ایم نائن (سپرہائی وے) پر نوری آباد کے قریب پیش آنے والے افسوسناک وین حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے جب کہ حادثے کے مزید چار زخمیوں کو سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حیدر آباد سے کراچی آنے والی مسافر ہائی ایس وین نوری آباد کے نزدیک حادثے کا شکار ہوگئی. حادثے کے نتیجے میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے ماسافروں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے
ایڈیشنل آئی جی موٹر وے پولیس ساؤتھ ریجن ڈاکٹر آفتاب پٹھان نے واقعے سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی وین کے آگے چلنے والی گاڑی کا بونٹ نکل کر پیچھے کی جانب آیا، جو شبہ ہے کہ وین کے ونڈ اسکرین سے ٹکرایا یا پہیوں میں آ کر پھنس گیا، جس کے باعث ہائی ایس وین ڈرائیور سے بے قابو ہو کر قلابازیاں کھاتے ہوئے کچے میں جا گری۔ جس کے نتیجے میں آگ بھڑک گئی اور اس میں سوار افراد جھلس کر جاں بحق و زخمی ہوئے
ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں وین کا ڈرائیور بھی شامل ہے جبکہ حادثے کا سبب بننے والی کار کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور اس حوالے سے اطراف کی تمام ورکشاپس پر کار کا سراغ لگانے کے لیے ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں
ذرائع کے مطابق مسافر وین تیز رفتاری میں موٹر وے پر سفر کر رہی تھی کہ کسی چیز سے ٹکرانے کے بعد قلابازیاں کھاتے ہوئے ہائی وے سے نیچے کھائی میں جاری، گرنے کے بعد وین کے اندر موجود سلنڈر ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں وین میں آگ بھڑک اٹھی اور آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری وین کو اپنی لپیٹ میں لے لیا
وین کے شیشے ٹوٹنے سے دو مسافر جان بچانے میں کامیاب ہو گئے لیکن وین میں سوار 5 خواتین 2 بچوں سمیت 13 افراد جل کر راکھ ہوگئے جب کہ 6 مسافر جھلس کر زخمی ہو گئے
ذرائع کے مطابق موقع پر ریسکیو نہ ملنے پر مسافروں کی ہلاکتیں زیادہ ہوئیں جب کہ اطلاع ملنے پر موٹر وے پولیس نے پہنچ کر ایف ڈبلیو او کی فائر بریگیڈ طلب کی جس نے آگ پر قابو پا لیا، موٹر وے پولیس نے ایدھی کی مدد سے لاشوں کو نکال کر نوری آباد ٹراما سینٹر منتقل کیا جب کہ 6 زخمیوں کو کراچی منتقل کردیا گیا ہے