نیوزی لینڈ ٹیم کو بھارتی آر ایم ایکس ڈیوائس کے ذریعے ای میل میں دھمکی دی گئی

نیوز ڈیسک

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں موجود نیوزی لینڈ کی ٹیم کو جس جعلی ای میل کے ذریعے ’دھماکے‘ کے ذریعے حملے کی دھمکی دی گئی، وہ بھارت میں وی پی این استعمال کر کے آر ایم ایکس 1971 ڈیوائس سے بھیجی گئی تھی اور اس کی لوکیشن سنگاپور ظاہر ہورہی تھی

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ انٹرل پول سے معاونت طلب کرنے کے بعد ہمیں جو تفصیلات موصول ہوئیں، ان کے مطابق جعلی ای میل ایڈریس حمزہ آفریدی کے نام سے بنائی گئی اور اس کے تیرہ منٹ بعد دھمکی آمیز ای میل نیوزی لینڈ کی ٹیم کو بھیجی گئی

انہوں نے کہا کہ آر ایم ایکس 1971 ڈیوائس سے مجموعی طورپر تیرہ ای میل ایڈریس جنریٹ کیے گئے، لیکن ان میں صرف ایک کا نام ’حمزہ آفریدی‘ رکھا گیا، تاکہ پاکستان سے اس کا تعلق ظاہر کیا جا سکے

فواد چوہدری نے بتایا کہ یہ ڈیوائس اگست 2019ع میں بھارت میں متعارف کرائی گئی، 25 ستمبر 2019ع میں موبائل سم رجسٹرڈ ہوئی تھی

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ’ڈیوائس بھارتی شہری اوم پرکاش میلشرا کے نام پر تھی، جو مہاراشٹر سے تعلق رکھتا ہے اور اسی ڈیوائس پر جعلی آئی ڈی بنائی گئی جسے ’حمزہ آفریدی‘ کا نام دیا گیا

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک میں ہمیں ہائبرڈ وار اور ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے، کرکٹ سیریز کی منسوخی کے معاملے پر انٹر پول سے معاملے میں معاونت طلب کی ہیں

انہوں نے کہا کہ جب نیوزی لینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہو رہا تھا تب ایس سی او کا اجلاس جاری تھا اور وزیراعظم کی تقریب سے پندرہ منٹ پہلے ہمیں اطلاع ملی لیکن مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ وزیر اعظم کو فوری آگاہ نہ کیا جائے

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور جماعت الاحرار کے سابق ترجمان احسان ﷲ احسان کے جعلی نام سے 19 اگست 2021ع کو فیسبک پوسٹ سامنے آئی، جس میں نیوزی لینڈ اور اس کی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دورہ پاکستان منسوخ کردے کیونکہ آئی ایس کے پی نے ٹیم پر حملے کا منصوبہ بنایا ہے

فواد چوہدری نے کہا کہ اس کے بعد 21 اگست 2021ع کو بھارتی ویب سائٹ سنڈے گارڈین ابھی نندن مشرا کے بیورو چیف نے ایک آرٹیکل شائع کیا، جس میں کہا گیا کہ نیوزی لینڈ ٹیم پاکستان میں دہشت گردی کا شکار ہوسکتی ہے

وفاقی وزیر نے کہا کہ ابھی نندن مشرا کے افغانستان کے سابق نائب صدر امرﷲ صالح سے بہت قریبی تعلقات ہیں اور امرﷲ صالح پاکستان مخالف ہونے کے حوالے سے مشہور ہیں

ان کا کہنا تھا کہ اس کے چند دن بعد نیوزی لینڈ کے کھلاڑی مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ایک ای میل موصول ہوئی، جس میں اطلاع دی گئی کہ مارٹن گپٹل کو دورہ پاکستان میں قتل کردیا جائے گا

انہوں نے کہا کہ جب تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ جس ای میل ایڈریس سے مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو ای میل کی گئی وہ کسی بھی سوشل میڈیا نیٹ ورک سے منسلک نہیں تھی، کسی ایس این ایم سے تعلق نہیں تھا، یہ ای میل ایڈریس 24 تاریخ رات 5 بجے بنایا گیا اور 11 بجے ان کی اہلیہ کو ای میل کی گئی

فواد چوہدری نے کہا کہ اس ای میل سے اب تک صرف ایک ہی ای میل کی گئی جو مارٹن گپٹل کی اہلیہ کو کی گئی تھی، دراصل ای سی پروٹون سرور سے کی گئی جس کی تفصیلات عام حالات میں دستیاب نہیں ہوتیں، اس لیے ہم نے انٹرپول سے اس ای میل سے متعلق معلومات طلب کی ہے

ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کے باوجود نیوزی لینڈ ٹیم نے اپنا دورہ منسوخ نہیں کیا، کیونکہ دونوں ممالک کی ایجنسیوں نے دھمکی پر مبنی ای میل کو جعلی قرار دے دیا تھا، نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان پہنچی اور انہیں غیر معمولی سیکیورٹی فراہم کی گئی اور انہوں 13 تاریخ کو پہلی پریکٹس کی

انہوں نے کہا کہ 17 تاریخ کو جس دن میچ ہونا تھا، صبح کے وقت نیوزی لینڈ کی ٹیم حکام نے اپنی حکومت کا حوالہ دے کر کہا کہ سیکیورٹی خدشات ہیں، اس لیے دورہ منسوخ کر رہے ہیں، متعلقہ حکام نے کیویز ٹیم سے سیکیورٹی خدشات شیئر کرنے کا بھی کہا لیکن وہ اس بارے میں اتنے ہی نابلد تھے جتنے ہم تھے کیونکہ سیکیورٹی خدشات یہاں نہیں تھے

فواد چوہدری نے کہا کہ اس دوران ہم نے وزیر اعظم کو نیوزی لینڈ کے دورے سے متعلق آگاہ کیا اور ہماری درخواست پر عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم سے بات کی جس میں جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ ’اہم معلومات‘ موصول ہوئی ہیں اور کھلاڑیوں کی حفاظت سب سے اہم ہے

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید اسلام آباد میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارت ایسا تاثر دے رہا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ختم ہوگئی ہے، وہ میڈیا کے ذریعے جعلی خبریں پھیلا رہا ہے اور بہت جلد منہ کی کھائے گا

واضح رہے کہ دو روز قبل انگلش کرکٹ بورڈ نے اگلے ماہ اپنی مرد اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں کو پاکستان بھیجنے کے فیصلے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا

انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘خطے میں سفر کے حوالے سے ہمارے خدشات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہمارا ماننا ہے کہ اگر ہم یہ دورہ جاری رکھتے ہیں تو اس سے ہمارے کھلاڑیوں پر دباؤ بڑھے گا جو پہلے کووڈ-19 کے پابندیوں کے ماحول سے نمٹنے کی کوششوں میں مصروف ہیں’

بیان میں کہا گیا کہ ‘ہمارے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی ذہنی اور جسمانی صحت کی نگہداشت ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم جن موجودہ حالات سے گزر رہے ہیں اس میں یہ مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہے’

اس سے قبل جمعہ کو نیوزی لینڈ نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ سے چند لمحے قبل ہی ‘سیکیورٹی خطرے’ کے باعث دورہ منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو (سی ای او) وسیم خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی حکومت نے دورہ پاکستان انٹیلیجنس گروپ ‘فائیو آئیز’ کی جانب سے ان کی ٹیم کو ‘براہ راست’ خطرے کا الرٹ موصول ہونے پر ختم کیا

واضح رہے کہ فائیو آئیز انٹیلی جنس اتحاد ہے جس میں آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ، امریکا اور برطانیہ شامل ہیں

ان دوروں کی منسوخی کو صحافیوں، سیاستدانوں، کھلاڑیوں اور کمنٹیٹرز سمیت پاکستان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی طرف سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور صورتحال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close