واٹس ایپ نے 2021 کے اپنے سب سے بڑے فیچر کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک

سماجی رابطوں کی بڑی ویبسائٹ واٹس ایپ نے 2021 کے اپنے سب سے بڑے فیچر کا اعلان کر دیا ہے

تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے کافی عرصے سے اپنے پلیٹ فارم پر اس فیچر کے حوالے سے کام کیا جا رہا تھا، جس کے تحت ایک اکاؤنٹ بیک وقت کئی ڈیوائسز میں استعمال کرنے کی سپورٹ فراہم کی جا سکے

تاہم کمپنی کی جانب سے اس فیچر کے حوالے سے کبھی بھی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں حالانکہ توقع کی جارہی تھی کہ اسے 2020 میں ہی متعارف کرا دیا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوسکا

ملٹی ڈیوائس سپورٹ واٹس ایپ صارفین کے لیے بہت اہم ہوگی کیونکہ وہ اپنے اکاؤنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز میں استعمال کرسکیں گے اور اس حوالے سے پہلی بار کمپنی کی جانب سے ایک اہم تفصیل سامنے آئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ایک اکاؤنٹ کتنی ڈوائسز میں استعمال ہوسکے گا

واٹس ایپ کے سی ای او ول کیتھکارٹ نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی کی جانب سے ایک فیچر پر کام کیا جارہا ہے جو صارف کو متعدد ڈیوائسز میں اپنے اکاؤنٹ کو استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرے گا

واٹس ایپ فیچرز کی تفصیلات لیک کرنے والی سائٹ WABetaInfo سے بات کرتے ہوئے ول کیتھکارٹ نے انکشاف کیا کہ اس فیچر کی بدولت آپ اپنے اکاؤنٹ کو چار ڈیوائسز میں بیک وقت استعمال کرسکیں گے جبکہ آئی پیڈ سپورٹ بھی جلد دستیاب ہوگی

خیال رہے کہ اس وقت صارف صرف ایک موبائل فون میں لاگ ان ہوسکتا ہے اور کمپیوٹر ویب براؤز پر ویب ورژن پر استعمال کرسکتا ہے مگر اس کے لیے موبائل ڈیوائس کا قریب ہونا ضروری ہے

اگر صارف کسی دوسرے فون میں اپنا اکاؤنٹ استعمال کرنا چاہے تو نئے سرے سے سائن ان کے عمل سے گزرنا پڑتا ہے

تاہم ملٹی ڈیوائس فیچر کے بعد واٹس ایپ کو بھی فیس بک میسنجر کی طرح متعدد ڈیوائسز میں استعمال کیا جا سکے گا

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملٹی ڈیوائس فیچر اب پبلک بیٹا ورژن میں جاری کیا جارہا ہے تو بیٹا ٹیسٹر اس کو استعمال کرکے فیڈبیک دے سکتے ہیں

تاہم انہوں نے عام صارفین کے لیے فیچر کی دستیابی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا مگر ان کے بیان سے واضح ہے کہ ایسا بہت جلد ہونے والا ہے اور صارفین کا انتظار ختم ہوجائے گا

یاد رہے کہ متعدد ڈیوائسز کی سپورٹ کے فیچر کے بارے میں سب سے پہلے جولائی 2019ع میں خبر سامنے آئی تھی اور WABetainfo نے اس وقت بتایا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم کی تشکیل پر کام کیا جارہا ہے جو ایک اکاﺅنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر لاگ ان ہونے میں مدد دے گا

اس سے قبل جو رپورٹس سامنے آئی تھیں ان کے مطابق ملٹی ڈوائس سپورٹ کے دوران مین ڈیوائس کو واٹس ایپ ویب کی طرح متحرک انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت بھی نہیں ہوگی

آسان الفاظ میں اگر فون آپ کے پاس موجود نہ ہو تو بھی واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ویب یا دیگر ڈیوائسز میں استعمال کرنا ممکن ہوگا بالکل اسی طرح جیسے فیس بک میسنجر کو استعمال کیا جاتا ہے

اس فیچر کو لنکڈ ڈیوائسز کا نام دیا جائے گا اور واٹس ایپ کی جانب سے ملٹی ڈیوائس سپورٹ کے لیے ڈیسک ٹاپ ورژن کا نیا یوزر انٹرفیس بھی متعارف کرایا جائے گا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close