’ڈائٹلو پاس‘ کا معمہ: ایک ادھوری مہم کی مکمل داستان

سنگت ڈیسک

دنیا میں کچھ راز ایسے ہوتے ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ مدھم نہیں پڑتے بلکہ مزید گہرے اور خوفناک ہوتے چلے جاتے ہیں۔ برف سے ڈھکے ایک ویران پہاڑی راستے پر پیش آنے والا ”ڈائٹلو پاس“ کا واقعہ بھی انہی معمّوں میں سے ایک ہے؛ ایک ایسا حادثہ جس نے دہائیوں سے محققین، صحافیوں اور سازشی نظریات کے شوقین لوگوں کو الجھا رکھا ہے۔

سوال صرف یہ نہیں کہ نو تجربہ کار مہم جو مارے کیسے گئے، بلکہ اصل حیرت یہ ہے کہ ان کے آخری لمحات میں ایسا کیا ہوا تھا جس نے فطرت، خوف اور انسانی عقل – تینوں کی حدود کو دھندلا دیا۔ آج بھی جب اس واقعے کی فائلیں کھولی جاتی ہیں تو برف میں دفن وہ خاموشی جیسے ایک نیا سوال جنم دینے لگتی ہے۔

Dyatlov Pass mystery 1959

 

مہم کا آغاز: ایک سفید جہنم کا بلاوا

1959 کا سوویت یونین، جہاں ایک طرف خلا کو مسخر کرنے کے خواب تھے اور دوسری طرف سائبیریا کا وہ وحشی اور بے رحم علاقہ جو انسانی بستیوں سے کوسوں دور ایک ”سفید جہنم“ کی مانند پھیلا ہوا تھا۔ یہ مہم محض تفریح نہیں تھی، بلکہ نو تجربہ کار کوہ پیماؤں کا قدرت کے کٹھن ترین قوانین سے ایک ٹکراؤ تھا۔ ایگور ڈائٹلو اور ان کے ساتھی کوئی نوآموز نہیں تھے، وہ برفانی طوفانوں اور دشوار گزار راستوں کے ماہر تھے، لیکن اس بار وہ ایک ایسی مہم پر نکلے تھے جہاں سے واپسی کا راستہ شاید قدرت نے پہلے ہی بند کر دیا تھا۔

ایگور ڈائٹلو کی قیادت میں یہ گروہ ٹرین، بس، ٹرک اور پھر گھوڑا گاڑی سے ہوتا ہوا جب پیدل سفر پر نکلا، تو تقدیر نے پہلا مہرہ یوری یوڈن (Yuri Yudin) کی صورت میں ہٹایا۔ وہ بیماری کے باعث واپس مڑ گئے اور اپنے ان نو دوستوں کی آخری مسکراہٹیں دیکھ پائے جو اب صرف تصویروں میں باقی ہیں۔ ان کی ڈائری کا آخری سوال، ”میں حیران ہوں کہ اس مہم میں ہمارا کیا انتظار کر رہا ہے؟“ آج کسی ڈراؤنے خواب کی تمہید معلوم ہوتا ہے۔ ان ماہرین کی ذہنی حالت مضبوط تھی، لیکن ”مردہ پہاڑ“ (Dead Mountain) کے دامن میں پہنچ کر ان کا سامنا ایک ایسی آفت سے ہوا جس نے ان کی تمام تر مہارت کو ریت کے گھروندے کی طرح بکھیر دیا۔

sangat mag

ہولناک دریافت: خاموش خیمہ اور پراسرار خاموشی

کئی ہفتوں کی تشویشناک خاموشی کے بعد جب سرچ پارٹی 26 فروری کو اس ڈھلوان پر پہنچی، تو وہاں کا منظر کسی سراغ رساں کے لیے بھی اعصاب شکن تھا۔ خیمہ آدھا برف میں دفن تھا، لیکن اس کی حالت ایک عجیب داستان سنا رہی تھی۔ خیمے کو کسی بیرونی درندے نے نہیں، بلکہ اندر موجود افراد نے چاقو سے چیر کر باہر نکلنے کی جگہ بنائی تھی۔ یہ بدحواسی کی انتہا تھی یا بقا کی آخری کوشش؟

خیمے کے اندر ہر چیز ایک ادھوری رات کی گواہی دے رہی تھی۔ جوتے اور بھاری بوٹ قرینے سے رکھے تھے، جیسے ان کے مالک چند لمحوں بعد دوبارہ انہیں پہننے والے ہوں۔ گرم جیکٹس، کپڑے اور ضروری سامان وہیں پڑا تھا، گویا کسی نے انتہائی عجلت میں زندگی بچانے اور سردی سے بچنے کے درمیان ایک ناممکن انتخاب کیا ہو۔ ایک طرف کٹا ہوا گوشت اور بیکن موجود تھا، جس سے محسوس ہوتا تھا کہ چند لمحے پہلے تک وہاں معمول کی انسانی زندگی سانس لے رہی تھی – لوگ کھانے کی تیاری کر رہے تھے، باتیں ہو رہی ہوں گی، شاید ہنسی بھی گونجی ہو۔۔ لیکن پھر یکایک کچھ ایسا ہوا کہ سب کچھ اسی حالت میں چھوڑ کر وہ برفانی تاریکی میں نکل گئے، جیسے خیمے کے اندر اچانک کوئی ان دیکھی دہشت اتر آئی ہو۔

