نہ چھیڑ ملنگاں نوں، ٹرمپ کا بڑی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ٹکر کی ایپ بنانے کا اعلان!

ویب ڈیسک

نیو یارک :  سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ذاتی ایپ ’ٹروتھ سوشل‘ لانچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق  سابق امریکی صدر نے ٹوئٹر اور فیسبک کی جانب سے خود پر لگنے والی پابندیوں کے بعد یہ اعلان کیا ہے

ٹرمپ کی جانب سے بنائی جانے والی  ایپ ’ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ‘ (ٹی ایم ٹی جی) اور خصوصی طور پر حاصل کی گئی ’ایس پی اے سی‘ نامی فرم کے انضمام سے قائم ہونے والی ایک نئی کمپنی کے ذریعے بنائی جائے گی

تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے تحریری بیان میں کہا ہے کہ ہم ایک ایسی دنیا میں رہتے ہیں، جہاں طالبان تو ٹوئٹر پر موجود ہیں لیکن آپ کے پسندیدہ امریکی صدر کو خاموش کرا دیا گیا ہے، جو ناقابل قبول ہے

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ’میں جلد ہی ٹروتھ سوشل پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے اور بڑی ٹیک کمپنیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پرجوش ہوں

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ذاتی ایپ ’ٹروتھ سوشل‘ لانچ کرنے کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ یہ بڑی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ٹکر کی ایپ ہوگی

نیوز ریلیز کے مطابق ٹرمپ کے سوشل نیٹ ورک کا اگلے ماہ بیٹا ورژن لانچ کرنے اور 2022ع کی پہلی سہ ماہی میں اسے مکمل رول آؤٹ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو کمپنی کے منصوبوں کے تین مراحل کا پہلا مرحلہ ہے اور اس کے بعد ’ٹی ایم ٹی جی پلس‘ نامی سبسکرپشن وڈیو آن ڈیمانڈ سروس کا آغاز کیا جائے گا، جس میں تفریح، خبریں اور پوڈ کاسٹ شامل ہونگی

ویب سائٹ پر ایک سلائیڈ ڈیک کے مطابق کمپنی ’ایمازون ڈاٹ کام‘ کی ’اے ڈبلیو ایس کلاؤڈ سروس‘ اور ’گوگل کلاؤڈ‘ کا مقابلہ کرنے کے بارے میں بھی منصوبہ بنا رہی ہے

ٹرمپ کے ایک نمائندے نے نام ظاہر نہ کرتے ہوئے ٹی ایم ٹی جی کی پریس ریلیز کی تصدیق کی۔ دوسری جانب ٹرمپ کی ترجمان لیز ہیرنگٹن نے بھی اس پریس ریلیز کی ایک کاپی ٹویٹ کی ہے

سابق صدر کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے فاکس نیوز کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ اتنے عرصے سے بڑی ٹیک کمپنیوں نے قدامت پسند آوازوں کو دبایا ہے۔ آج رات میرے والد نے ایک حتمی معاہدے پر دستخط کیے ہیں جس سے بالآخر ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ اور ٹروتھ سوشل تشکیل پائے گا اور یہ ہر ایک کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرنے کا پلیٹ فارم ہوگا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close