ماحولیاتی تبدیلی، عصر حاضر کا بڑا چیلینج

ڈاکٹر ابوبکر بلوچ

ماحولیاتی تبدیلی یا کلائمنٹ چینج عصرِ حاضر کا اہم ترین چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر نہایت مٶثر اقدامات کیے جارہے ہیں، پاکستان میں مگر اس ضمن میں صورتحال انتہاٸی دگرگوں اور تشویشناک ہے بالخصوص پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آبادی میں بے تحاشہ اضافے، ماس ٹرانزٹ سسٹم کے نہ ہونے، ٹریفک کے شدید اژدہام، کنکریٹ کے جنگل، ویسٹ مینجمنٹ نظام کے سنگین نقاٸص، جابجا بکھرے گندگی اور غلاظت کے ڈھیر،صفائی ستھرائی کے فقدان، غیر قانونی فیکٹریوں کی یلغار اور ان کی طرف سے ایس او پیز کا عدم التزام اور سب سے بڑھ کر شہری منصوبہ بندی کے فقدان اور شہر کے غیر فطری پھیلاؤ کے باعث شہر کا قدرتی ماحول بدترین تباہی سے دوچار ہے

اس کے انتہائی بھیانک نتائج اہلِ کراچی موسمی عدم توازن، ہیٹ اسٹروک اور وبائی امراض سمیت بھانت بھانت کی بیماریوں کی صورت میں بھگت رہے ہیں

اس تناظر میں سرسبز و شاداب ملیر، جو کسی زمانے میں کراچی کے حسین ماتھے کا دلکش جھومر تھا، کو تمام تر قوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوٸے تیزی کے ساتھ کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل کرنے کا عمل ملیر اور کراچی کے عوام کے ساتھ بدترین زیادتی اور فطرت کے ساتھ سنگین کھلواڑ ہے

شہرِ کراچی کو موسمی توازن، آکسیجن، میٹھا پانی اور تازہ پھل اور سبزیاں فراہم کرنے والے سرسبز خطے ملیر کی یہ تشویشناک صورتحال کراچی کی موسمی صورتحال اور ماحولیات کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے

گرین ملیر کی تباہی صرف ملیر کے الم نصیب باسیوں کا مسٸلہ نہیں ہے بلکہ پورے شہرِ کراچی اور اس کے قدرتی ماحول کا مسٸلہ ہے

گرین ملیر کو کنکریٹ کے جنگل میں بدلنے کے ظالمانہ عمل کو روکنا، جدید سائنسی ذراٸع سے سرسبز ملیر کی بحالی اور زرعی ترقی اہلِ کراچی کی صحت اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے، اس لیے اس سنگین صورتحال پر نہ صرف اہلِ ملیر کو آواز بلند کرنی چاہیے بلکہ شہرِ کراچی کی تمام سیاسی و سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کو ہر طرح کے تعصبات سے بالاتر ہوکر ملیر کی اس المناک صورتحال کو پوری طرح اون کرلینا چاہیے

ترقی کا مسئلہ اپنی تمام تر اہمیت کے باوجود ضمنی اور ثانوی ہے، اصل مسئلہ زندگی ہے، تباہ کن موسمی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی آلودگی نے جس کو داؤ پر لگادیا ہے

اس سنگین صورتحال کا ادراک کرتے ہوئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم سب مل کر اپنی نسلوں کے تحفظ کے لیے اس مسٸلے پر آواز بلند کریں اور سوشل میڈیا سمیت تمام فورمز پر ملیر میں ہاؤسنگ پروجیکٹس کی یلغار کے عمل کو رکوانے اور ملیر کو قانونی طور ”ایگریکلچر لینڈ“ اور ”گرین بیلٹ“ ڈکلیٸر کروانے اور اس ضمن میں موجود قوانین کے مؤثر نفاذ کے لیے ایک بھرپور اور مؤثر مہم چلا کر حکومت کو اس ضمن میں اقدامات کرنے پر مجبور کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close