کراچی – سندھ کی کوہ مری کہلانے والے بلند سیاحتی مقام گورکھ ہل اسٹیشن پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، پانی کے چشمے برف کی صورت اختیار کر گئے اسنوفال کی اطلاع ملتے ہی سیاحوں کی آمد میں بے تحاشا اضافہ ہو گیا ہے
ضلع بھر میں سردی کی لہر میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے. گورکھ ہل اسٹیشن پر 2014۔ 2017 میں بھی برفباری ہوئی تھی اور پانی برف میں تبدیل ہو گیا تھا
ضلع دادو میں سردی کی لہر میں بے تحاشا اضافہ ہونے کے علاوہ سندھ کی خوبصورت تفریح گاہ اور سندھ کی کوہ مری کہلانے والی گورکھ ہل اسٹیشن پر بھی گزشتہ روز سے برف باری کا سلسلہ جاری ہے
اسنوفال کی وجہ سے گورکھ اور گردو نواح میں پانی کے ذخیرے جم کر برف کی صورت اختیار کر چکے ہیں
دوسری جانب ملک کے بالائی اور میدانی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ، جبکہ کراچی میں سائبیرین ہواؤں کے بعد کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ گر گیا ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں میں راولپنڈی اسلام آباد میں موسم شدید سرد جبکہ صبح کے وقت کہرپڑنے کا امکان ہے ،تاہم شام/رات میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا. جبکہ ملک کے بیشتر بالائی و وسطی علاقوں اور شمالی بلوچستان میں موسم شدید سرد رہے گا
پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند/ سموگ پڑنے کا امکان ہے
کراچی میں سائبیریا کی ہواؤں کے اثرات کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے ، رات بھرخنکی چھائی رہی اور صبح کے اوقات میں درجہ حرارت 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا
گزشتہ روز ملک میں کم سے کم درجہ حرارت: لہہ منفی 15، سکردو منفی 13، استور، بابوسر منفی 10، کالام، گلگت ، قلات منفی 09، کوئٹہ، گوپس منفی08، ہنزہ، سری نگر، اننت ناگ منفی06، دیر، راولاکوٹ، ژوب اور مالم جبہ میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جبکہ گزشتہ روز جڑواں شہروں میں درجہ حرارت منفی ایک ریکارڈ کیا گیا.