ممبئی : بھارت کی لیجنڈری پلے بیک گلوکارہ لتا منگیشکر نے حال ہی میں اپنے متعلق ملکہ ترنم میڈم نورجہاں کی ایک پیش گوئی کے بارے میں لب کشائی کی ہے
لتا منگیشکر کا کہنا ہے کہ ملکہ ترنم نورجہاں نے پیش گوئی کی تھی کہ میں ایک دن بہترین گلوکارہ بنوں گی
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لتا منگیشکر نے اپنی سوانح عمری میں لکھا ہے کہ ’ملکہ ترنم نے اُن کی کامیابی کے بارے میں پیش گوئی کی تھی۔‘
لتا منگیشکر نے کہا کہ ’ایک دن، میں ”بڑی ماں“ کے سیٹ پر تھی اور ماسٹر ونایک نے ہمارا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ یہ نورجہاں جی ہیں، انہیں ایک گانا گاکر سُنائیں۔‘
بھارتی گلوکارہ نے کہا کہ ’ماسٹر کے کہنے پر میں نے میڈم نورجہاں کو ’راگ جیجونتی‘ گا کر سُنایا، اُس کے بعد اُنہوں نے مجھے فلمی گانا گانے کے لیے کہا تو میں نے فلم ’واپس‘ کا گیت ’جیون بیکار ہے تمہارے بنا‘ گایا۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’جس وقت، میں گا رہی تھی تو مجھے بابا کے الفاظ یاد آئے کہ اگر آپ اپنے گرو کے سامنے گاتے ہیں، تو اپنے آپ کو بھی گرو سمجھیں۔‘
لتا منگیشکر نے مزید کہا کہ ’میں نے اسی سوچ کو ذہن میں رکھتے ہوئے گایا اور میڈم نورجہاں کو میری آواز پسند آئی۔‘
بھارتی گلوکارہ نے کہا کہ ’میری آواز سُننے کے بعد میڈم نورجہاں نے مجھے مشق کرنے کو کہا اور پیش گوئی کی کہ میں ایک دن بہت اچھی گلوکارہ بنوں گی۔‘
یاد رہے کہ لتا منگیشکر 1929ع میں پیدا ہوئیں، ان کا شمار بھارت کی بہترین گلوکاراؤں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بہت کم عمر میں گلوکاری شروع کی تھی اور تقریباً 6 دہائیوں پر مشتمل اپنے کیرئیر میں انہوں نے ان گنت نغمے گائے ہیں.