روسی اداکارہ اور ہدایت کار خلا میں پہلی فلم بنانے پہنچ گئے

ویب ڈیسک

بیکانور : روسی اداکارہ اور ہدایتکار منگل کو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ خلا میں بنائی جانے والی پہلی فلم کی عکس بندی کریں گے

فلم ’دا چیلینج‘ کا عملہ بارہ دن کے مشن کے دوران آئی ایس ایس پر موجود رہے گا

تاریخ میں پہلی مرتبہ روس نے ایک ہدایت کار اور اداکارہ کو خلا میں بھیجا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مدار میں رہ کر فلم بنانا ہے

روس کے خلائی تحقیق کے ادارے نے اس منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے روس کے خلائی پروگرام کی ساکھ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق اداکارہ یولیا پیرے سلد اور ہدایت کار کلم شپینکو روسی خلائی جہاز سویوز ایم ایس 19 میں منگل کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے روانہ ہوئے

تکنیکی معاونت کے لیے خلانورد اینتن شکپلیروف بھی ان کے ساتھ ہوں گے، جو تین خلائی مشنز مکمل کر چکے ہیں۔ خلا میں بارہ گزارنے کے بعد پیرے سلد اور شکپلیروف ایک اور روسی خلانورد کے ہمراہ زمین پر واپس آ جائیں گے

عملہ’دا چینلج‘کے نام سے ایک نئی فلم کے کچھ حصوں کی فلم بندی کرے گا۔ یہ فلم ایک سرجن کے بارے میں ہے، جنہیں دل کی بیماری میں مبتلا عملے کے ایک رکن کا علاج کرنے کے لیے ہنگامی طور پر خلائی اسٹیشن پر بلایا جاتا ہے

روانگی سے قبل قازقستان کے شہر بیکانور میں خلائی جہاز کی روانگی کے مرکز میں نیوز  کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اداکارہ پیرے سلد نے اعتراف کیا کہ اس مشن کے لیے انہیں تربیت کے سخت عمل سے گزرنا پڑا، تاہم ایسا موقع زندگی میں ایک بار ہی ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک معجزہ اور ناقابل یقین موقع ہے

سینتیس سالہ اداکارہ پیرے سلد نے کہا کہ ہم نے اس کے لیے واقعی سخت محنت کی اور تھک چکے ہیں، لیکن پھر بھی ہشاش بشاش ہیں۔ یہ نفسیاتی، جسمانی اور اخلاقی اعتبار سے مشکل کام تھا، لیکن میرا خیال ہے کہ جب ایک بار ہم ہدف حاصل کرلیتے ہیں تو کچھ بھی مشکل نہیں لگتا۔ ہم اس وقت کو مسکرا کر یاد کریں گے

روسی اداکارہ کا کہنا تھا کہ خلائی جہاز کے ڈیزائن اور اس کے استعمال کے بارے میں جاننا پرواز کے لیے تیاری کرنا سب سے زیادہ مشکل حصہ تھا۔ سچی بات تو یہ ہے کہ میرے لیے یہ آسان نہیں تھا

اداکارہ کے مطابق: ’دو ہفتے تک میں رات سے صبح چار بجے تک اس کے بارے میں سیکھتی رہی۔ بہت سارے مختصر نام تھے جن تمام کو اگر آپ نہ سیکھیں تو مزید آپ کے پلے کچھ نہیں پڑتا۔‘

اڑتیس سالہ ہدایتکار شپنکو کئی کامیاب کمرشل فلمیں بنا چکے ہیں جن میں ’خولوپ‘ (مزارع) نامی فلم بھی شامل ہے، 2019ع میں بننے والی اس فلم نے روسی باکس آفس پر ریکارڈ قائم کیا تھا

ہدایتکار کا کہنا ہے کہ بلاشبہ ہم پہلی کوشش میں بہت کچھ نہیں کر پاتے۔ بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ تیسری کوشش میں بھی بہت کچھ نہ کر سکیں، لیکن یہ معمول کی بات ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close