شاہنواز ڈاھانی کی جگہ عثمان واہلہ انگلینڈ روانہ ہوگئے، نوجوان باؤلر ایک بار پھر محروم

نیوز ڈیسک

لاہور :  شعبہ کرکٹ آپریشنز پی ایس ایل کے سربراہ عثمان واہلہ، مستعفی ہونے والے بیٹنگ کوچ یونس خان کی جگہ چارٹرڈ طیارے میں سوار ہوگئے، جس کے بعد سپر لیگ کے ٹاپ وکٹ ٹیکر پیسر شاہنواز ڈاھانی کو انگلینڈ بھیجنے کا پلان پس منظر میں چلا گیا

واضح رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے ساتھ طے پانے والے معاملات میں قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان سمیت 37 افراد کی بائیوببل میں میزبانی پر اتفاق کیا تھا، روانگی سے قبل بیٹنگ کوچ یونس خان مستعفی ہوگئے تھے

ذرائع کا کہنا ہے کہ خالی نشست پر ٹیم مینجمنٹ پی ایس ایل 6 میں سب سے زیادہ وکٹیں اڑانے والے بولر شاہنواز ڈاھانی کو بٹھاکر انگلینڈ لے جانے کی خواہاں تھی لیکن پی سی بی کے شعبہ کرکٹ آپریشنز کے سربراہ عثمان واہلہ چارٹرڈ طیارے میں سوار ہوگئے اور بائیو ببل میں دیگر ارکان کے ساتھ موجود رہیں گے، قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد انھیں انگلینڈ میں ہی چھٹیاں گزارنا ہیں، یوں ان کو تو ٹکٹ اور آئسولیشن کی رقم بچانے کا موقع مل گیا لیکن شاہنواز ڈاھانی کیریئر میں اہم سنگ میل سے دور رہ گئے

ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز کے لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان پیسر کو انگلینڈ بھجوانے کی کوشش کی جارہی ہے، اگر لاجسٹک مسائل کی وجہ سے اسکواڈ کو جوائن نہ کر سکے تو ویسٹ انڈیز بھجوانے کا بندوبست کیا جائے گا

شاہنواز ڈاھانی دورہ انگلینڈ کے بعد شیڈول کیریبیئنز کے خلاف سیریز کے ٹیسٹ اسکواڈ کا تو حصہ ہیں مگر اب انھیں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے بھی بھجوائے جانے کا امکان ہے، لیکن فی الحال واہلہ کی وجہ سے ان کی روانگی تعطل کا شکار ہو گئی ہے

دوسری جانب پی ایس ایل 6 کی فاتح ملتان سلطانز کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے نوجوان فاسٹ بولر شاہنواز ڈاہانی کا آبائی علاقہ لاڑکانہ پہنچنے پر والہانہ انداز میں شاندار استقبال کیا گیا

ٹائٹل کے حصول کے بعد پہلی مرتبہ اپنے آبائی گاؤں آنے والے شاہ نواز ڈاھانی کا لاڑکانہ شہر میں داخل ہونے پر پولیس ٹریننگ سینٹر کے سامنے شاندار استقبال کیا گیا، لاڑکانہ کے شہریوں اور کرکٹ کے مداحوں نے طویل القامت فاسٹ بولر پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ہار پہنائے۔ شاہنواز داہانی خیرمقدمی نعروں کا جواب سندھ کے روایتی انداز میں ہاتھ جوڑ کر ادا کرتے رہے

بعد ازاں وہ ایک بڑے جلوس کی شکل میں لاڑکانہ سے ایک میل دور اپنے آبائی گاؤں کھاوڑ خان ڈاہانی پہنچے تو دوست احباب، عزیز واقارب، قریبی رشتہ داروں اور علاقہ مکینوں  نے ان کا والہانہ استقبال کیا اور پرجوش انداز میں اپنے جذبات کا اظہار کیا۔ قبل ازیں کراچی سے جامشورو پہنچنے پر بھی ان کا پرتپاک استقبال ہوا

5 اگست 1998 کو لاڑکانہ میں پیدا ہونے  والے 6 فٹ 2 انچ کی قامت کے فاسٹ بولر شاہنواز ڈاھانی نے پی ایس ایل 6 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کی جانب سے 11 میچز میں 24 وکٹیں حاصل کیں۔ لیگ کا بہترین بولر قرار دیے جانے کے ساتھ پی ایس ایل 6 الیون میں شامل کیے جانے والے شاہنواز ڈاھانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسے اپنے لیے ایک اعزاز قرار دیا

ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ ہی پی ایس ایل میں شرکت کرکے عمدہ کارکردگی پر بہت مسرور  اور اس پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، انہوں نے پرتپاک استقبال پر اپنے مداحوں اور  لاڑکانہ کے باسیوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے نے اس امر پر بھی اظہار مسرت کیا کہ پی ایس ایل کے دوران  لاڑکانہ کےمختلف مقامات پر بڑی اسکرینز لگاکر میچز دیکھنے کے مواقع فراہم کیے گئے

اس موقع پر شاہنواز داہانی نے نوجوان کھلاڑیوں کو بھرپور محنت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ میں بھی اپنے عزم، لگن اور جزبہ کی بدولت کامیابی کی منزل طے کرتا رہا، نوجوان کھلاڑی بھی اپنے شعبوں میں بھرپور محنت کریں تو کامیابی ان کے قدم چومے گی ، کامرس میں گریجویشن کرنے والے شاہنواز ڈاھانی نے کھیل کے ساتھ ساتھ  نوجوانوں پر تعلیم کے حصول پر بھی زور دیا، انہوں نے زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد اب دوبارہ  پاکستان کی نمائندگی ملنے پر  خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری کوشش ہوگی کہ عمدہ سے عمدہ کارکردگی دکھا کر اپنے ملک اور قوم کا نام روشن کروں، امید ہے کہ توقعات پر پورا اتروں گا

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی والدہ نے بھی بیٹے کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے

ملتان سلطان کے شاہنواز ڈاھانی کی والدہ نے کہا کہ بہت خوشی ہورہی ہے، پورا سندھ خوش ہے۔ شاہنواز کی کامیابی کے بعد گھر آنے کی بھی بہت خوشی ہے۔ دعا ہے شاہنواز کو اور بھی کامیابیاں نصیب ہوں

شاہنواز ڈاھانی کے بھائی علی رضا نے کہا کہ شاہنواز کو بچپن سے کرکٹ کھیلنے کا شوق تھا، شاہنواز نے بہترین کرکٹ کھیل کر گاؤں اور علاقے کی شان بڑھائی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close