شہید ناظم جوکھیو کے موبائل فون کا ڈیٹا رکارڈ مل گیا، مدعی وکیل کو دھمکیاں موصول

نیوز ڈیسک

ملیر کراچی : شہید ناظم جوکھیو قتل کیس میں پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی جام اویس سمیت تین ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی گئی ہے، جبکہ مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا رکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ایم پی اے جام اویس سمیت گرفتار تین ملزمان کو انتہائی سخت حفاظتی انتظامات میں عدالت میں پیش کیا گیا

ملزمان کی پیشی کے موقع پر عدالتی راہداری میں بھی غیر متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقتول کے موبائل فون کا ڈیٹا رکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے، تاہم وڈیو میں نظر آنے والی گاڑی کا رکارڈ ایکسائز کے پاس سے نہیں ملا ہے، کسٹم حکام سے گاڑی کی تفصیلات حاصل کر رہے ہیں

ذرائع کا کہنا ہےکہ ناظم جوکھیو کے قتل کے وقت جام عبدالکریم اور جام اویس کے جام ہاؤس میں موجودگی کے شواہد ملے ہیں

پیشی کے دوران پولیس کی جانب سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے جام اویس سمیت دیگر ملزمان کے ریمانڈ میں 16 نومبر تک توسیع کردی

واضح رہے کہ گزشتہ روز تفتیشی ٹیم کی جانب سے جمع کیے گئے ابتدائی شواہد کے مطابق شہید ناظم جوکھیو کے قتل کے وقت جام عبدالکریم، جام اویس کے جام ہاؤس میں موجودگی کے شواہد ملے تھے

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈجیٹل رکارڈ کیس کا حصہ بنا لیا، گواہوں کے بیانات بھی لیے گئے، جام کریم کے سیکریٹری نیاز سالار کا ناظم جوکھیو کے بھائی افضل کو کیے فون کا رکارڈ بھی مل گیا

نیاز سالار کے فون کے بعد ناظم جوکھیو کی لوکیشن قتل کی جگہ پر آئی، ناظم جوکھیو اپنے بھائی افضل کے ہمراہ تقریباً رات 12 بجے جام ہاؤس پہنچا، اسے جام کریم نے تھپڑ مارے، گن مینوں نے بھی  تشدد کیا، جام کریم نے کہا کہ ناظم جوکھیو کو قید کرلیا جائے، صبح فیصلہ ہوگا

ذرائع کا کہنا ہے کہ رات 3 بجےناظم جوکھیو کے بھائی افضل کو گھر روانہ کرا دیا گیا، افضل کو روانہ کیے جانے کے بعد جام اویس کے آنے ر ناظم جوکھیو پر بدترین تشدد کیا گیا، پوسٹ مارٹم میں ناظم جوکھیو کے قتل کا وقت بھی صبح 5 بجے کا ہے، تشدد میں جام اویس خود ملوث تھے یا ان کے کہنے پر کیا گیا اس کی تفتیش جاری ہے جبکہ گرفتار ملزمان کے بیانات لے لیے گئے ہیں

دوسری جانب ناظم جوکھیو قتل کیس کے مدعی وکیل کا کہنا ہے کہ مجھے بااثر شخصیات کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں

جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر کی عدالت میں ناظم جوکھیو قتل کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مقتول کے بھائی اور مدعی مقدمہ افضل جوکھیو نے بتایا کہ وہ پولیس کی جانب سے ابھی تک ہونے والی تفتیش سے مطمٔن نہیں ہیں

افضل جوکھیو کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی بنے گی امید ہے کہ شفاف تحقیقات ہوں گی

ان کا مزید کہنا تھا کہ وکلاء ہمارے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں، جبکہ مدعی کے وکیل نے بتایا کہ مجھے بااثر شخصیات کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close