میرے پیارے
سلام محبت۔
اس ہفتے کا یہ دوسرا خط کہ تمہیں خوشخبری بھی تو سنانی ہے۔ ابوالقاسم تمہیں اپنا پہلا پوتا بہت بہت مبارک ہو ۔
تمہارا پوتا بالکل تمہاری تصویر ہے۔ ملتے تو تم باپ بیٹا بھی ہو مگر اس کے ماتھے پر دائیں جانب ویسا ہی من موہنا تل ہے، جس نے یونیورسٹی میں مجھے تمہاری جانب ملتفت کیا تھا۔ اللہ کی شان، ڈی این اے کی بھی کیا کیا جادو گری ہے۔ اللہ نے میری گود میں ہوبہو تمہاری تصویر مجسم کر دی ہے۔ بہو خیر سے گھر آ گئی ہے اور اس کے چہرے پہ پھیلے ممتا کے نور نے اسے مزید خوب صورت بنا دیا ہے۔ میں تو اسے نظر بھر کر دیکھتی بھی نہیں… سدا کی وہمی جو ہوئی… اب اس بات پر
بھلا ہنسنے کی کیا ضرورت ہے؟
ہوتی ہے بھئی اپنی اپنی طبیعت اور تمہیں تو اچھی طرح سے علم ہے کہ مجھے نظر گذر سے کتنا ڈر لگتا ہے۔
قاسم نے دفتر سے ایک ہفتے کی چھٹی لے لی ہے اور بالکل تمہاری طرح بیٹے کو گود میں لے کر بیٹھا رہتا ہے۔ مجھے تو وہ پرانا، سہانا وقت یاد آ گیا۔
لو باتوں میں تمہیں پوتے کا نام تو بتایا ہی نہیں۔ تمہارے پوتے کا نام حسنین ہے۔
اچھا نام ہے نا!!
کچھ یاد آیا؟
چلو جانے دو… کیا راکھ کریدنا۔ ویسے یادوں کے آسرے ہی تو یہ تھوہر جیسے دن گزارے ہیں۔ تم دعا کرنا کہ اللہ قاسم کو حسنین کی خوشیاں دکھائے۔
میری طبیعت ویسی ہے، جیسی پچھلے خط میں تحریر کی تھی، کوئی افاقہ نہیں ہے۔ گٹھیا زور پکڑ رہا ہے اور راتوں میں درد ناقابل برداشت بھی۔ تم جانو ہر درد، رات کی تاریکی و تنہائی میں جان لیوا ہی ہوتا ہے اور میرے ساتھ تو سب دردوں سے سوا درد ہجر بھی ہے۔
تم سے تو کچھ بھی چھپا نہیں ہے کہ تم میرے ہمدم اور محرمِ راز بھی ہو۔ اب میں چوتھے انجان ملک میں ہوں اور جو سچ پوچھو تو اب تھکنے لگی ہوں۔ لکھی کا تو پتہ نہیں پر خواہش اب خاک میں پیوستگی ہی کی ہے۔ اب اس بات پر ناراض مت ہو جانا!!
اچھا چلو میں کچھ نہیں کہتی۔ میں بھی واقعی سٹھیا گئی ہوں ، تمہیں پوتے کی مبارکی کا خط لکھ رہی ہوں اور کہاں یہ فضول کا دکھڑا چھیڑ بیٹھی۔ لگتا ہے مجلسی آداب سے مبرا ہوتی جا رہی ہوں، کیا کروں؟ کہیں آنا جانا بھی تو نہیں ہوتا نا۔
اچھا میری جان! اب انگلیاں درد کر رہی ہیں، باقی کا خط کل لکھوں گی۔
آہ!! ظالم فروری رخصت ہو رہا ہے۔ آج صبح میں لیونگ روم میں بیٹھی، کھڑکی کے پار تیز سے تیز تر ہوتی برف باری کو دیکھتے ہوئے حساب لگا رہی تھی کہ تمہاری شہد رنگ آنکھوں سے جام محبت پئے ہوئے اکتیس طویل برس بیت چکے ہیں۔ تمہاری آواز کو کان ترستے ہیں اور تمہارے لمس کو روم روم پیاسا۔ کبھی سرسراتی ہوا تمہاری آمد کی نوید لگتی ہے تو کبھی روشن چاند تماری دمکتی جبیں۔ مگر میرے محرما یہ فسوں کاریاں محض بند آنکھوں تک ہی مہرباں، جیسے ہی آنکھیں کھلتی ہیں، حقیقت کی تلخی آنکھوں میں ٹھیکرے کی طرح چبتی ہے۔ میرے محبوب، تمہاری اس نشانی کی حفاظت کی خاطر، پناہ کی تلاش میں قریہ قریہ بھٹکتے ہوئے، میں صحرا نشین اس برف زار
