میڈرڈ : سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک ایسے معجزاتی مکان کا چرچا ہو رہا ہے، جو چاروں طرف سے آتش فشاں کے گرم لاوے میں گھرے ہونے کے باوجود اپنی جگہ بالکل صحیح سلامت موجود ہے
میڈیا رپورٹس کے مطابق لکڑی سے بنا ہوا یہ مکان اسپین کے جزیرے لا پاما پر واقع ہے، جہاں گزشتہ دنوں ’کمبرے وئیہا‘ آتش فشاں پھٹ پڑا تھا اور اس سے نکلتے ہوئے گرم لاوے نے پورے جزیرے کو گھیر لیا تھا
واضح رہے کہ شمالی بحرِ اوقیانوس میں افریقی ساحل سے کچھ دوری پر کئی جزیروں کا ایک سلسلہ ’کینیری آئی لینڈز‘ ہے، جس پر اسپین کی حکومت ہے۔ ’لا پاما‘ اِن ہی جزیروں میں سے ایک ہے
آتش فشاں کمبرے وئیہا کے لاوے سے پھیلنے والی تباہی اتنی شدید اور بھیانک تھی کہ وہاں رہنے والے چھ ہزار سے زائد افراد کو ہنگامی طور پر یہ جزیرہ خالی کرنا پڑا تھا
بعد ازاں امدادی ٹیموں نے جب ہیلی کاپٹر سے اس علاقے کا جائزہ لیا تو انکشاف ہوا کہ پورے لا پاما جزیرے میں یہ واحد مکان بالکل صحیح سلامت تھا، جبکہ ارد گرد کے پورے جزیرے پر لاوے کی سیاہی مائل تہہ موجود تھی
خبروں سے معلوم ہوا ہے کہ یہ مکان ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے ایک ریٹائرڈ جوڑے کی ملکیت ہے، جو سال میں کئی بار قدرتی ماحول سے لطف اندوز ہونے یہاں آتا رہتا ہے. البتہ، پچھلے سال کورونا وبا شروع ہونے کے بعد سے اب تک وہ میاں بیوی یہاں نہیں آئے اور یہ مکان بھی تب سے خالی پڑا ہے
اسپینی میڈیا میں سارے جزیرے پر مکمل تباہی کے باوجود اس مکان کے مکمل طور پر محفوظ رہ جانے کو ایک غیرمعمولی واقعہ قرار دیا جا رہا ہے.، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے اسے ’معجزاتی مکان‘ قرار دیا ہے.