نقل مکانی کے لیے دنیا کے سب سے خطرناک راستے کون سے ہیں؟

ویب ڈیسک

اٹلی کے جنوبی علاقے میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں بچوں سمیت ایک سو افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، کشتی ڈوبنے کے واقعے میں بارہ بچوں سمیت باسٹھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے

کئی دن قبل ترکی سے روانہ ہونے والی کشتی میں دو سو کے قریب افراد سوار تھے۔ اتوار کے روز یہ کشتی اس وقت تباہ ہو گئی، جب اس نے اٹلی کے جنوبی علاقے کروٹون میں لنگر انداز ہونے کی کوشش کی

یہ کشتی کئی دن قبل ترکی سے روانہ ہوئی تھی اور اس میں افغانستان، پاکستان، صومالیہ اور ایران کے باشندے سوار تھے۔ ڈوبنے والوں کی لاشیں کیلابریا کے علاقے میں ساحل سمندر کے کنارے واقع ایک ریزورٹ سے برآمد کی گئیں

کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں

دنیا میں تارکینِ وطن کی نقل مکانی کے سب سے بڑے روٹس سے لوگوں کی ہجرت میں اضافہ ہو رہا ہے، کیونکہ کووڈ-19 کی عالمی وبا کے باعث کئی ممالک میں داخلے پر کڑی پابندیاں عائد ہیں

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس سے اموات کی تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے

اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 280 ملین بین الاقوامی مہاجرین موجود ہیں، جبکہ اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے نقل مکانی (آئی او ایم) کا اندازہ ہے کہ سنہ 2014 سے اب تک تقریباً پچاس ہزار تارکینِ وطن یورپی یونین یا امریکہ پہنچنے کی کوشش میں یا تو ہلاک یا پھر لاپتہ ہو چکے ہیں

ادارے کا ماننا ہے کہ ہلاک شدگان و لاپتہ افراد کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے

بین الاقوامی سرحدیں پار کرنے کی کوشش کرنے والوں سے متعلق کئی ہلاکت خیز واقعات پیش آتے رہتے ہیں

ذیل میں ہم دنیا کے خطرناک روٹس کا تذکرہ کر رہے ہیں، جنہیں تارکینِ وطن اپنی جان خطرات میں ڈال کر مختلف ممالک میں پہنچنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، جن میں سے اکثر ان ’موت کے راستوں‘ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں

خطہ وسطی بحیرہ روم

آئی او ایم کے مطابق یہ تارکینِ وطن کے لیے دنیا کا سب سے خطرناک روٹ ہے۔ اندازہ ہے کہ سنہ 2014ع سے اب تک شمالی افریقہ سے یورپ پہنچنے کی خاطر بحیرہ روم عبور کرنے کی کوشش کرنے والے چھبیس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں

یہ سمندر عبور کرنے کی کوشش اکثر بے ڈھنگی، خستہ اور گنجائش سے زیادہ لدی ہوئی کشتیوں میں کی جاتی ہے، جس سے یہ سفر مزید خطرناک اور ممکنہ طور پر ہلاکت خیز بھی ہو جاتا ہے

یہ کشتیاں عموماً جرائم پیشہ گروہ اور انسانی اسمگلر چلاتے ہیں۔

یورپ پہنچنے کے لیے اس روٹ کا استعمال کرنے والے لوگ سفر کی شروعات لیبیا کے ساتھ ساتھ تیونس سے بھی کرتے ہیں، جہاں پر سمندر میں ڈوبنے والے افراد کے لیے ایک قبرستان تک معین ہے

تیونس سے اپنے سفر کی شروعات کے لیے پرامید نائیجیرین تارکِ وطن وِکی نے اس قبرستان میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: ”میں یہ قبریں دیکھ کر بہت اداس ہو جاتی ہوں۔ جب میں یہ (قبریں) دیکھتی ہوں تو سمندر پار کرنے کا میرا ارادہ پختہ نہیں رہتا“