sangat mag

خیمے سے باہر برف پر نو افراد کے پیروں کے نشانات ملے۔ یہاں ایک عجیب معمہ تھا؛ ان نشانات کی گہرائی (Mild indentations) بتاتی تھی کہ وہ بھاگ نہیں رہے تھے، بلکہ ”پرسکون اور منظم“ انداز میں نیچے اتر رہے تھے۔ یہ بات کسی بھی بیرونی حملے یا UFO کے نظریے کو کمزور کرتی ہے۔ منفی 30 ڈگری کے درجہ حرارت میں، بنا جوتوں اور لباس کے، وہ کس خوف کے زیرِ اثر اتنے ساکت تھے کہ دوڑنے کے بجائے موت کی طرف چل کر جا رہے تھے؟

واضح رہے کہ اس واقعے کے حوالے سے کئی نظریات موجود ہیں۔ جس میں سر فہرست بیرونی حملے کا نظریہ ہے، جس کے مطابق کسی دشمن، فوجی دستے، مقامی قبائل یا قاتل گروہ نے حملہ کیا ہوگا۔ ڈائٹلو پاس کے بارے میں ایک مشہور تصور یہ بھی ہے کہ ان کا سامنا کسی خلائی مخلوق، پراسرار روشنیوں یا نامعلوم طاقت سے ہوا تھا۔

ایک سوال یہ بھی موجود ہے کہ ”وہ کس خوف کے زیرِ اثر تھے؟“ — دراصل اس خیال کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ خطرہ شاید نظر آنے والا نہیں تھا، بلکہ کوئی ایسی چیز تھی جس نے انہیں خیمہ چھوڑنے پر مجبور کیا؛ مثلاً برفانی تودے کا خوف، زہریلا دھواں، شدید ہوا کی آواز، یا کسی قدرتی آفت کا گمان۔ چونکہ وہ بھاگنے کے بجائے منظم انداز میں نکلے، اس سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ ممکن ہے انہوں نے خیمہ جان بوجھ کر چھوڑا ہو، جیسے کسی ممکنہ برفانی تودے، خیمے کے گرنے، یا اندرونی خطرے سے بچنے کے لیے۔ یعنی خوف فوری تھا، لیکن اتنا اچانک نہیں کہ وہ دیوانہ وار دوڑ پڑتے۔ کم از کم وہاں موجود آثار تو یہی بتاتے ہیں۔

لاشوں کی برآمدگی: موت کا ہولناک تضاد

ان مہم جوؤں کی لاشیں جس ترتیب سے ملیں، وہ انسانی جسم پر شدید سردی اور ناگہانی آفت کے اثرات کی ایک دردناک دستاویز ہے۔ تفتیش سے یہ ہوش ربا انکشاف بھی ہوا کہ گروہ کے چار ارکان نشے (Intoxication) کی حالت میں تھے، جس نے شاید ان کے حواس اور سردی کو محسوس کرنے کی صلاحیت کو مزید مفلوج کر دیا تھا۔

لاشوں کی برآمدگی کے تین مراحل تھے:

1. دیودار کے درخت کے پاس: دو ہائیکرز کی لاشیں صرف زیرِ جامہ اور جرابوں میں ملیں۔ درخت کی پانچ میٹر تک ٹوٹی ہوئی ٹہنیاں اور ان کے جسموں پر جلنے کے نشانات (Burn marks) بتاتے ہیں کہ وہ یا تو خیمے کو تلاش کرنے کی ناکام کوشش میں درخت پر چڑھے یا کسی آگ کے گرد زندگی کی آخری تپش ڈھونڈ رہے تھے۔
2. خیمے اور درخت کے درمیان: تین لاشیں اس پوزیشن میں ملیں جیسے وہ گرتے پڑتے واپس خیمے کی طرف جانے کی جدوجہد کر رہے تھے۔ ان کی موت ہائپوتھرمیا (شدید سردی) سے ہوئی، مگر ان کے جسموں پر بھی معمولی زخموں کے نشانات تھے۔
3. کھائی کا مقتل: مئی میں ملنے والی آخری چار لاشیں اس معمے کا سب سے تاریک باب ہیں۔ وہ ایک کھائی میں تین میٹر برف کے نیچے دبے ہوئے تھے۔ ان کے جسموں پر "کار حادثے” جیسی شدید اندرونی چوٹیں تھیں—پسلیاں ٹوٹی ہوئی تھیں اور کھوپڑی میں فریکچر تھا، مگر حیران کن طور پر جسم کے باہر تشدد کا کوئی نشان نہیں تھا۔ یہ چوٹیں ان کے زندہ رہتے ہوئے لگی تھیں، جو کسی بہت بڑے بوجھ یا اونچائی سے گرنے کا نتیجہ تھیں۔

