وزیر اعظم کے افتتاح کے باوجود گرین لائن بس سروس کا آغاز نہ ہوسکا

نیوز ڈیسک

کراچی – وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے گذشتہ ہفتے کراچی کے پہلے اور سب سے بڑے پبلک ٹرانسپورٹ منصوبے گرین لائن کا آزمائشی افتتاح کر دیا، جس کا شہریوں کو کئی سالوں سے انتظار تھا، تاہم اس سروس کا باقاعدہ آغاز اب تک نہیں ہو سکا ہے

پیر کو سرجانی ٹاؤن میں گرین لائن کے پہلے اسٹاپ پر عالم خاموشی کا سا تھا، لیکن بس یارڈ پر کھڑی بسوں کی میڈیا کوریج پر بھی پابندی تھی

بس یارڈ کے گیٹ پر موجود ایک چوکیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ روزانہ دو مختلف بسوں کو یارڈ سے باہر لے جا کر روٹ پر آزمائشی طور پر چلایا جاتا ہے

انتظامیہ کی جانب سے 12 دن بعد یعنی 25 دسمبر کو گرین لائن کو باضابطہ طور پر چلانے کے اعلان کے باجود تاحال ٹریک پر کوئی خاص سرگرمی دیکھنے کو نہیں مل رہی

بس یارڈ کے سامنے بسوں کے روٹ پر بنے جنگلے پر کچھ مزدور کام کرتے نظر آتے ہیں، جبکہ تھوڑا دور بس روٹ کے جنگلے کے اندر رکشے پارک تھے۔ اس کے علاوہ کسی بھی اسٹیشن پر کوئی تیاری نظر نہیں آئی اور نہ ہی عملہ دکھائی دیا

اس حوالے سے جب گرین لائن کے میڈیا کوآرڈینیٹر محمد بلال سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ سروس کا باقاعدہ آغاز نہیں ہوا ہے، تاہم جلد کر دیا جائے گا

ان کا کہنا تھا ابھی شروعات میں بس سروس کا ٹرائل چل رہا ہے اور اعلان کے مطابق بسوں کا باقاعدہ آغاز 25 دسمبر سے کیا جائے گا

ان سے بسوں کی کوریج پر پابندی کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی اور ترقی نے میڈیا کوریج کی اجازت نہیں دی ہے، اور کوریج کے خواہش مند اداروں کو وزیر منصوبہ بندی اسد قیصر کے دفتر سے اجازت لینا ہوگی

محمد بلال نے کہا کہ ہم فہرست بنا رہے ہیں اور 25 دسمبر کو میڈیا کو مدعو کیا جائے گا۔ مگر تب تک کسی بھی میڈیا ہاؤس کو اجازت نہیں دی جا سکتی

اس سلسلے میں وزارت منصوبہ بندی اور ترقی کی میڈیا ڈولپمنٹ پروگرام افسر عائشہ خان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بھی یہی کہا کہ گرین لائن کے ٹریک کی کوریج  بغیر اجازت کے نہیں کی جا سکتی۔ اگر کوئی میڈیا ہاؤس گرین لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم یارڈ کی کوریج کے لیے وزارت سے اجازت لی جاتی ہے

واضح رہے کہ گرین لائن بس منصوبہ کراچی کے سرجانی ٹاؤن سے ایم اے جناح روڈ پر واقع میونسپل پارک تک 22 کلومیٹر طویل منصوبہ ہے

اس کا ٹریک سرجانی سے نمائش چورنگی تک مکمل ہوگیا ہے، جبکہ نمائش سے میونسپل پارک تک روٹ ابھی تعمیر ہونا ہے۔ 22 کلومیٹر روٹ پر بس کا ٹریک 12 کلومیٹر تک زمین سے اوپر بنایا گیا ہے

ستمبر میں منصوبے کے پہلے مرحلے میں 80 ائیرکنڈیشنڈ ہائبرڈ بسیں چین سے کراچی پہنچیں تھیں ، جن کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر اسد عمر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شرکت کی تھی

گذشتہ ہفتے جمعے کو وزیر اعظم عمران خان کراچی کے ایک روزہ دورے پر اس منصوبے کا افتتاح کر چکے ہیں ۔ حکام کے مطابق بسوں میں روزانہ ایک لاکھ پینتیس ہزار مسافر سواری کر سکیں گے

گرین لائن بس منصوبے کا سنگِ بنیاد 2016ع میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے رکھا تھا۔ اس وقت انہوں نے اعلان کیا تھا کہ منصوبہ ایک سال یعنی 2017ع میں مکمل ہوجائے گا، تاہم یہ اعلان عمل کا روپ دھارنے سے محروم ہی رہا.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close