اسلام آباد/ لاہور/ لاڑکانہ : کثیر الجماعت حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) دسمبر میں مہنگائی کے خلاف اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی
پی ڈی ایم قیادت کا کہنا ہے کہ حکومت کے خلاف یہ تحریک عمران خان کو گھر بھجوا کر ہی ختم ہوگی
ادہر چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہناہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ یہ سال ترقی کا ہوگا، مگر یہ سال تو مہنگائی کا ثابت ہوا، مہنگائی سے نجات کے لئے عمران سے چھٹکارا ضروری ہے
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ نے مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے، ہفتے کو مولانا فضل الرحمٰن کی سربراہی میں ہونے والے ہنگامی ورچوئل اجلاس میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز ، شاہد خاقان عباسی ،اویس نورانی اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ سے قبل پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاج کیا جائے گا، جس کا آغاز 13 نومبر سے ہوگا. اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی پی ڈی ایم مہنگائی کے خلاف احتجاج کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی
اجلاس میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی جس میں حکومتی بلوں کی مخالفت پر اتفاق کیا گیا ، جس کے لیے حکومتی اتحادی جماعتوں کے ارکان اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کیا جائے گا
پی ڈی ایم کی جانب سے 13 نومبر کو کراچی، 17 نومبر کو کوئٹہ اور 20 نومبر کو پشاور میں میں مہنگائی کے خلاف مارچ کیا جائے گا. اجلاس میں نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری روکنے پر بھی اتفاق ہوا
پی ڈی ایم کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں بدترین مہنگائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت بجلی گیس پٹرول اور دیگر اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے کر عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے مہنگائی کی بنیادی وجہ عمران خان حکومت کی تاریخی کرپشن ہے
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ آئی ایم ایف سے طے پانے والی شرائط عوام کے سامنے لائی جائیں ، آخری ریلی لاہور میں ہوگی جس کے بعد اسلام آباد کی طرف مہنگائی کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ ہوگا پی ڈی ایم قیادت نے عندیہ دیا کہ یہ تحریک عمران خان کو گھر بھجوا کر ہی ختم ہو گی،اجلاس نے نیب ترمیمی آرڈیننس، انتخابی اصلاحات، ای وی ایم اور انٹرنیٹ ووٹنگ کو بد نیتی قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کردیا
اجلاس میں تمام جماعتوں نے عہد کیا گیا کہ عوامی رائے چوری کرنے اور الیکشن پر ڈاکہ ڈالنے کی سازش کا بھرپور مقابلہ کرکے اسے ناکام بنایا جائیگا اوورسیز پاکستانیوں کو حقیقی معنی میں پارلیمان میں حق نمائندگی دیا جاے گا حکومتی سازش کو ناکام بنانے کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر احتجاج کی حکمت عملی طے کی گئی پارلیمنٹ میں تمام جماعتوں سے مل کر حکمت عملی کی تیاری کی ذمہ داری شہباز شریف کو سونپ دی گئی
علاوہ ازیں صدر مسلم لیگ ن اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مہنگائی کے معاملے پر وزیراعظم سے ایک بار پھر استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں پر بس نہیں چل رہا تو استعفیٰ دیں
قبل ازیں شہباز شریف نےامیر جماعت اسلامی سراج الحق اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی سے ٹیلی فونک بات چیت میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی اور نیب ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے مشاورت کی
دوسری جانب چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مہنگائی سے نجات کے لئے عمران سے چھٹکارا ضروری ہے
لاین این آئی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور فریال تالپور نے ہفتہ کو اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ کیا
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کے لئے پریشانی، تکلیف اور انتقام بن چکی ہے
ادہر پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے موجودہ حالات میں حکومت کے خلاف عوام سے رائے مانگ لی ہے
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور مسلم لیگ ن عوام کے احساسات کی ترجمانی اور ان کی تکالیف کا مداوا کرنا چاہتی ہے اور آواز بننا چاہتی ہے.