کوئنزلینڈ : فضائی آلودگی کے دماغی صلاحیت اور کارکردگی پر مرتب ہونے والے اثرات کے بارے میں کی گئی ایک نئی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ اگر تھوڑی دیر کے لیے بھی فضائی آلودگی میں رہا جائے، تو اس سے بھی دماغی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے
اس حوالے سے یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ سے وابستہ پروفیسر اینڈریا لا نوز کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کام کرنے والے بالغ افراد کی دماغی صلاحیت اور ان کی عملی صلاحیت کو کم کرتی ہے۔ لیکن سب سے پرخطر بات یہ ہے کہ گندی فضا میں تھوڑی دیر تک رہنے سے بھی دماغی صلاحیت اس طرح متاثر ہوتی ہے کہ وقتی طور پر تیس سالہ شخص کی ذہنی قوت کم ہوکر پندرہ سال کی رہ جاتی ہے، لیکن یہ اثر تھوڑی دیر تک رہ سکتا ہے
اس ضمن میں دماغی تربیت کی مشہور گیمز سے مدد لی گئی ہے، جسے ”لیوموسٹی“ کا نام دیا گیا ہے۔ امریکی باشندوں نے یہ گیمز کھیلے اور اس کا ڈیٹا جمع کیا گیا
ان گیمز سے سات دماغی افعال نوٹ کیے گئے، جن میں یادداشت، بولنے کے ذخیرہ الفاظ، توجہ، دماغی لچک، ریاضیاتی صلاحیت، رفتار اور مسائل کے حل کرنے کی صلاحیت شامل ہیں
جب تجربے میں شامل رضاکاروں کو پی ایم 2.5 والے آلودہ ذرات کی حامل درمیانی شدت والی آلودگی میں رکھا گیا تو کھلاڑی کی دماغی صلاحت چھ پوائنٹس گر گئی۔ اس دماغی کھیل کے پیمانے میں کل ایک سو پوائنٹس ہوتے ہیں اور صرف ایک فیصد افراد ہی سو میں سے سو کا درجہ پا سکے
سادہ الفاظ میں اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر گیمز کی بنیاد پر دماغی صلاحیت کی بات کریں تو آلودگی سے تیس سال شخص کی فکری صلاحیت گر کر پندرہ برس کے بچے جیسی ہو گئی
واضح رہے کہ پی ایم 2.5 ذرات آلودگی کے ایسے ذرات کو کہتے ہیں، جو ڈھائی مائیکرون یا اس سے بھی چھوٹے ہوتے ہیں۔ ایک مائیکرون ایک میٹر کے دس لاکھویں حصے کو کہتے ہیں۔ یہ ذرات پھیپھڑوں میں نفوذ کر جاتے ہیں اور خون کی نالیوں تک پہنچتے ہیں۔ اس طرح صحت کے سنگین مسائل پیدا ہوجاتے ہیں جن میں بلڈ پریشر، اعصابی، سائنس کے امراض اور امراضِ قلب سرِ فہرست ہیں
واضح رہے کہ زندگی کے روزمرہ امور کے لئے اکتسابی افعال کا درست ہونا ضروری ہے، یہ ہمیں کار چلانے سے لے کر چائے بنانے تک میں مدد دیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پی ایم 2.5 ذرات کے دماغی اثرات پر یہ بہت اہم تحقیق ہے
ماہرین کے مطابق پچاس سال سے کم عمر کے افراد پر اس کے اثرات معاشی اور معاشرتی طور پر بہت نقصاندہ ہو سکتے ہیں۔ اس سے دفاتر اور کام کی جگہوں پر لوگوں کی کارکردگی بھی متاثر ہوسکتی ہے
اسی طرح کئی کام ایسے ہیں جو فوری حساب کتاب اور یادداشت کی بنا پر کئے جاتے ہیں، اس تحقیق سے یہ نتیجہ سامنے آیا ہے کہ فضائی آلودگی سے یہ صلاحیت بھی متاثر ہو سکتی ہے.