امازوناز – برازیل کے ایک چھوٹے شہر کے میئر پہلے سے ہی انتشار کی شکار سیاست کو اکھاڑے میں لے گئے اور ’کیج فائٹ‘ میں سابق کونسل رکن کے ساتھ پرانا حساب چکتا کرنے کی کوشش کی
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برازیل میونسپلٹی کے میئر سماؤ پیگزوٹو کا شہر کی کونسل کے رکن ایرینو میریکو ڈا سیلوا کے ساتھ کوئی پرانا ذاتی جھگڑا چل رہا تھا
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کونسل رکن ڈا سیلوا کی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ایک وڈیو سیاسی مخالفت اور ذاتی تنازع کو ”کیج فائٹ“ کے اکھاڑے تک لے آئی
اس وڈیو میں دراصل کونسل رکن کی جانب سے دریا کنارے کسی سیاحتی مقام کی صورت حال پر میونسپلٹی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا
وڈیو میں کونسل رکن ڈا سیلوا کی جانب سے میئر سماؤ پیگزوٹو کو زدوکوب کیے جانے کی دھمکی دی گئی، جس پر انتالیس سالہ پیگزوٹو نے بھی غصے میں آ کر ان کو فائٹ کے لیے چیلنج دے دیا
ڈا سیلوا کی جانب سے چیلنج قبول کیے جانے کے بعد تین راؤنڈز پر مشتمل مارشل آرٹ فائٹ کا آغاز اتوار کی صبح شہر کے اسپورٹس سینٹر میں ہوا
اس لڑائی کو دیکھنے کے لیے لوگوں کی بھیڑ امڈ آئی، سینٹر میں موجود تماشائیوں کی بہت بڑی تعداد اپنے اپنے پسندیدہ فائٹر کے لیے نعرے لگاتے رہی
پیگزیٹو کے ایک قریبی ساتھی کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی اس فائٹ کی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اکھاڑے میں داخل ہوئے اور اونچی آواز میں پرجوش نعرہ لگایا
اس کے بعد دو افراد شرٹس کے بغیر رنگ میں داخل ہوئے اور ایک دوسرے کو گُھورنے میں وقت ضائع کرنے کی بجائے گتم گتھا ہو گئے، تاہم جلد ہی تھکاوٹ کا شکار دکھائی دیے
کونسل رکن ڈا سیلوا نے دو مرتبہ میئر پیگزیٹو کو گرایا، ایک بار شروع میں اور ایک بار تیسرے راؤنڈ میں، تاہم ججز نے پیگزوٹو کو فاتح قرار دیا
فائٹ کے بعد دشمنی ختم ہونے کا اشارہ اس بات سے ملا کہ دونوں خوشگوار انداز میں ایک دوسرے کے گلے لگے
مقابلے کے بعد پیگزوٹو کا کہنا تھا کہ فائٹ کا مقصد اسپورٹس کی سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا، جبکہ اس سے چیرٹی کا مقصد بھی حاصل ہوا، کیونکہ دیکھنے والوں سے کہا گیا تھا کہ ضرورت مندوں کی خوراک کے لیے چندہ دیں
دوسری جانب اس مقابلے پر کچھ لوگ خوش دکھائی نہیں دے رہے۔ امازوناز کے ہیلتھ ریگولیٹر نے اس پر ردعمل میں کہا کہ ان ڈور مقابلے اور ماسک کے بغیر تماشائیوں کی شرکت پر دونوں سے وضاحت طلب کی جائے گی
اسی طرح بعض دوسرے لوگوں کا کہنا ہے کہ برازیل کی سیاست ویسے ہی مختلف حصوں میں بٹی ہے اور اب اس کو کیج فائٹ میں پہنچا دیا گیا ہے
ایک مقامی میگزین ویجا نے لکھا کہ ’اس فائٹ میں پبلک ہیلتھ، ڈیبیٹ اور سب سے بڑی بات ووٹرز ہار گئے ہیں۔‘
جبکہ دوسری جانب برازیل کے کچھ منچلے شہریوں کی جانب سے ایسے مزید مقابلے کیے جانے کی بات بھی کی گئی ہے
واضح رہے کہ برازیل میں اگلے برس اکتوبر میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے جیئر بولسونارو اور بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سابق صدر لوئز انیشیو کے درمیان مقابلہ ہوگا.