اسلام آباد – برطانیہ کے سابق اسٹار فٹبال کھلاڑی اور گلوبل ساکر وینچرز (جی ایس وی) کے باضابطہ سفیر مائیکل اوون تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے
جاری بیان کے مطابق مائیکل اوون گلوبل ساکر وینچرز (جی ایس وی) کے تعاون سے پاکستان میں بین الاقوامی فٹبال کو فروغ دینے کے لیے پاکستان آئے ہیں
دورہ پاکستان میں مائیکل اون وزیر اعظم عمران خان کے علاوہ معاون خصوصی برائے اُمور نوجوانان اور کامیاب نوجوان پروگرام کے چیئرمین، عثمان ڈار سے ملاقات کریں گے اور جی ایس وی کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے پروگرام کا خاکہ پیش کریں گے
اس کے علاوہ وہ آرمی چیف سے بھی خیر سگالی ملاقات کریں گے اور بعدازاں ایوان صدر میں، صدر پاکستان، ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں شرکت کریں گے
مائیکل اوون جی ایس وی کی جانب سے پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے پروگرام کا خاکہ پیش کرنے کے علاوہ 26 جنوری کو کراچی میں این ای ڈی فٹ بال گراؤنڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے
بعد ازاں 26 جنوری کو وہ کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کریں گے اور پاکستان کے پہلے ساکر سٹی کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کریں گے
اپنے اس دورے کے بارے میں مائیکل اوون کا کہنا ہے کہ میں پاکستان کے فٹبال کی بحالی کے سب سے بڑے پروگرام میں شرکت کرنے اور پاکستان میں فٹبال کو نئی سطح پر لے جانے کے لیے اپنی ذمہ داریوں پر بہت پرجوش اور خوش ہوں
مائیکل اوون نہ صرف انگلینڈ بلکہ دنیا کے مقبول ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں اور 2001 میں ورلڈ پلیئر آف دی ایئر اور 1998 میں بی بی سی کی اسپورٹس پرسنالٹی آف دی ایئر بھی رہے
مائیکل اوون کے دورے کے پروگرامز میں اہم ملاقاتوں کے علاوہ فٹ بال شائقین کے گڑھ، لیاری کا دورہ بھی شامل ہے
ساتھ ہی ساتھ مایہ ناز فٹ بالر 27 جنوری کوپاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے
مائیکل اوون کے ساتھ بین الاقوامی فٹ بال کوچز بھی پاکستان آئے ہیں
یاد رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں سابق انگلش فٹبالر کو پاکستان فٹبال لیگ (پی ایف ایل) کے لیے سفیر مقرر کیا گیا تھا
مائیکل اوون انگلش پریمیئر لیگ، ریئل میڈر، لیورپول ایف سی اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے خدمات سرانجام دے چکے ہیں
وہ انگلش پریمیئر لیگ کے کم عمر ترین ایک سو گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز رکھتے ہیں، جبکہ لیگ کے دس سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں
مائیکل اوون کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ یورپ سے پوری ایک ٹیم پاکستان آئی ہے اور ہمارا صرف ایک ہی مقصد پاکستان میں فٹ بال کا فروغ، چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے حوالے سے وزیراعظم کے وژن کے تحت کرکٹ کا ٹیلنٹ ہنٹ کیا گیا، جس میں اچھے کھلاڑی سامنے آئے ہیں اسی طرح جی ایس وی روڈ ٹو یو کے کا پلان لائی ہے جس کے ساتھ مل کر پاکستان کے نوجوانوں کو موقع دیا جائے گا
ان کا کہنا تھا کہ جی ایس وی اور کامیاب جوان پروگرام مل کر پاکستان کے دس ریجنز میں ٹیلنٹ ہنٹ ڈرائیو کررہے ہیں جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہر وینیو سے پانچ سے دس بچوں کو منتخب کر کے باقاعدہ ٹرائل کیا جائے گا اور ان میں سے بیس بچوں کو جی ایس وی آئرلینڈ لے جایا جائے گا اور وہاں انہیں تربیت دی جائے گی
ان کا کہنا تھا کہ تین ماہ کی ٹریننگ پاکستان اور تین ماہ کی آئرلینڈ میں دی جائے گی، اس پر فی کس پانچ ہزار پاؤنڈز کی لاگت آئے گی، جس کے بعد آپ انہیں کلبز میں بھی کھیلتے ہوئے دیکھ سکتے ہیں لیکن ہمارا مشن ہے کہ پاکستان میں اسپورٹس کو اکانومی کا درجہ دیا جائے
اس موقع پر مائیکل اوون نے کہا کہ انہیں یہاں آ کر بہت خوشی ہوئی ہے، ہم سب پاکستان کی صلاحیت سے واقف ہیں جہاں کھیلوں سے محبت کی جاتی ہے
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں فٹ بال کا اچھا مستقبل دیکھ رہے ہیں.