جلال آباد : صحت کے ایک عہدیدار اور مقامی میڈیا کے مطابق افغانستان کے مشرقی علاقے میں شہر جلال آباد میں ہونے والے دو الگ الگ دھماکوں میں کم از کم دو افراد ہلاک اور انیس زخمی ہو گئے ہیں
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق طالبان کی گاڑیوں کو نشانہ بنانے والے یہ دھماکےافغانستان سے امریکی انخلا کے بعد پہلے مہلک دھماکے ہیں
صوبہ ننگرہار کے محکمہ صحت کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ دھماکے میں تین افراد ہلاک اور اٹھارہ زخمی ہوئے ہیں، جبکہ متعدد مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کہ ان حملوں میں کم از کم دو افراد ہلاک اور انیس زخمی ہوئے ہیں
دھماکے کے مقام پر لی گئی تصاویر میں ایک سبز پک اپ ٹرک دکھایا گیا ہے جس میں طالبان کا ایک سفید جھنڈا ہے جو ملبے سے گھرا ہوا ہے جبکہ اطراف میں مسلح طالبان اراکین نظر آرہے ہیں
دوسری جانب افغانستان کےدارالحکومت کابل میں آئی ای ڈی دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے
افغان میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ دھماکا آج صبح کابل کے علاقے پی ڈی 13 میں ہوا ہے
واضح رہے کہ جلال آباد افغانستان کے جنگجو اسلامک اسٹیٹ گروپ کا گڑھ اور صوبہ ننگرہار کا دارالحکومت ہے. اسلامک اسٹیٹ گروپ نے اگست کے آخر میں کابل ائیرپورٹ پر ہونے والے حملے کی بھی ذمہ داری قبول کی تھی جس میں سو سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے
افغان طالبان نے اگست کے وسط میں سابق حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد بیس سال بعد اقتدار سنبھالا ہے اور انہوں نے ملک میں امن و سلامتی کی بحالی کے عزم کا اظہار کیا ہے.