سندھ کے لئے وفاق کا نیا ایکشن پلان

نیوز ڈیسک

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں وفاقی اداروں کے ذریعے ایکشن پلان شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ صوبے میں اسمگلنگ، منشیات اور بد انتظامی کی روک تھام کے لئے وفاقی حکومت کردار ادا کرے گی جبکہ وزیراعظم بھی جلد سندھ کا دورہ کریں گے

گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سندھ اسٹریٹجی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سندھ کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی اور سندھ میں پی ٹی آئی کے متحرک کردار پر بھی غور کیا گیا

ذرائع کے مطابق سندھ اسٹریٹجی کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی حکومت سے مشاورت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں ترجیحی بنیادوں پر اصلاحات ہوں گی، صوبے میں رینجرز، اے این ایف، ایف آئی اے، اور کسٹمز کو متحرک کیا جائے گا اور سندھ کے عوام کو ڈاکوؤں، بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ عناصر سے نجات دلائی جائے گی

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کا پہلا ٹارگٹ سندھ سے ڈاکو راج کا خاتمہ ہوگا. ڈاکوؤں کے خلاف سندھ کے مخصوص مقامات پر آپریشن ہوں گے. چاروں وفاقی ادارے باہمی اشتراک سے کارروائی کی اپنی اپنی منصوبہ بندی کریں گے

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ بھر میں امن و امان یقینی بنایا جائےگا اور ڈاکوؤں کا ہر جگہ پر محاسبہ کیا جائے گا

دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ گرین لائن کی طے شدہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے اور سندھ پیکج کے تحت منصوبوں پر بھی کام میں تیزی لائی جائے

وزیراعظم سے سندھ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی اسد عمر، رکنِ قومی اسمبلی غوث بخش مہر، رکنِ صوبائی اسمبلی علی گوہر مہر اور صفدر عباسی شریک تھے ۔ اس موقع پر سندھ کی سیاسی اور انتظامی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close