پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی چیلسی فٹ بال کلب خریدنے کی دوڑ میں شامل

نیوز ڈیسک

کراچی – اطلاعات ہیں کہ پاکستان کی کاروباری شخصیت اور پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی انگلش فٹ بال کلب چیلسی ایف سی کو خریدنے کی دوڑ میں شامل ہیں

اس بات کا انکشاف ہسپانوی کھیلوں کی ویب سائٹ سوئے میدریدستا نے بدھ کو اپنی ایک ایک ٹویٹ میں کیا

چیلسی فٹ بال کلب کے روسی مالک رومن ابرامووچ نے مبینہ طور پر چیلسی ایف سی کو فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے

رپورٹس کے مطابق ابرامووچ نے کلب کو فروخت کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیوں کہ گذشتہ ہفتے ماسکو کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد پریمیئر لیگ کی فرنچائز کے روسی مالک کے طور پر ان کی پوزیشن پر دباؤ بڑھ گیا تھا

خلیج ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کی فرینچائز پشاور زلمی کے مالک آفریدی اب دنیا کے سب سے بڑے فٹ بال کلبوں میں سے ایک خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں

ذرائع نے خلیج ٹائمز کو تصدیق کی کہ اس حوالے سے آفریدی کی برطانوی حکام سے ایک ملاقات ہو چکی ہے

خلیج ٹائمز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ جاوید آفریدی کی ٹیم نے بدھ کی سہ پہر کو برطانیہ میں کھیلوں اور قانونی ایجنسی کے ساتھ ملاقات کی۔ یہ سرمایہ کاروں کا ایک گروپ ہے، جو چیلسی فٹ بال کلب خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں

رپورٹ کے مطابق: ’وہ سمجھتے ہیں کہ فٹ بال میں سرمایہ کاری کرنے کا یہ صحیح وقت اور موقع ہے۔ (برطانیہ میں متعلقہ حکام) چاہتے ہیں کہ ایشیا سے کوئی آکر اس میں سرمایہ کاری کرے۔ وہ ابھی ان کے ساتھ بات چیت کر رہے ہیں۔‘

جبکہ جاوید آفریدی نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اُردو سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ سعودی عرب اور برطانیہ کے سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر چیلسی کی ملکیت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

کہا جا رہا ہے کہ جاوید آفریدی اور ان کے سرمایہ کاروں کے گروپ کو سوئس ارب پتی شخصیت ہانسیورگ ویس سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جن کا دعویٰ ہے کہ ابرامووچ کی جانب سے انہیں پیشکش موصول ہوئی ہے

واضح رہے کہ دنیا کے بڑے فٹبال کلبوں میں سے ایک چلیسی کے مالک پچپن سالہ ابراموموچ روسی کاروباری شخصیت اور سیاستدان ہیں۔ وہ روسی خود مختار صوبے چوکوٹکا کے گورنر بھی رہ چکے ہیں اور صدر پوتن کے قریب خیال کیے جاتے ہیں

اُنہوں نے جون 2003ع میں انگلش فٹبال کلب چیلسی خریدا تھا اور اپنی دولت اور بہترین منصوبہ بندی کی وجہ سے کلب کو یورپ کی سب سے بڑی ٹیموں میں تبدیل کر دیا تھا

ان کے ہوتے ہوئے چیلسی نے انگلش پریمیئر لیگ پانچ مرتبہ جیتی ہے، اس کے علاوہ چیلسی نے ان کے دور میں یورپی فٹبال میں متعدد اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم سنہ 2005ع میں چیلسی نے چودہ کروڑ پاؤنڈ کے خسارے کا اعلان کیا تھا

گذشتہ سال ابرامووچ اس وقت زبردست تنقید کی زد میں آئے تھے، جب انہوں نے متنازع یورپین سپر لیگ میں چیلسی کی شمولیت کا اعلان کیا تھا

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پچپن سالہ ابرامووچ نے بدھ کے روز لوٹن میں چیلسی کی جانب سے دو کے مقابلے میں تین گول سے ایف اے کپ کے پانچویں راؤنڈ میں فتح سے ایک گھنٹہ سے بھی کم وقت پہلے اس خبر کا انکشاف کیا

رومن ابرامووچ کی جانب سے چیلسی کو فروخت کرنے کے حالیہ فیصلے کو یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے

اے ایف پی کے مطابق ابرامووچ نے مبینہ طور پر روسی صدر ولادی میر پوتن سے اپنے ذاتی اور کاروباری روابط کی وجہ سے برطانوی حکومت کی پابندیوں کی زد میں آنے کے خدشے کے پیش نظر چیلسی کو فروخت کرنے کا ارادہ کیا

چیلسی فٹبال کلب نے بدھ کی شب رومن ابرامووچ کا بیان جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے کہا ہے کہ گذشتہ چند روز سے ان کی چیلسی کی ملکیت کے بارے میں ذرائع ابلاغ میں مختلف قیاس آرائیاں جا رہی ہیں

بیان میں کہا گیا کہ اُنہوں (رومن ابرامووچ) نے اب تک جو بھی فیصلے کیے ہیں وہ چیلسی کے مفاد میں کیے ہیں اور موجودہ صورتحال میں اُنہوں نے یہی مناسب سمجھا ہے کہ چیلسی کلب کو فروخت کر دیا جائے

انہوں نے کہا کہ وہ ناقابل یقین حد تک اس مشکل نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یوکرین پر روس کے حملے کے سیاسی پس منظر میں انہیں چیلسی کو فروخت کرنا ہوگا

ابرامووچ کا مزید کہنا ہے کہ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ فیصلہ کلب، اس کے ملازمین، پرستاروں، سپانسرز اور شراکت داروں سب کے بہترین مفاد میں ہے

ابرامووچ نے یہ بھی واضح کر دیا ہے کہ چیلسی کو فروخت کرنے کا عمل فوری نہیں ہوگا بلکہ اس کے لیے طریقہ کار وضع کیا جائے گا

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ اس سلسلے میں کوئی قرضہ نہیں لیں گے کیونکہ یہ اُن کے لیے کاروبار یا پیسے کا معاملہ نہیں ہے بلکہ وہ تمام وقت کلب اور اس کھیل کے جنون میں رہے ہیں

ابرامووچ چیلسی کو چار ارب ڈالر میں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس فروخت کے بعد منافع کی رقم یوکرین کے تنازع کے متاثرین کو دینے کا عہد کیا ہے

ابرامووچ نے اپنے ساتھیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک فلاحی تنظیم قائم کریں تاکہ اس فروخت سے ہونے والی تمام آمدنی اس میں عطیہ کی جا سکے۔ اس فاؤنڈیشن سے یوکرین کی جنگ کے متاثرہ افراد کو فائدہ حاصل ہوگا۔ یہ امداد فوری طور پر اور پھر طویل المیعاد بنیاد پر بھی ہو گی

واضح رہے چیلسی کی خریداری کی دوڑ میں شامل ہونے والے چھتیس سالہ جاوید آفریدی خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت ہیں۔ اُنہوں نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کی ہے۔ وہ پاکستان میں الیکٹرانک مصنوعات کی ایک کمپنی ’ہایئر‘ کے چیف ایگزیکٹیو ہیں۔ اس کے علاوہ وہ آٹوموبائل انڈسٹری سے بھی وابستہ ہیں تاہم اُنہیں عام لوگ پاکستان سپر لیگ کی وجہ سے جانتے ہیں جس میں حصہ لینے والی فرنچائز ’پشاور زلمی‘ کے وہ مالک ہیں.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close