مگر آئی او ایم جیسے اداروں کو خدشہ ہے کہ دیگر تارکینِ وطن شاید اپنا ارادہ نہ بدلیں

آئی او ایم کی ترجمان صفا مسیحلی کہتی ہیں ”اس دوران وسطی بحیرہ روم کے خطے سے تارکینِ وطن کی روانگی جاری ہے۔ سب سے زیادہ تشویشناک بات دنیا کے اس سب سے خطرناک سمندری راستے پر اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہے۔ ریاستوں کی جانب سے ٹھوس اقدامات کی عدم موجودگی میں یہاں جانوں کا ضیاع جاری ہے“

فورنٹیکس، یورپی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ 2015ع سے اب تک اس راستے کو استعمال کرنے کی کوشش کرنے والے چھ لاکھ تیس ہزار سے زیادہ لوگوں کو بچایا جا چکا ہے

افریقہ کے اندرونی روٹس

آئی او ایم کا اندازہ ہے کہ 2014ع سے اب تک افریقہ بھر میں بارہ ہزار تین سو سے زیادہ تارکینِ وطن ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں

کئی افریقی تارکینِ وطن کے لیے یورپ پہنچنے کا خواب اپنے ہی برِاعظم میں ایک سفر سے شروع ہوتا ہے، جس میں صحرائے صحارا کو عبور کرنے کا ایک طویل اور صبر آزما مرحلہ شامل ہے۔ اس صحرا کو عبور کر کے ہی شمالی افریقی ممالک پہنچا جا سکتا ہے

یہاں سخت موسمی حالات ایک بہت بڑا خطرہ ہیں اور آئی او ایم کا اندازہ ہے کہ سنہ 2014ع سے سنہ 2022ع کے درمیان صحارا عبور کرنے کی کوشش میں تقریباً پانچ ہزار چھ سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں

ایک تارکِ وطن عبداللہ ابراہیم نے اے ایف پی کو صحارا عبور کرنے کے اپنے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا ”صحرا میں آپ لوگوں کو مرتا ہوا دیکھتے ہیں۔ کچھ لوگ تھکان کے باعث مر جاتے ہیں تو کچھ لوگ پانی ختم ہو جانے کی وجہ سے“

اس کے علاوہ تارکینِ وطن کو بہت بڑا خطرہ اس خطے میں سرگرم انسانی اسمگلروں کے گروہوں سے بھی ہے

آئی او ایم نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں کہا ہے ”اسمگلروں اور سرحدی حکام کے ہاتھوں تشدد سے بھی صحرائے صحارا میں تارکینِ وطن کے روٹس پر بڑی تعداد میں اموات ہوتی ہیں“

آئی او ایم کے مطابق ذیلی علاقوں میں بہت سے تارکین وطن تحفظ کے بہت سے چیلنجوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، جن میں خصوصاً خواتین اور لڑکیاں بدسلوکی کا شکار ہیں

آئی او ایم کے مطابق ”زبانی اور جسمانی حملوں کے علاوہ، تارکینِ وطن کو استحصال کے ساتھ ساتھ حالات زندگی کی خراب صورتحال کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے“

اگرچہ صحرائے صحارا کراسنگ افریقہ میں نقل مکانی کا سب سے خطرناک راستہ ہے، لیکن یہ واحد جان لیوا راستہ نہیں ہے۔ مغربی افریقہ کے راستے، کینری جزائر تک سمندری گزرگاہ اور ہارن آف افریقہ سے یمن کراسنگ میں بھی 2014ع سے اب تک تقریباً چار ہزار افراد ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں

امریکہ میکسیکو سرحد

اگرچہ امریکہ میں ہجرت کے راستے پہنچنے کا مقصد صرف یہاں آنا نہیں بلکہ یہاں آنے والوں میں سے زیادہ تر کا مقصد اس خطے میں نئے گھر کی تلاش ہے

امریکہ اور میکسیکو کے درمیان موجود سرحد ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ یہ خطہ اپنے سخت جغرافیے بشمول صحرائی خطوں کی وجہ سے بدنام ہے اور تارکینِ وطن اکثر سرحد کے ساتھ ساتھ بہنے والے دریا ریو گرانڈے کو عبور کر کے امریکہ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں

اس روٹ پر سب سے زیادہ ہلاکتیں ڈوبنے کی وجہ سے ہوتی ہیں اور آئی او ایم کا اندازہ ہے کہ سنہ 2014ع سے اب تک چار ہزار تین سو سے زیادہ افراد اس کوشش میں ہلاک ہو چکے ہیں

ان میں سے دو ہزار چھ سو سے زیادہ ڈوب گئے اور سات سو سے زیادہ سخت مقامی موسمی حالات یا پناہ گاہ کی عدم دستیابی، خوراک یا پانی کی کمی کی وجہ سے ہلاک ہوئے

اور قدرتی خطروں سے بچنے کی کوشش میں گاڑیوں اور دیگر جگہوں پر چھپنے والے افراد کو بھی مختلف خطرات کا سامنا ہوتا ہے، جیسے کہ سان انتونیو میں ہونے والی ہلاکتوں کے معاملے میں ہوا تھا

آئی او ایم کی ترجمان صفا مسیحلی کہتی ہیں ”حال ہی میں امریکہ جانے والے روٹس پر اور بھی کئی واقعات ہوئے ہیں، جن میں بڑی تعداد میں اموات ہوئی ہیں“

دسمبر 2021 میں میکسیکو کے علاقے چیاپاس میں اس وقت چھپن تارکینِ وطن ہلاک ہو گئے، جب اُن کا ٹرک حادثے کا شکار ہو گیا

صفا کہتی ہیں ”آئی او ایم لاطینی امریکہ سے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی جانب ہجرت کے خطرات کے بارے میں تشویش رکھتا ہے“

ایشیائی روٹس

آئی او ایم کا کہنا ہے کہ سنہ 2020ع میں دنیا بھر میں ترکِ وطن کرنے والے ہر دس میں سے چار افراد کا تعلق ایشیا سے تھا اور اس برِاعظم میں ترکِ وطن کے کئی اہم روٹس ہیں

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے ہجرت کا کہنا ہے کہ ایشیا میں گذشتہ آٹھ برسوں کے دوران ہجرت کی کوشش میں ساڑھے پانچ ہزار کے قریب افراد یا ہلاک یا لاپتہ ہوئے ہیں

ان میں اکثریتی اموات روہنگیا یا بنگلہ دیشی تارکینِ وطن کی ہوئی ہیں، جو خلیجِ بنگال یا بحیرہ انڈیمان عبور کر کے قریبی ممالک یا پھر یورپ پہنچنے کی کوشش میں تھے

اس سفر میں اُنہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے

محمد الیاس نامی سینتیس سالہ روہنگیا پناہ گزین نے دورانِ سفر کشتی خراب ہونے پر انڈین بحریہ کے ہاتھوں بچائے جانے کے بعد اے ایف پی کو بتایا ”ہم بھوکے تھے۔ کچھ پی نہیں سکتے تھے کیونکہ پینے کے لیے پانی ہی نہیں تھا۔ کھانا نہیں تھا، چاول نہیں تھے، ہم کچھ نہیں کھا سکتے تھے۔ سمندر میں ایسا تقریباً ایک ماہ تک رہا“

دوسرے روٹس کی طرح یہاں پر بھی تارکینِ وطن کو اکثر انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہوں کے ہاتھوں استحصال کا سامنا کرنا پڑتا ہے

ایک اور مشکل روٹ ایران اور ترکی کے درمیان کا روٹ ہے جس پر ہجرت میں گذشتہ برس افغانستان میں طالبان کی حکومت آنے کے بعد سے بے نظیر اضافہ دیکھا گیا ہے

اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین افراد (یو این ایچ سی آر) کا کہنا ہے کہ ایران اور قریبی ممالک میں 20 لاکھ سے زیادہ افغان افراد بطور پناہ گزین رجسٹرڈ ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close