جدید دور کی ترقی نے جہاں بہت سے کاموں کو آسان بنا دیا ہے، وہیں مختلف زبانوں کے علم کو بھی سہل کر دیا ہے۔ سمارٹ ٹیکنالوجی کی بدولت اب بغیر کسی استاد کے مختلف زبانوں کے بارے میں اہم معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں
گوگل ٹرانسلیشن کی سہولت سے مختلف ممالک جانے والے سیاحوں کو یہ سہولت ہو گئی ہے کہ وہ جس ملک میں بھی جائیں وہاں کی زبان نہ آنے کے باوجود محض اپنے سمارٹ فون کے ذریعے وہاں کے مقامی افراد سے بآسانی بات چیت کر سکتے ہیں
آج کل مختلف زبانیں جاننا بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ جتنی زیادہ زبانوں میں آپ مہارت حاصل کریں گے اتنا ہی آپ کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا
کئی زبانیں جاننے والوں کے لیے ملازمتوں کے مختلف مواقع موجود ہوتے ہیں اور سفر کے دوران بھی انہیں کافی سہولت ہوتی ہے
ویب سائٹ سی نیٹ ڈاٹ کام کے مطابق متعدد ایسی ایپلیکیشنز ہیں، جن کے ذریعے اب کسی استاد کی خدمات حاصل کیے بغیر یا انسٹیٹیوٹ میں داخلہ لیے بغیر کسی بھی وقت میں انگلش یا دوسری کوئی بھی زبان سیکھی جا سکتی ہے۔ ذیل میں ہم زبانیں سیکھنے کی دس ایپس کے بارے میں بتا رہے ہیں
◉ ڈیواؤ لنگو (Duolingo)
اس ایپ کے ذریعے انتہائی آسان انداز میں متعدد زبانوں کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ یہ ایپ آسان طریقے سے جملوں کو سمجھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔ زبان سیکھنے کے عمل کو آسان بناتے ہوئے اس میں سننے کی سہولت بھی ہے تاکہ جملوں کی ادائیگی کے درست طریقے سے آگاہی ہو۔ مذکورہ ایپ کی ماہانہ فیس سات ڈالر ہے، جس میں ماہانہ بنیاد پر ٹیسٹ بھی شامل ہے
◉ بیبل (Babbel)
یہ ایپ غیرملکی زبان کے آن لائن ٹیوٹر یا انسٹیٹیوٹ جیسی ہے۔ اس میں انتہائی آسان طریقے سے تعلیم کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ ہر موضوع کے ترجمے کی بھی سہولت ہے۔ مختلف جملوں اور عبارتوں کو آسان فہم بنانے کے لیے تصاویر بھی دی گئی ہیں۔ یومیہ پندرہ منٹ کی ایک کلاس ہوتی ہے۔
◉ ڈراپس (Drops)
اس ایپ میں انگلش حروف کے ذریعے مذکورہ زبان کے جملوں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اسے مزید آسان بنانے کے لیے دیگر ایپس کی طرح تصاویر کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس ایپ کے ورژن ’ڈراپس پریمیئر‘ کی ماہانہ فیس تیرہ ڈالر، جبکہ سالانہ ستر ڈالر ہے یا لائف ٹائم ایک بار خریدنے پر ایک سو ساٹھ ڈالر ہے، جس میں پچاس فیصد ڈسکاؤنٹ بھی دیا جاتا ہے
◉ مانڈلی (Mondly)
اس ایپ کو مزید آسان اور دلچسپ بنانے کے لیے اس میں متعدد خصوصیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس میں ٹیوٹر سیکھنے والی زبان کے جملوں اور حروف کو انتہائی آسان طریقے سے سمجھاتا ہے۔ ابتدائی ورژن میں مذکورہ ایپ مفت ہے، تاہم ’پریمیئم‘ کے لیے ایک زبان سیکھنے کے لیے ماہانہ دس ڈالر جبکہ سالانہ اڑتالیس ڈالر کی فیس ہے
◉ میمرائز (Memrise)
میمرائز ایپ میں مختصر وڈیوز کے ذریعے مختلف زبانوں کی تعلیم دی جاتی ہے، جس سے زبان کا سمجھنا مزید آسان ہو جاتا ہے۔ اس میں لفظی ترجمے کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے، علاوہ ازیں سیکھنے والی زبان میں استعمال ہونے والے عام جملے اور فقرے بھی آسانی سے سمجھائے جاتے ہیں۔ اس ایپ میں بعض کورس مفت فراہم کیے جاتے ہیں تاہم اس کی رکنیت کی فیس ماہانہ پندرہ ڈالر ہے، جب کہ سالانہ نوے اور لائف ٹائم کے لیے دو سو ڈالر مقرر ہیں۔
◉ لیریکا (Lirica)
لیریکا ایپ کی خصوصیت یہ ہے کہ اس میں مطلوبہ زبان کی گرائمر کو اس کے اصل رموز کے تحت سکھایا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں اس ایپ میں روایتی موسیقی کا بھی سہارا لیا جاتا ہے، جس کی دھنوں کو الفاظ سے میچ کیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس ایپ میں صرف ہسپانوی، فرانسیسی، جرمن اور انگلش کی سہولت ہے۔ اس ایپ کا تجرباتی ورژن مفت ہے، جو کہ ایک ہفتے کے لیے ہے۔ اس کی نو ڈالر ماہانہ اور بیس ڈالر ششماہی اور تیس ڈالر سالانہ کے حساب سے فیس مقرر ہے
◉ پمسلر (Pimsleur)
اس ایپ میں بات چیت کے ذریعے زبان سکھائی جاتی ہے۔ اس میں پوڈکاسٹ بھی ہے۔ ابتدائی طور پر جو زبان سیکھنی ہوتی ہے، تو اس کا ابتدائی کورس تیس منٹ کا ہوتا ہے، جسے ڈاؤن لوڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔ اس میں سننے والے پروگرام ہوتے ہیں، جسے سن کر زبان سیکھی جا سکتی ہے۔
◉ روسیتا سٹون (Rosetta Stone)
زبان سیکھنے کے حوالے سے اس ایپ کا شمار ابتدائی ایپس میں ہوتا ہے۔ مذکورہ ایپ کی تین ماہ کی فیس 35.97 ڈالر ہے، جبکہ 95.88 ڈالر سالانہ ہے۔ لائف ٹائم کے لیے اس ایپ کو حاصل کرنے کی فیس 179 ڈالر ہے جبکہ اس میں 25 زبانیں سیکھنے کی سہولت موجود ہے
◉ رائپ (Rype)
یہ ایپ دیگر ایپس سے قدرے مختلف ہے۔ اس میں طالب علم کے لیے استاد موجود ہوتا ہے۔ اس ایپ کی فیس انتہائی کم ہے اور محض ایک کورس حاصل کرنے پر آپ مزید کورسز بھی حاصل کر سکتے ہیں