کوئٹہ: اَسی سالہ شخص پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرنے میں کامیاب

نیوز ڈیسک

کوئٹہ : بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں اَسی سالہ علم دوست شخص ہیبت اللہ حلیمی نے ضعیف العمری میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کرکے ایک نئی مثال قائم کر دی

تفصیلات کے مطابق زندگی بھر پولیس کی نوکری کرنے والے ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) ہیب اللہ حلیمی نے 2019ع میں ہی بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ سے ڈاکٹریٹ کی تعلیم مکمل کی تھی، لیکن کورونا کی وبا کے باعث انہیں ڈگری تفویض نہیں کی جا سکی تھی

کورونا کی وجہ سے 2 سال تک تعلیمی سلسلہ منقطع ہونے کے بعد حال ہی میں یونیورسٹی کانووکیشن کا انعقاد کیا گیا، جس میں تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کو اسناد سے نوازا گیا

کانووکیشن میں نوجوان طلبہ کے ساتھ اَسی سالہ ہیبت اللہ حلیمی نے بھی ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرکے ایک نئی مثال قائم کر دی

ہیبت اللہ حلیمی نے پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کی ہے اور انہوں نے بلوچستان میں لیویز فورس یعنی ٹریڈیشنل پولیسنگ اور ماڈرن پولیسنگ کے مسائل اور ان کے حل پر تحقیقی مقالہ لکھا ہے

کانووکیشن کی تقریب میں جب ہیبت اللہ حلیمی گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا سے ڈگری حاصل کرنے پہنچے، تو انہیں دیکھ کر سب حیران رہ گئے

ہیبت اللہ حلیمی کے عزم و حوصلے کو دیکھ کر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا اور شرکا جہاں حیران ہوئے، وہیں وہ انہیں داد دیے بغیر بھی نہ رہ سکے اور گورنر نے انہیں گلے لگانے سمیت دونوں ہاتھوں سے سلامی بھی پیش کی

ہیبت اللہ حلیمی کا تعلق بلوچستان کے ضلع مستونگ اور سمالانی قبیلے سے ہے، انہوں نے چالیس سال تک پولیس میں خدمات سر انجام دیں اور 2005ع میں بطور ایس پی ریٹائرڈ ہوئے

ریٹائرمنٹ کے بعد اگلے سال ہی انہوں نے تعلیم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایم فل میں داخلہ لیا اور 2011ع میں ڈگری مکمل کی، جس کے بعد انہوں نے پی ایچ ڈی پر کام شروع کیا اور 2019ع میں ڈاکٹریٹ کی تعلیم مکمل کی

ضعیف العمری میں ہیبت اللہ حلیمی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے پر بلوچستان یونیورسٹی کے شعبہ پولیٹیکل سائنس کے ڈین پروفیسر عادل زمان کاسی نے بتایا کہ ہیبت اللہ حلیمی ضعیف ہونے کے باوجود بہت پرعزم رہے، انہیں نہیں لگتا تھا کہ وہ پی ایچ ڈی مکمل کرلیں گے لیکن انہوں نے آخر تک اسی جوش و جذبے کے ساتھ کام کیا اور اپنے عزم کی تکمیل میں کامیابی حاصل کی

اس طرح ہیبت اللہ حلیمی نے ثابت کر دکھایا کہ علم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی. زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے صرف عزم، ہمت اور مستقل جدوجہد کی ضرورت ہوتی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close