکان پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا ’کسی بھی کوچ کو کرسٹیانو جیسے عظیم اسٹار کو تربیت دینے میں خوشی ہوگی۔‘
ان کا کہنا تھا ’میرا ہمیشہ سے خیال ہے کہ بڑے کھلاڑیوں کو مینج کرنا سب سے آسان ہوتا ہے کیونکہ وہ بہت ذہین ہوتے ہیں۔‘
پرتگال کے اسٹار فٹبالر بلاشبہ دنیا کے مقبول کھلاڑی ہیں، وہ جس کلب سے بھی کھیلنے جاتے ہیں کروڑوں شائقین اس طرف کا رخ کرتے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پانچ سو ملین سے زیادہ فالوورز کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ مقبول شخص ہیں
اگر اُن کے فالوورز میں سے صرف دس فی صد نے بھی اُن کے ال نصر میں کھیلنے میں دلچسپی لی تو سعودی پروفیشنل لیگ دنیا میں بڑے پیمانے پر دیکھی جانے والی لیگ میں سے ایک ہوگی
رونالڈو نے ایک سال کے بعد خلیج کا رخ کیا ہے طرف روانہ ہوئے۔ اس سے قبل ان کے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے ان کی راہیں اس وقت جدا ہوگئی تھیں جب ایک دھماکہ خیز ٹی وی انٹرویو میں رونالڈو نے کہا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ کلب نے انہیں دھوکہ دیا
مانچسٹر یونائیٹڈ نے رونالڈو کے ساتھ اس وقت اپنا معاہدہ ختم کر دیا، جب وہ ورلڈکپ میں پرتگال کی ٹیم کے ساتھ تھے
قطر ورلڈ کپ 2022 میں رونالڈو کا آغاز اچھا رہا، جب وہ گھانا کے خلاف گول کر کے پانچ عالمی ٹورنامنٹس میں گولز اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے
لیکن جب پرتگال کوارٹر فائنل میں مراکش سے ہار گیا تو انہوں نے نم آنکھوں سے ٹورنامنٹ کا اختتام کیا
رونالڈو طویل عرصے سے فٹ بال میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں
جووینٹس میں ان کا معاوضہ 31 ملین یورو بتایا جاتا ہے حالانکہ اطالوی کلب کے اکاؤنٹس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کیوں کہ اس نے کھلاڑیوں سے معاہدوں کو کم کر کے پیش کیا تھا
اسی طرح یونائیٹڈ میں دوبارہ شامل ہونے کے لیے ان کے معاوضے میں کٹوتی کی گئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق بونس سے پہلے ان کا بنیادی سالانہ معاوضہ 15 ملین سے 28 ملین یورو کے درمیان رکھا گیا تھا اور وہ اس وقت بھی یورپ میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑیوں میں سے ایک تھے۔
رونالڈو کی سعودی عرب کے کلب میں شمولیت سے اس کے بین الاقوامی امیج کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
سعودی عرب نے حال ہی میں ہیوی ویٹ باکسنگ ٹائٹل کے مقابلے منعقد کیے ہیں جب کہ پچھلے دو سالوں میں فارمولا ون گراں پری کے ساتھ ساتھ ڈاکار ریلی کی میزبانی بھی کی ہے۔
سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے 2021 میں پریمیئر لیگ کلب نیو کیسل کو خریدا تھا اور اسے اب مانچسٹر یونائیٹڈ سے بھی منسلک کیا جا رہا ہے۔
رونالڈو کا طویل عرصے سے فٹ بال کے عظیم ترین کھلاڑی اور سب سے زیادہ کمائی کرنے والے لیونل میسی کے ساتھ مقابلہ رہا ہے۔
میسی نے ورلڈ کپ جیت کر میدان میں رونالڈو پر برتری تو حاصل کر لی لیکن پرتگالی سٹار کو سعودی عرب میں ملنے والی رقم ارجنٹائن کے کھلاڑی کو پیرس سینٹ جرمین سے ملنے والی رقم سے کہیں زیادہ ہے۔