میں آ گئی ہوں۔
آج کی عجیب روداد سنو ۔
ہمیشہ قاسم مجھ سے تمہارا احوال لیتا تھا اور میں، تمہاری وہ کہانی، جو ادھر ادھر سے سنی سنائی تھی، اسے سنا دیا کرتی تھی۔ حقیقت سے میں ہمیشہ آنکھیں چرایا کرتی تھی کہ اسے ماننے کو دل راضی نہیں تھا ۔ کیسے مان لیتی؟
مان لیتی تو امید کا دیا کیسے روشن رکھتی؟ کیسے جیتی؟ میری سانسیں اور تمام کوششیں تمہاری واپسی ہی سے تو مشروط رہیں ہیں۔ آج تمہارا بیٹا قاسم ، حسنین کو تمہاری اصلی کہانی سنا رہا تھا۔
ہم کتنے خوش تھے اکٹھے۔ ابھی تو ٹھیک سے ایک دوسرے کو کھوجا اور جانا بھی نہیں تھا کہ طبل جنگ بج گیا۔ جنگ کتنی فضول چیز ہوتی ہے، اور وہ تو جنگ تھی بھی نہیں، محض حرص اور جاہ و جلال کی کرشمہ سازی تھی ۔ تم عراقی فوج میں کپتان تھے
سو تمہارا جانا ٹھہر چکا تھا۔ اس وقت قاسم نے چلنا شروع نہیں کیا تھا، بس سہارے سے کھڑا ہوتا تھا۔ میں کیسے بھول سکتی ہوں اس دھار دار جدائی والی صبح سیاہ کو، سترہ جنوری 1991 کی قیامت خیز تاریخ ، جب تم وطن سے وفا نبھانے کے لیے سرحدوں پر چلے گئے تھے۔ صدام نے کویت پر حملہ کر دیا تھا۔ ارزاں تیل کے لیے قیمتی ترین خون بہا دیا، ماؤں کے لعل اور سہاگنوں کے سہاگ اس بے وقعت تیل پر وارے گئے، خاکستر کر دیے
گئے… موقع غنیمت جانتے ہوئے مدت سے رال ٹپکاتی، بڑی طاقتیں اپنے جدید ترین اور
بے پناہ آتشیں اسلحے سے لیس، اپنے حواریوں سمیت عراق پر چڑھ دوڑیں۔ کویت سے انہیں بھلا کیا ہی ہمدردی ہونی تھی؟
ہاں البتہ ان قیمتی ذخائر پر قابض ہونے کے لیے امریکا اپنے انتالیس حواریوں سمیت اکیلے عراق، کو مزا چکھانے میدان میں اترا اور صدام کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے ایک تیر سے دو شکار کھیلے کہ ان لٹیروں کا مقصد دونوں ملکوں کی دولت و ذخائر ہتھیانا ہی تو تھا۔ لہٰذا کویت کو تقریر سے اور عراق کو تیر سے زیر کیا۔ کُل بیالیس دن جنگ چلی اور بادِ سموم کی طرح جانے کتنے نخلستان ویران کر گئی۔ لا محدود تباہی کے بعد جنگ بندی ہوئی اور چھبیس، ستائیس فروری کی رات کو عراقی فوجیوں کی کویت سے واپسی شروع ہوئی۔ اس سے پہلے ہی کویت میں پھنسے ہوئے عراقی اور دوسرے ملکوں کے شہری اور خاص طور پر فلسطینی وہاں سے پناہ کے لیے عراق کا رخ کر رہے تھے۔
”ہائی وے اَسّی ٨٠“ کھچا کھچ بھری ہوئی تھی۔
میں جنگ بندی کی خبر سے بہت خوش تھی کہ میرا محبوب دوبارہ میری بانہوں میں ہوگا۔ اس کا ساتھ گویا باغ عدن کی سیر تھی۔ میں مہندی گھول چکی تھی اور ماں کے ساتھ مل کر پکوان پکانے میں مصروف تھی۔ شکست و جیت کی بحث سے مبرا، ہم تمام عورتیں خوش تھیں اور اپنے جان سے پیاروں کے استقبال کے لیے چشم براہ ۔
