پنوں عاقل کے قریب کراچی ایکسپریس کو حادثہ پیش آیا، جس میں ٹرین کی نو بوگیاں ٹریک سے اترنے کے بعد الٹ گئیں جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جب کہ 40 افراد زخمی ہوگئے
تفصیلات کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات روہڑی اور پنوں عاقل کے درمیان لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی نو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جن میں سے چار کھائی میں جا گریں
حادثے میں ایک خاتون جاں بحق اور بچوں سمیت چالیس افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے تیس افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا، جبکہ 10 زخمی زیرِ علاج ہیں
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں جاں بحق خاتون کی شناخت عظمیٰ کے نام سے ہوئی ہے
واضح رہے کہ سکھر ڈویژن میں اکثر مقامات پر ٹریک خستہ حال ہے۔ سی پیک کی وجہ سے سکھر ڈویژن میں ٹریک کو اپ گریڈ نہیں کیا جاسکا ہے۔ حادثہ بھی بوگیوں کو ایک دوسرے سے جوڑنے والے کمپلین ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا
حادثے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت کئی گھنٹے معطل رہنے کے بعد بحال کر دی گئی ہے تاہم اس دوران کراچی جانے والی سات اور لاہور پہنچنے والی آٹھ ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں.