مراد سعید پر الزامات، ریحام خان کو ایک ارب ہرجانے کا نوٹس

نیوز ڈیسک

اسلام آباد – پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنے بارے میں لگائے گئے الزامات کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان کو ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا ہے

نوٹس میں ریحام خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے ”ریحام خان (آپ) کی کتاب کا حوالے دے کر بہتان تراشی کی جاتی ہے اور وزارت کی کارکردگی کو متنازع بنایا جاتا ہے۔ جس کی آپ نے کبھی تردید نہیں کی بلکہ ایسے الزامات پر مبنی مواد کو ری ٹویٹ بھی کرتی ہیں۔‘

نوٹس کے مطابق ”14 دن میں وضاحت اور معافی نہ مانگنے کی صورت میں عدالت سے سخت سزا اور ایک ارب ہرجانے کی استدعا کی جائے گی۔“

ریحام خان کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مراد سعید کے خلاف آپ کی تحریر کو بنیاد بنا کر کردار کشی اور بہتان تراشی کی جاتی ہے۔ ‎’مراد سعید پاکستان تحریک انصاف کے طلبہ تنظیم کے بانی صدر رہے ہیں۔ انہوں نے پورے پاکستان میں انصاف یوتھ ونگ کو منظم کیا اور ججز بحالی تحریک، ڈرون حملوں کے خلاف مہم، دہشت گردی کے خلاف اور دیگر تحریکوں اور عوامی ایشوز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔‘

نوٹس کے مطابق مراد سعید کو 2013ع کے انتخابات میں اپنی سیاسی جدوجہد کی وجہ سے پارٹی ٹکٹ ملا اور وہ رکارڈ ووٹ کے ساتھ رکن اسمبلی بنے

”انہوں نے پارلیمانی اور سیاسی میدان میں متحرک کردار ادا کیا اور ملک کی سیاست میں نام بنایا۔ ‎اسی طرح 2018ع کے انتخابات میں اپنی جماعت کے ٹکٹ پر دوبارہ عوام کا اعتماد ملا اور بڑی کامیابی حاصل کی۔“

”ستمبر 2018ع میں مراد سعید کو وزیر مملکت کا عہدہ دیا گیا اور حکومت کے وژن کے مطابق پہلے سو دن میں وزارت کے اہداف حاصل کر کے وفاقی وزیر بن گئے. اس دوران ‎مراد سعید نے سابقہ فاٹا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے کامیاب انتخابی مہم میں اپنی جماعت کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے پارٹی کا پیغام بہترین انداز میں پہنچایا۔“

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ‎حال ہی میں وزارتوں کو دیے گئے اہداف کی تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں مراد سعید کی وزارت کو دیے گئے 88 اہداف کو سو فیصد حاصل کر نے پر پہلا نمبر ملا۔ جس کے بعد آپ کے مسودہ کا حوالہ دے کر وزارت مواصلات کی کارکردگی کو متنازع بنایا گیا۔ جس سے درخواست کنندہ کی ہتک کے علاوہ وزارت سے منسلک اہلکاروں کی بھی حوصلہ شکنی ہوئی

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’‎مراد سعید کی تمام کامیابیوں کو متنازع بنانے کے لیے آپ کی تحریر کا حوالہ دے کر بہتان تراشی اور غلیظ پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔ ‎آپ کے نام سے پہلے ایک مسودہ لیک ہوا، جس کی آج تک آپ نے تردید نہیں کی اور بعد میں شائع کردہ مسودہ کا حوالہ دے کر مراد سعید پر تہمت لگائی گئی۔ آپ نے ان تمام باتوں کی کبھی تردید نہیں کی بلکہ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کو ری ٹویٹ بھی کیا۔ جس سے مراد سعید کی ساکھ کو نقصان پہنچا۔‘

نوٹس کے مطابق ’آپ 14 دن کے اندر اپنی تحریر کی وضاحت کر کے معافی مانگیں ورنہ قانونی کاروائی کے لیے تیار ہو جائیں۔‘

ریحام خان کو بھیجے گئے نوٹس کے ساتھ مختلف ٹی وی پروگراموں، تقریروں اور سوشل میڈیا کی پوسٹس بھی منسلک کی گئی ہیں اور ان کی وضاحت مانگتے ہوئے کہا گیا ہے ”کیونکہ ‎ان تمام بہتانوں میں آپ کی تحریر کا نہ صرف حوالہ ہے بلکہ آپ اس کو ریٹویٹ بھی کرتی رہی ہے۔“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close