وقت کاٹے نہیں کٹ رہا تھا، میری خوشی اس لیے بھی دونی تھی کہ اسی دن قاسم نے پہلا قدم اٹھایا تھا۔ مجھے تمہاری واپسی اور خوشیوں کا تصور ہی نہال کر رہا تھا۔
ہائی وے اَسّی، فوجیوں اور عام شہریوں کی گاڑیوں، فوجی ٹرک، جیپ اور ٹینکوں سے بھری ہوئی تھی۔ اس رات اس شاہراہ پر امریکا اور اس کے حواریوں نے فضائی حملہ کر دیا۔ بے تحاشہ کلسٹر بم برسائے۔ کسی کے لیے بھی سنبھلنے اور بچنے کا موقع ہی نہیں تھا۔ رات بھر بمباری جاری رہی۔ جب بمباری رکی تو امریکی اور اس کے حواریوں کی پیدل فوج نے میدان سنبھال لیا۔ پتہ بھی ہلتا تو اس کے جواب میں فائر کی بوچھاڑ اس کا مقدر ہوتی۔ ان ظالموں نے اس چھ لین کی جیتی جاگتی ہائی وے کو شاہراہِ موت، طریق الموت میں تبدیل کر دیا۔ وہاں زندگی سسکتی رہی اور موت کا وحشیانہ رقص جاری رہا۔ مرنے والوں کی درست گنتی کبھی منظر عام پر آئی ہی نہیں۔
اس شاہراہِ پہ ہزاروں دل سو گئے اور لاکھوں آنکھیں بجھ گئی۔ ان کے پیچھے جو سوگوار بچے وہ اپنوں کی جدائی میں مردے سے برتر جئے۔ میں نے بھی دل کے بہلاوے کو تمہیں جنگی قیدی مان لیا مگر تم کسی بھی فہرست میں نہ تھے۔ بس صرف ایک میرا قرطاس دل ہی تھا، جہاں تم رقم تھے اور ہو۔ پھر زندگی صعوبتوں کی نظر ہوئی کہ عراق پر معاشی پابندیوں نے اس کے شہریوں کی زندگیاں درگور کر دیں۔ میں بے بس و بے اماں قاسم کے ساتھ پناہ کی تلاش میں در بدر بھاگتی رہی۔ میری جان!! میں نے طویل اکتیس سال، آبلہ پائی کا سفر تمہارے بغیر کاٹا ہے۔ بالکل حبس بے جا کے طور پر، جہاں گھڑیاں، گھڑیاں نہیں بلکہ صدیاں بن کر گذری ہیں اور میں نے انہیں اپنی جاں ناتواں پر جھیلا ہے۔ تنہا اس بے درد دنیا میں تمہاری امانت کی آبیاری و حفاظت کی ہے..
سنہ دو ہزار کے بعد اس رات کی بربریت کلی طور پر دنیا کے سامنے آئی۔ اب تو خیر سب ہی کچھ الم نشرح ہے اور دنیا دکھاوے کو غلطی کے اعتراف کا ڈرامہ بھی رچا لیا گیا ہے۔ مگر میرے مونس و ہمدم یہ اعتراف ہم جیسوں کے کس کام کا؟
اس رات جن پیاروں کے غنچہ تن کلسٹر بم سے چیتھڑے بن کر اڑے اور جو ٹینکوں اور ٹرکوں میں بیٹھے بیٹھے سوختہ ہو گئے، وہ اب کہاں؟ اس جنگ میں جو لوگ لقمہ اجل ہوئے، کیا ان کا کوئی بدل ہے…؟ اس ناسور کا کوئی مداوا ہے…!؟
اب تو شاید اس جنگ کا ایندھن بننے والوں کی راہیں تکنے والی انگنت آنکھیں بھی موندی جا چکی ہوگی اور اب تک تو ان کے منتظر محبتوں سے لبریز دل بھی دھڑک دھڑک کر خاموش ہو چکے ہوں گے کہ وہ خطۂ زمین اپنے حصے کی قیامت بھگت چکا۔
میرے حبیب!! اب تو میرے دل پر تمہارا ٹھکانہ القا ہے اور یقین کرو میرے محرم، کہ جدائی کے دن بھی تھوڑے ہی باقی رہ گئے ہیں…
اللہ نگہبان
فقط تمہاری اور صرف تمہاری
ام قاسم۔