حقائق بمقابلہ افسانے: سائنسی تجزیہ

تفتیشی صحافت کا تقاضا ہے کہ سنسنی خیزی کو شواہد کی چھلنی سے گزارا جائے۔ لیوڈمیلا ڈوبینینا کی زبان اور آنکھوں کا غائب ہونا کوئی مافوق الفطرت واقعہ نہیں بلکہ پوسٹ مارٹم کے دوران ہونے والی تبدیلیاں تھیں؛ لاش کے پانی میں رہنے اور گلنے سڑنے (Putrefaction) کے باعث نرم بافتیں ضائع ہو گئی تھیں۔ اسی طرح، ڈوبینینا کے معدے میں ملنے والے ”100 گرام خون“ کا افسانہ بھی غلط نکلا؛ طبی رپورٹ کے مطابق وہ محض 100 ملی لیٹر ایک گاڑھا لیس دار مادہ (Slimy mass) تھا، جو غالباً غذا اور اندرونی خون بہنے کا امتزاج تھا۔

کپڑوں پر ملنے والی تابکاری (Radioactivity) کی حقیقت بھی سامنے آ گئی۔ گروہ کے دو ارکان، کولیواتوف اور کریوونیشینکو، ماضی میں خفیہ ایٹمی اور پلوٹونیم پلانٹس پر کام کر چکے تھے۔ ان کے لباس پر ملنے والی مخصوص تابکاری کسی بیرونی حملے کے بجائے ان کے پیشہ ورانہ پس منظر کا نتیجہ تھی۔

جہاں تک آسمان پر نظر آنے والے ”آگ کے گولوں“ کا تعلق ہے، تو وہ سرد جنگ کے دور کے راکٹ تجربات یا خلائی فضلے کا دوبارہ فضا میں داخل ہونا ہو سکتا ہے۔ کیمرے سے ملنے والی ”آخری تصویر“ جس میں روشنی کا ایک دھندلا ہالہ نظر آتا ہے، وہ کسی خلائی مخلوق کے بجائے ٹارچ یا چولہے کی روشنی بھی ہو سکتی ہے جسے سنسنی کے مارے ذہنوں نے UFO کا نام دے دیا۔

حتمی نظریہ: ایک چھوٹی غلطی، ایک عظیم المیہ

تمام کڑیوں کو جوڑنے کے بعد، یہ داستان کسی خلائی مخلوق کی نہیں بلکہ انسانی غلطی اور قدرت کے بے رحم جبر کی نکلتی ہے۔ ایگور ڈائٹلو کا خود ساختہ چولہا (Stove) اس سانحے کا مرکزی کردار معلوم ہوتا ہے۔ حادثے کی رات وہ چولہا جلا کر کھانا تیار کر چکے تھے۔

ممکنہ ترتیبِ واقعات کچھ یوں ہے:
● دھواں اور گھٹن: چولہے کی چمنی اتارتے وقت یا کسی تکنیکی خرابی سے خیمہ اچانک زہریلے دھوئیں سے بھر گیا۔
● بقا کی تگ و دو: سانس لینا ناممکن ہوا تو انہوں نے دھوئیں کے اخراج کے لیے اوپر سوراخ کیے، مگر ناکامی پر دیوار کاٹ کر بدحواسی میں باہر نکل آئے۔ جسموں پر ملنے والے جلنے کے نشانات اسی گرم چولہے یا ہنگامی آگ کا نتیجہ تھے۔
● غلط فیصلہ: نشے کی حالت اور دھوئیں کے اثرات نے ان کے اعصاب مفلوج کر دیے تھے۔ وہ خیمے کو آگ کی لپیٹ میں سمجھ کر یا دھوئیں کی وجہ سے واپس نہ جا سکے اور دور نظر آنے والے جنگل کی پناہ لینے کا فیصلہ کیا۔
● کھائی کا حادثہ: چار ہائیکرز اندھیرے میں راستہ بھٹک کر یا ایک ”چھوٹے برفانی تودے“ (Minor Avalanche) کی زد میں آ کر کھائی میں جا گرے۔ تین میٹر برف اور چٹانوں کے بوجھ نے ان کے جسموں کو اندر سے کچل دیا، جس کی وجہ سے وہ ”کار حادثے“ جیسی چوٹوں کا شکار ہوئے۔

تفتیش کار کا یہ جملہ کہ ”مجبور کر دینے والی ایک نامعلوم زبردست قوت“ (Unknown Compelling Force) نے انہیں ہلاک کیا، دراصل ایک ایسی بیوروکریٹک اصطلاح تھی جس نے تفتیش کی ناکامی کو چھپانے کے لیے دہائیوں تک لوگوں کو گمراہ رکھا۔

حقیقت یہ ہے کہ پہاڑوں کی ابدی خاموشی میں ایک چھوٹی سی چنگاری اور دھوئیں کے بادل نے نو زندگیوں کا چراغ گل کر دیا۔ آج ڈائٹلو پاس کے یہ پہاڑ صرف ان مہم جوؤں کی یاد اور انسانی بے بسی کی گواہی دیتے کھڑے ہیں۔

____________________

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button